نقوش اسماء الحسنیٰ

يَا سَلامُ کے اعمال و نقش

يَا سَلامُ کے اعمال و نقش

اسم پاک یا سلام الف کے ساتھ اور الف کے بغیر بھی لکھا جاتا ہے۔ اس کے اعداد 131 ہیں اور اس کے موکل کا نام روعائیل ہے۔ اس کے تحت چھ موکل ہیں۔ موکلین سے مراد اللہ تعالیٰ جل شانہ کے برگزیدہ فرشتے ہوتے ہیں۔ یہ حضرت جبرئیل امین کے زیر اثر ہوتے ہیں۔ جب انسان اللہ تعالیٰ جل شانہ کے صفاتی ناموں میں سے کسی کا ورد کرتا ہے تو اس ورد کی بدولت ان مخصوص فرشتوں کو غذا پہنچتی ہے اور وہ پڑھنے والے کے شکر گزار ہو کر اللہ تعالیٰ جل شانہ سے اس شخص کی حاجت روائی کا اذن لیتے ہیں اور اس وقت تک اپنا سر سجدے میں سے نہیں اٹھاتے جب تک اللہ تعالیٰ جل شانہ ان کو اس عامل کی حاجت روائی کا اذن نہیں دے دیتے۔

قوت حافظہ اور ذہن کو تیز کرنے کا عمل 

جو شخص چاہے کہ اسے علم عطا ہو اس کے ذہن میں تیزی اور قوت حافظہ میں بہتری آ جائے تو اس کو چاہئے کہ بعد نماز فجر اول و آخر 7 بار درود پاک کے ساتھ 1000 مرتبہ یا ) سلام پڑھے ان شاء اللہ چند ہی دنوں میں اس کی قوت حافظہ بہتر ہو جائے گی اور علم کی طرف توجہ بڑھ جائے گی۔ یہ عمل 21 سے 40 دن جاری رکھا جائے۔

لا علاج بیماریوں کے لیے 

ایک مجرب عمل اگر کوئی شخص لا علاج بیماری میں مبتلا ہو تو مرض شدید میں مریض کے سرہانے بیٹھ کر اس طرح تسبیح پڑھیں کہ تسبیح مریض کے سرے میں ہوتی رہے۔ جب تسبیح پڑھ لے تو مریض کے تکیہ کے نیچے رکھ دیں۔ یہ عمل روزانہ وقت مقرر پر کرنا پڑے گا ۔ 3 تا 11 دنوں میں مکمل ہوگی اور افاقہ پہلے دن سے ہی شروع ہو جائے گا۔ اس عمل میں عامل کو یا اللہ یا سلام پڑھنا ۔ پڑے گا اور اس کی تعداد 167 ہو گی ، اول و آخر 11 مرتبہ درود شریف پڑھنا ضروری ہے۔ 

برائے قضائے حاجات 

جس شخص کی کوئی حاجت ہو تو اسے چاہیے کہ گوشہ خلوت میں بیٹھ کر نصف شب دو رکعت نماز ادا کرے اور حضور قلب کے ساتھ سلام قول من رب رحیم 313 مرتبه اول و آخر سات مرتبہ درود پاک پڑھے تو جو بھی حاجت ہوگی وہ ان شاء اللہ العزیز سات دنوں میں پوری ہو گی ۔ یا سلام وہ بابرکت اسم الہی ہے کہ جس کے پڑھنے سے انسان پر منڈلاتے ہوئے خطرات کے بادل ہمیشہ کے لیے چھٹ جاتے ہیں اور اس کو پڑھنے والا ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رہتا ہے۔ یہ حفاظت اور امن کا اسم ہے۔

فحش گوئی، بداخلاقی اور بری عادات سے محفوظ رہنے کے لیے

 اگر کوئی شخص فحش گو، بد اخلاق اور بری عادات میں مبتلا ہو تو چاہیے کہ اس اسم پاک کو 313 مرتبہ پڑھ کر اس شخص کو پانی پر دم کر کے 7 دن تک پلایا جائے ۔ یقینی طور پر اس کی بری عادات چھوٹ جائیں گی۔

