اعمال اسماء الحسنیٰ

یا واحد کے اعمال

الواحد

واحد کا مطلب اس اکیلے کا ہے جو ساری کائنات کا حاکم ہے، اس جیسا کوئی نہیں ۔ واحد وہ ذات ہے جو کسی بھی کام میں کسی کی محتاج نہ ہو اور یہ صفت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے جس کا کوئی شریک نہیں ۔ وہ ہمیشہ سے تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ واحد میں ذات کے وجود کا ازل سے ابد اور ابد سے لامحدود وسعتوں تک ہونا اس کی صفت ہے۔ اس لیے اللہ جل شانہ کو واحد کہتے ہیں۔ واحد ذات کے لیے اکیلا ہونے سے مراد یہ ہرگز نہیں ہے کہ وہ کمزور ہے بلکہ اس کا مطلب ہے کہ وہ اکیلا ہی تمام صفات سے مزین ہے وہ کسی کا محتاج نہیں البتہ ہر کوئی اس کا محتاج ہے۔ وہ اپنی مخلوق کی ہر حاجت کو پورا کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ جل شانہ وہ واحد ذات ہے جس کے کرم اور فضل کی ہر کوئی تمنا رکھتا ہے۔ وہ ذات ہر ایک کو اپنے کرم وفضل سے نواز کر اسے در در پر جھکنے سے بچالیتی ہے۔ یہ اسم جلالی ہے اس کے اعداد 19 ہیں اور اس کے مقرب فرشتے کا نام یکتائیل ہے جس کے تحت 19 افسر فرشتے ہیں ہر افسر فرشتے کے پاس 19 صفیں اور ہر صف میں 19 فرشتے ہیں۔ اس کے فوائد و خواص درج ذیل ہیں

جو شخص اس پاک نام کو بلا ناغہ کثرت سے پڑھتا ہے اس کے دل سے دنیا کی محبت نکل جاتی ہے اور اس کا ایمان خدائے واحد پر مستحکم ہو جاتا ہے ایسے شخص میں سب سے بڑھ کر یہ خوبی پیدا ہو جاتی ہے کہ وہ خدا کے سواء کسی کو اپنا دوست اور مہربان نہیں سمجھتا۔ اس میں صبر اور شکر کرنے کا جذبہ پیدا ہو جاتا ہے۔ قلب بیدار ہو کر اس اسم کے ذکر میں مصروف ہو جاتا ہے۔ یاد الہی اس پر حاوی ہو جاتی ہے۔ کوئی بھی دکھ تکلیف، رنج یا مصیبت اسے محسوس نہیں ہوتی ۔ اللہ کی رضا میں راضی ہو کر شاکر رہتا ہے۔ حضور میراں محی الدین شیخ عبد القادر جیلانی درس دے رہے تھے کہ ایک شخص نے آ کر انھیں بتلایا کہ وہ جہاز جو آپ کا سامان تجارت لے کر آ رہا تھا ڈوب گیا ہے آپ نے اللہ کا شکر ادا کیا اور دوبارہ درس دینے میں مصروف ہو گئے۔ تھوڑی دیر گزری کہ ایک اور آدمی آیا اور اس نے بتلایا کہ آپ کا جہاز جس میں آپ کا تجارتی سامان تھا وہ لنگر انداز ہو چکا ہے کوئی اور جہاز ڈوبا ہے۔ آپ نے پھر اونچی آواز میں اللہ کا شکر ادا کیا اور دوبارہ درس دینے لگ گئے ۔ اتنے میں ایک شخص نے اٹھ کر آپ سے سوال کیا کہ جناب جہاز کے لنگر انداز ہونے کی خبر پر تو اللہ کا شکر ادا کرنا سمجھ میں آتا ہے لیکن جہاز کے ڈوب جانے پر شکر ادا کرنا سمجھ نہیں آیا۔ آپ نے ارشاد فرمایا کہ میں نے نہ تو جہاز ڈوبنے پر اور نہ ہی اس کے لنگر انداز ہونے پر شکر ادا کیا ہے۔ بلکہ میرے شکر کا عالم یہ ہے کہ جب میں نے یہ خبر سنی کہ جہاز ڈوب گیا ہے تو میں نے اپنے قلب کی طرف دیکھا کہ کہیں اس کو رنج تو نہیں ہوا پتہ چلا کہ دل تو یاد الہی میں مصروف ہے اس پر اس واقعے کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ اور پھر جب جہاز کے بچ جانے کی اطلاع آئی تو میں نے دل کی طرف دیکھا کہ کہیں اسے خوشی تو نہیں ہوئی۔ مجھے معلوم ہوا کہ دل تو بدستور یاد الہی میں مصروف ہے اسے خوشی نہیں ہوئی۔ دل کی اس کیفیت پر میں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے کہ اس نے میرے دل کو اپنے سوا ہر چیز سے بے نیاز رکھا ہوا ہے۔ یہ وہ کیفیت ہے جو صرف ان لوگوں کے دلوں میں پیدا ہوتی ہے جنھوں نے اللہ تعالیٰ کو راضی کیا ہوتا ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کی بندگی میں دنیا سے بے نیاز ہو جاتے ہیں نہ نفع کی خوشی اور نہ نقصان کا غم ۔

