پوری کا ئنات اللہ تعالیٰ کا نور ہے وہ موجود ہے کا ئنات کے ہر ذرے میں لیکن اس کی یہ موجودگی ذرے کو خدا نہیں بناتی بلکہ ذرے کو جو وجود عطا ہوتا ہے اس وجود کی نشاندہی وہ ذات کر رہی ہوتی ہے یعنی ذرے سے وہ پہچانا جا سکتا ہے کسی بھی شے کے پاس اپنا وجود نہیں ہے اس کو وجود اگر عطا ہوتا ہے تو وہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ جل شانہ کی ذات سے ہوتا ہے۔ اس کے وجود کا عطا ہونا اور اس کے وجود کا ہونا اظہا ر ذات ہے اس کا نور ہے جس کی بناء پر ہر چیز تشکیل پاتی ہے اور ہر چیز اپنی کوئی نہ کوئی ایسی خاصیت رکھتی ہے جسے اس کی فطرت بھی کہا جا سکتا ہے۔ قرآن عظیم الشان میں اللہ تعالیٰ جل شانہ فرماتا ہے کہ اللہ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند کرتا ہے۔ وہ کسی بدصورت شے کو کیسے تخلیق کر سکتا ہے؟ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس نے جو کچھ بھی بنایا جو کچھ بھی تخلیق کیا وہ انتہائی خوبصورت ہے پھول کا حسن اس کی خوشبو اس کا رنگ اس کی لطافت اگر ہو سکتا ہے تو پھر کانٹے کا حسن کیا ہوگا ؟ کیونکہ بنانے والا تو ایک ہی ہے جس طرح پھول کی خوشبو اور اس کی نزاکت اور اس کا رنگ اس کی خوبصورتی کی علامت ہے۔ اسی طرح کا ناجتنا تیکھا ہو اتنا ہی خوبصورت ہے کہنے والے تو یہ کہتے ہیں کہ خوبصورتی انسان کی آنکھ میں ہوتی ہے لیکن جو خالق ہے وہ یہ کہتا ہے کہ میں خوبصورتی کو پسند کرتا ہوں۔ تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ اس نے کوئی شے بدصورت بھی بنائی ہو۔ یہ خوبصورتی اور بدصورتی کا پیمانہ انسان کا اپنا ہے اور اس میں بہت سارے پہلو چھپے ہوئے ہیں جن پر فی الحال بحث نہیں مان کی جاسکتی بس اتنا سمجھ لیجئے کہ کائنات کی ہر شے میں اللہ ہی کا نور جلوہ گر ہے کسی شے کا اپنا وجود نہیں ہے ہر شے کا ظاہر کرنا اس کے اختیار میں ہے اور یہ ایک بہت بڑی حقیقت ہے
کہ جو شخص ظاہر میں اللہ کے نور کا مشاہدہ نہیں کر سکتا ، وہ باطن میں بھی نہیں دیکھ سکتا۔ اور ظاہر کو دیکھنے کے لیے بھی جب تک اللہ تعالیٰ جل شانہ کسی کے دل سے حجاب اٹھا نہیں دیتا کوئی ظاہر میں بھی اس کے نور کو نہیں دیکھ سکتا۔ یعنی ظاہر میں باطن پوشیدہ ہے ظاہر کو دیکھنے والا بھی اس وقت تک پورا ظاہر نہیں جان سکتا جب تک اس کی عطا نہ ہو۔ یہ اسم جلالی ہے اس کے اعداد 1106 ہیں اس کے مقرب فرشتے کا نام حضر ائیل ہے جس کے ما تحت 4 افسر فرشتے ہیں اور ہر افسر فرشتے کے پاس 1106 صفیں ہیں اور ہر صف میں 1106 فرشتے ہیں۔ جب کوئی عامل اس اسم پاک کا ذکر کرتا ہے تو فرشتوں کی دنیا میں ہلچل پیدا ہوتی ہے اور کئی ہزار فرشتے اللہ کے حضور سربسجود ہو کر عامل کے لیے اذن خیر مانگتے ہیں۔
جناب حضرت امام بوئی فرماتے ہیں کہ اس اسم کو کثرت سے پڑھنے والے پر چھپی ہوئی باتیں ظاہر ہو جاتی ہیں اگر کسی جگہ خزانہ مدفون ہو اور اس کا پتہ نہ چلتا ہو تو اس اسم کو اس مقام کے قریب جہاں گمان ہو کہ خزانہ موجود ہے اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ(یا ظاھر) 2300 مرتبہ 11 دن کے لیے پڑھے ان شاء اللہ ان 11 دنوں میں خواب میں یا دل میں جہاں خزانہ موجود ہو گا اس کا اشارہ مل جائے گا۔