علم حاصل کرنے کے لیے

 اگر کوئی شخص علم حاصل کرنے کا شوق رکھتا ہو مگر اس کی کندذہنی اور حافظہ میں کمی اس کے شوق میں حائل ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اس اسم مبارک کو 313 مرتبه بعد از نماز فجر . اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھے تو ان شاء اللہ العزیز اس کا حافظہ تیز ہوگا۔ علم کے لیے اس کے اندر قوت جازبہ پیدا ہوگی اور وہ بکثرت علم حاصل کرے گا۔ یہ یا سلام عمل شروع کرنے سے پہلے چاہیے کہ کوئی میٹھی چیز اپنے پاس رکھیں جب عمل ختم ہو تو اس میٹھی چیز پر پھونک مار کر اسے کھالیں اس عمل کی معیاد 41 دن ہے۔

برائے قضائے حاجات 

کوئی شخص اگر انتہائی تکلیف میں ہو، حاجت جائز ہو اور دنیاوی رکاوٹیں اس کے آڑے آرہی ہوں اور حاجت پوری ہونے کی کوئی صورت نظر نہ آتی ہو تو چاہیے کہ بعد از نماز فجر اس مبارک اسم کو گیارہ سو مرتبہ پڑھے۔ اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھے، اللہ تعالی عز و جل شانہ کے فضل و کرم سے ابھی گیارہ دن بھی نہ گزریں گے کہ اس کی حاجت پوری ہونے کے آثار پیدا ہو جائیں گے اور گیارہ دن کے بعد اس کی حاجت پوری ہو جائے گی۔

نفسیاتی بیماریوں اور وسواس کا علاج

اس مبارک اور مظاہر اسم کو کسی پاک برتن میں زعفران سے لکھ کر ( برتن چینی کا یامٹی کا ہو سکتا ہے یا دھات بھی استعمال کی جاسکتی ہے ) چالیس دن مریض کو پلایا جائے تو اس کی تمام نفسیاتی بیماریاں دور ہو جاتی ہیں اور اللہ تعالیٰ جل شانہ اسے وسواس سے محفوظ رہے رکھے گا۔

یا سلام کا نقش 

 یہ نقش اتنا سریع التاثیر ہے کہ آج تک جتنے لوگوں نے بھی اسے استعمال کیا ان کے دل کی مرادیں پوری ہوئیں ۔ اس اسم کا نقش پاس رکھنے سے دینی اور دنیاوی مقاصد حاصل ہوتے ہیں، مشکلات ختم ہو جاتی ہیں، مہمات سر ہوتی ہیں اور انسان تمام حادثات اور آفات سے محفوظ رہتا ہے۔ کوئی شخص اگر یہ چاہے کہ وہ بھی اس سلام نقش کو دوسروں دے سکے تو اس کی سب سے پہلی شرط نماز اور روزہ کا پابند ہونا اور نقش کا کسی سے کوئی معاوضہ نہ لینا ہے۔ یعنی اس نقش کو فی سبیل اللہ دیا جائے گا تو اس کی تاثیر ہو گی۔ اس نقش کو زعفران اور عرق گلاب سے لکھا جائے اور 40 عدد نقش نماز عشاء میں وتروں سے پہلے لکھے جائیں۔ وتر ادا کرنے کے بعد نقوش کو آنے کی چالیس گولیاں بنا کر رکھ لیا جائے ۔ نماز فجر کے بعد ان گولیوں کو دریا میں بہا دیا جائے اس طرح یہ عمل چالیس دن ضروری ہے۔ اکتالیسویں دن اس اسم مبارک کو 131 مرتبہ بمعہ اول و آخر پانچ مرتبہ درود پاک پڑھ کر کسی میٹھی چیز پر نیاز لے کر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت اقدس میں پیش کر دیا جائے۔ اس کے بعد یہ نقش پرتاثیر ہو جائے گا۔ راقم کو اس کی اجازت گھر سے ملی ہے اور یہ اجازت راقم عوام الناس کی نظر کرتا ہے۔