جو شخص عالم خواب میں اللہ تعالیٰ جل شاعہ کو دیکھنے کا شوق رکھتا ہو اور اس کے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت موجیں مار رہی ہو تو ایسے شخص کو چاہئے کہ کسی بھی نماز کے بعد بہتر ہے نماز عشاء کے بعد اس اسم پاک کو روزانہ 3125 مرتبه اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے اس کے دل میں نہ صرف حب الہی پیدا ہو گی بلکہ اسے خواب میں اللہ تعالیٰ کے نور کا جلوہ نظر آئے گا۔ حضور پیر فضل شاہ قادری قلندری اپنے ملفوظات میں فرماتے ہیں کہ جو شخص روزانہ اس اسم پاک(یا واحد) کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 1000 مرتبہ روزانہ 40 دن تک پڑھے تو اس کے دل سے تمام مخلوقات کی محبت نکل جائے گی اور اللہ کی محبت پیدا ہو گی اور دیدار الہی نصیب ہوگا۔

جو مرد اور عورت اولاد نرینہ کی خواہش رکھتے ہوں ان کو چاہئے کہ حمل ٹھہرنے کے بعد بچے کی پیدائش تک اس اسم پاک(یاواحد) کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 1900 مرتبہ روزانہ پڑھے اور ہر دفعہ پڑھنے کے بعد اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اولاد نرینہ کے لیے التجا کرے ان شاء اللہ بیٹا پیدا ہو گا ۔ میرے نا نا پیر فضل شاہ قادری قلندری فرماتے ہیں کہ جو میاں بیوی اولاد نرینہ کی خواہش رکھتے ہوں انھیں چاہئے کہ روزانہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 120 دن تک 1100 مرتبہ روزانہ پڑھے اور پڑھنے کے بعد دو نفل حاجت کے ادا کرے ۔ 120 دن کے بعد اس عمل کو گاہے بگاہے پڑھتے رہیں اور بیوی اگر پڑھنے کے لائق نہ ہو یا اسے کوئی تکلیف ہو تو میاں کو چاہئے کہ روزانہ 21 مرتبہ اس اسم پاک کو پڑھ کر پانی پر دم کر کے اپنی بیوی کو پلائے ان شاء اللہ بیٹا ہو گا۔ بچے کی پیدائش کے بعد میاں مسجد میں دو نفل شکرانہ ادا کرے اور غرباء میں کھانا تقسیم کرے۔ ان شاء اللہ بچہ نیک اور عمر دراز کا حامل ہوگا۔

اگر کسی شخص کو یہ خوف ہو کہ اس کے دشمن اسے مغلوب کر لیں گے یا اس کے ساتھ کوئی برائی کریں گے اس کے مال و دولت چھین لیں گے تو ایسے شخص کو چاہئے کہ اس اسم پاک(یاواحد) کو 707 مرتبہ روزانه اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 41 دن پڑھے۔ گھر سے نکلتے وقت 5 مرتبہ اسم پاک کا ورد کر کے ہاتھوں پر پھونک مارے اور اپنے چہرے اور جسم پر ہاتھوں کو پھیر لے۔ ان شاء اللہ ساری زندگی دشمنوں کا خوف اس کے قریب نہیں بھلکے گا اور نہ ہی دشمن اسے کوئی نقصان پہنچا سکے گا۔

جس شخص کو آفات اور بلاؤں کا ڈر ہو اور وہ چاہتا ہو کہ اللہ تعالی اسے ناگہانی آفات اور بلاؤں سے محفوظ رکھے تو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک(یاواحد) کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 777 مرتبہ 70 دن تک پڑھے اور ہر سال کے شروع میں یہ عمل دہرائے ان شاء اللہ ساری زندگی نا گہانی آفات اور بلاؤں سے محفوظ رہے گا۔

جس شخص کو برے خیالات آتے ہوں اور وہ ان کی وجہ سے بے چین رہتا ہو۔ اسے چاہئے کہ سب سے پہلے دو نفل حاجت کے ادا کرے اور نیت میں یہ بات شامل کرے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی پناہ چاہتا ہے۔ اس کے بعد اس اسم پاک(یاواحد) کو 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 40 دن پڑھے۔ ان شاء اللہ برے اور فاسد خیالات ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائیں گے۔ شروع میں خیالات کی بھر مار ہو گی ایسے میں گھبرا کر عمل کو چھوڑنا نہیں چاہئے تقریباً 5 تا 7 دنوں کے بعد خیالات کی تیزی دم توڑ جائے گی اور سکون نصیب ہوگا بس اس عمل میں یہی ایک نقطہ ہے شروع میں خیالات پہلے سے کئی گنا زیادہ آتے ہیں اور عامل گھبرا کر اپنا وظیفہ ترک کر دیتا ہے اس غلطی سے بچتے ہوئے وظیفے کو مکمل کرنا چاہئے ۔ ان شاء اللہ پڑھنے والا برے خیالات سے محفوظ رہے گا۔

اگر کسی شخص کو اپنے دشمن کا خوف ہو اور وہ اسے مقہور کرنا چاہتا ہو تو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک (یا واحد) کو اول و آخر 21 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 777 مرتبہ روزانہ 40 دن پڑھے۔ عمل ختم ہو جانے پر اللہ کے حضور شکرانے کے دو نفل پڑھے اس کے بعد شیرینی بچوں میں تقسیم کرے۔ ان شاء اللہ اسے دشمن کے مقہور ہونے کی خبر جلد مل جائے گی۔

جو شخص اس اسم پاک کا عامل بننا چاہے اسے چاہئے کہ پاک وصاف جگہ پر بیٹھ کر اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 707 مرتبہ 40 دن پڑھے۔ جب عمل پورا کر چکے تو اللہ کے حضور دو نفل شکرانے کے ادا کرے اور کوئی میٹھی چیز بچوں میں تقسیم کرے۔ ان شاء اللہ اس اسم پاک کا عامل بن جائے گا۔