اگر کسی شخص کے گھر سے کوئی بچہ بھاگ گیا ہو یا گم ہو گیا ہو، اسی طرح کوئی بڑا اگر گھر سے ناراض ہو کر چلا گیا ہو تو یہ عمل اتنا پر تاثیر ہے کہ راقم نے 72 گھنٹوں میں گمشدہ لوگوں کو واپس آتے ہوئے دیکھا ہے جس شخص کے ہاں سے کوئی بچہ یا بڑا غائب ہو گیا اور اس کا پتہ نہ چلتا ہو تو چاہئے کہ قبلہ رخ بیٹھ کر ایک سفید کاغذ پر سب سے اوپر بسم اللہ لکھے چاروں کونوں میں اس کے موکل کا نام لکھے اور ایک دائرہ بنا کر اس میں گمشدہ شخص کا نام بمعہ اس کی والدہ کا نام لکھ کر اس دائرہ کے ارد گرد 21 مرتبہ اس اسم پاک(یا ظاھر) کو لکھ کر اور کسی درخت کے ساتھ تعویذ بنا کر لٹکا دے اس طرح کہ جب ہوا چلے تو وہ نقش ہلتا رہے دوسرے دن بھی یہی عمل کرے اور اگر گمشدہ کا سراغ نہ ملے تو تیسرے دن بھی اس عمل کو دہرائے اس طرح تین نقش جب باندھ دیئے جائیں گے تو اس کے بعد غائب شخص کے واپس نہ آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ اتنا بڑا عمل ہے کہ راقم نے سے آج تک نا کام ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔ جب بچہ یا بڑا گھر واپس آ جائے تو دو نفل شکرانے کے اللہ کے حضور ادا کرے اور کوئی میٹھی چیز بچوں میں تقسیم کرے۔
اگر کسی کی کوئی قیمتی شے گم ہو گئی ہو اور اسے پتہ نہ چلتا ہو کہ وہ اپنی قیمتی شے کہاں رکھ بیٹھا ہے تو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ بعد از نماز عشاء قبلہ رو ہو کر 777 مرتبہ پڑھے عمل کی مدت 7 دن یا 11 دن ہے ان 7 یا 11 دنوں میں وہ گمشدہ شے ضرور مل جاتی ہے یہاں تک کہ اگر چوری بھی ہوگئی ہو تو بھی اللہ تعالی کے اس پاک نام کی برکت سے وہ شے اپنے اصل مالک کے پاس واپس پہنچ جاتی ہے۔
آنکھوں کے یہ دو امراض بہت عام ہیں اور اکثر اس کے لیے آپریشن اور بہت ساری ادویات لینا پڑتی ہیں۔ میں یہ تو نہیں کہتا کہ یہ طریقہ علاج درست نہیں ہے لیکن میں صرف یہ کہتا ہوں کہ جو شخص علاج کرانے کی طاقت نہ رکھتا ہو۔ مہنگے اخراجات برداشت نہ کر سکتا ہو اسے چاہئے کہ اپنے یقین اور ایمان کو کامل کر کے اس اسم پاک کو اول و آخر 21 مرتبہ درود پاک کے ساتھ روزانہ(یا ظاھر) 2000 مرتبہ 40 دن پڑھے اور سرمہ لے کر اس پر دم کرے۔ روزانہ سرے کی ایک ایک سلائی دونوں آنکھوں میں ڈالے۔ عمل پورا ہونے پر دو نفل شکرانہ پڑھے۔ کسی اچھے معالج سے آنکھوں کا معائنہ کروائے۔ یہ جان کر اس کا ایمان اللہ پر اور پختہ ہو جائے گا کہ مرض ختم ہو چکا ہے۔
جس شخص کی آنکھوں کا نور کم ہو رہا ہو۔ بینائی ساتھ چھوڑ رہی ہو اور وہ صحیح طرح سے دیکھ نہ سکتا ہو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک کو روزانہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 1100 مرتبہ(یا ظاھر) پانی پر دم کرے اور وہ پانی کسی کیاری میں لے جا کر اپنی آنکھوں پر چھینٹے مارے۔ پانی کسی گندی جگہ پر نہیں گرنا چاہئے۔
زمیں آسمان ہر جگہ پر اللہ ہی ظاہر ہے ۔ یہ اسم مبارک(یا ظاھر) ارباب مکاشفات کا ذکر ہے۔
اس اسم مبارک کو مسلسل ورد کرنے سے اللہ تعالیٰ بندے کو سماوی آفات بلاؤں اور مصائب سے بچائے رکھتا ہے
تعمیر شدہ مکان کو لوگوں کی نظر بد سے بچانے کے لیے یہ عمل انتہائی مفید ہے جب مکان کی تعمیر مکمل ہو جائے تو اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ گیاره دن روزانہ(یا ظاھر) 1106 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کر کے دیواروں پر چھڑک دے ان شاء اللہ مکان لوگوں کی نظر بد سے محفوظ رہے گا اور ناگہانی آفات سے بھی بچا رہے گا۔ میرے نا نا پیر فضل شاہ قادری قلندری المعروف سائیں روڑاں والی سرکار فرماتے ہیں کہ اگر مکان تعمیر کرنا ہو تو اس کی بنیادوں کو شروع کرتے ہوئے پہلی اینٹ پر اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 1106 مرتبہ پڑھ کر اور اس اینٹ پر انگلی سے یا ظاہر لکھ کر اسے بنیادوں میں لگا دیا جائے ایک تو تعمیر کا کام تیزی سے مکمل ہوگا اور دوسرا اس مکان پر کوئی نا گہانی آفت نہیں آئے گی اور یہ مکان لوگوں کی نظر بد سے بھی محفوظ رہے گا۔
جو اپنے ظاہر اور باطن دونوں پاکیزہ ہو کرنا چاہے وہ اس اسم پاک کو یا باطن سے ملا کر (یا ظاھر) روزانه 2700 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ ایک سال تک پڑھے۔ اس کا ظاہر اور باطن درست ہو جائے گا سالکانِ طریقت کے لیے یہ عمل بے حد مفید ہے۔
اگر کوئی شخص کوئی بہت ہی قیمتی شے خریدنا چاہتا ہو اور اسے یہ پتہ نہ چلتا ہو کہ اس شے کے خریدنے میں فائدہ ہے یا نقصان ۔ تو اسے چاہئے کہ اول و آخر 21 مرتبہ درود پاک کے ساتھ (یا ظاھر) کا ورد 2100 مرتبہ طاق دنوں تک کرے یعنی 1357 اور اگر خریداری میں کچھ وقت ہو تو 21 دن یہ عمل کرے اللہ تعالیٰ خود ہی اس کے باطن کی آنکھ کھول کر اسے قیمتی شے کے خریدنے کے بارے میں نفع یا نقصان کی بابت بتلا دے گا۔ اس عمل کو کرنے سے پہلے دو نفل حاجت ضرور ادا کرنے چاہئیں اور جب شے کی حقیقت کا پتہ چل جائے تو دو نفل شکرانے کے اللہ کے حضور ادا کرنے چاہئیں۔
اگر کوئی شخص شراکت میں کاروبار کرنا چاہتا ہو اور اسے ڈر ہو کہ اس کا شریک کاروبار کہیں اسے دھوکہ نہ دے دے یا اس کے کاروبار پر قابض نہ ہو جائے۔ تو اسے چاہئے کہ ایک سفید کاغذ لے کر اس کے شروع میں بسم اللہ لکھ کر اس کے چاروں کونوں میں اس کے موکل کا نام لکھے درمیان میں ایک گول دائرہ بنا کر اپنے شراکت دار کا نام لکھے اور اس کے چاروں طرف اس اسم پاک(یا ظاھر) کو 21 مرتبہ لکھے پھر نماز عشاء کے بعد اس کی ایک تسبیح کرے اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک پڑھے اور اللہ تعالی سے دعا کرے کہ اسے اپنے شراکت دار کے بارے میں معلوم ہو ۔ لکھا ہوا کا غذ سرہانے کے نیچے رکھ کر سو جائے صورت حال واضح ہو جائے گی۔ عمل تین یا سات دن کرنا چاہئے اور ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی نے عمل کیا ہو اور صورت حال واضح نہ ہوئی ہو۔
اسم مبارک(یا ظاھر) کو روزانہ نماز اشراق کے بعد یا بروز جمعہ 500 مرتبہ پڑھنے والے کو اللہ تعالی دل میں نور عطا فرمائے گا۔
یا ظاھر کا بکثرت ورد کر کے دعا مانگی جائے تو اللہ تعالی دعا قبول فرماتا ہے۔
اگر گھر کی دیوار پر اس(یا ظاھر) اسم مبارک کو لکھ دیا جائے تو انشاء اللہ دیوار سلامت رہے گی۔
(یا ظاھر) سرمہ پرایک مرتبہ پڑھ کر آنکھوں میں لگا کر لوگوں کے سامنے جائے گا تو لوگ اس سے مہربانی سے پیش آئیں گےاور انشاء اللہ دشمن مغلوب رہیں گے۔دفع ہوں گے.
جو اس اسم پاک کا عامل بننا چاہے وہ بعد از نماز عشاء اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 4424 مرتبہ 40 دن تک پڑھے۔ عمل پورا ہونے کے بعد دو نفل شکرانہ پڑھے اور شیرینی تقسیم کرے۔ اس کے بعد تمام درج بالا فوائد کے لیے دوسروں کو اس اسم پاک کا ورد اور تعویذ دے سکتا ہے۔