Blog
یا رزاق کے اعمال
یہ بات کثرت سے میرے تجربے میں آئی ہے کہ یا رزاق کا ورد کشادگی رزق کا سبب بنتا ہے اگر کوئی شخص اسے روزانہ چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے یعنی جب بھی موقع ملے اس کا کثرت سے ورد کرے تو اس پر اللہ تعالیٰ اپنے رزق کے خزانے کھول دیتا ہے۔
اس اسم مبارک کا وظیفہ کا روباری بندش کے خاتمے کیلئے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ اگر کسی شخص کا کاروبار چلتے چلتے رک جائے اور آمدن ختم ہو جائے تو اسے چاہیے کہ چالیس دن تک دکان یا کاروبار شروع کرتے وقت اس اسم مبارک کو 3125 مرتبہ اول و آخر گیارہ مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ پڑھے انشاء اللہ اس وظیفے کی برکت سے اس کی دکان کا رکا ہوا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ اگر کاروبار ماند پڑ گیا ہوتو وہ بھی شروع ہو جائے گا۔ میں اب تک ہزاروں لوگوں کو یہ وظیفہ بتا چکا ہوں جس کسی نے بھی یہ وظیفہ کیا اس کے کاروبار کو چار چاند لگ گئے۔
اگر کسی شخص پر تنگی رزق وارد ہو تو چاہئے کہ بعد از نماز فجر کام پر جانے سے پہلے اس اسم پاک کو 1100 مرتبہ پڑھے ایسا کبھی نہ ہوگا کہ وہ خالی واپس آئے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شخص اس اسم پاک کو باوضو کھلا پڑھتارہے تو اللہ تعالی کی ذات پڑھنے والے پر اپنے رزق کے خزانے کھول دیتی ہے۔
اگر کوئی شخص رات سوتے وقت اور صبح اٹھنے پر اس اسم پاک کو 33 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنائے تو اس کے گھر میں ہمیشہ خیر و برکت رہے گی اور کبھی رزق میں کمی نہ ہوگی ۔
شب برات کو بعد از نماز مغرب پڑھنا شروع کرے اور عشاء تک کوشش کرے کہ 11000 مرتبہ پڑھ لے۔ وگر نہ عشاء کی نماز تک جتنا پڑھا جائے پڑھ کر عشاء کی نماز ادا کرے اور سجدہ ریز ہو کر اللہ تعالیٰ جل شانہ سے رزق کی دعا کرے تو اللہ تعالی اسے سال بھر ضرورت کے مطابق با عزت رزق عطا کرتا رہے گا اور اگر ہر شب برات میں یہ عمل کیا جائے تو انسان کے رزق میں اس قدر اضافہ ہو جاتا ہے کہ وہ دامن پھیلانے کی بجائے لوگوں کی حاجت روائی کر سکے۔
جس شخص کی آمدن اخراجات سے قلیل ہو اور وہ ہمیشہ غربت کا شکار رہتا ہو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک کو سونے سے پہلے اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 308 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنالے سونے سے پہلے دو نفل شکرانہ ادا کر کے مفلسی اور غربت کے خاتمے کی دعا کرے ان شاء اللہ اس کی آمدن اس کے اخراجات سے بڑھ جائے گی۔ اس کے علاوہ مندرجہ بالا حالات کے لیے سائل کو چاہیے کہ اپنے مکان کے چاروں کونوں میں بیٹھ کر قبلہ رو ہو کر اس اسم پاک کو 4141 مرتبہ پڑھے اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک پڑھے اور کوشش کرے کہ یہ ذکر اس کا معمول بن جائے۔ تو اللہ تعالی جل شانہ اس اسم پاک کی برکت سے پڑھنے والے کی مفلسی دور کر دے گا۔
اگر کسی شخص کا کاروبار چلتے چلتے رک جائے اور آمدن ختم ہو جائے تو اسے چاہیے کہ دکان میں جا کر اس اسم پاک یا رزاق کو 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک پڑھے اور 11 دن تک پابندی کرے بارہویں دن پھر سے وظیفے کو شروع کرے اور پہلے دن 3125 مرتبہ پڑھ کر دوسرے دن سے پھر 313 مرتبہ پڑھے۔ غرض ہر 11 دن کے بعد بارہویں دن 3125 مرتبہ پڑھے یہاں تک کہ 40 دن پورے ہو جائیں۔ 40 دن کے بعد کوئی میٹھی چیز لا کر بچوں میں تقسیم کر دے ان شاء اللہ اس وظیفے کی برکت سے رکا ہوا کاروبار پھر سے شروع ہو جائے گا اور اگر کاروبار میں گھانا پڑ رہا ہو تو منافع ہو گا اور اگر کاروبار بالکل بند بھی ہو گیا ہو تو اس اسم پاک کی برکت سے دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
اگر کسی شخص کو ملازمت یا روزگار نہ ملتا ہو اور وہ حقیقت میں ضرورت مند اور ملازمت کا خواہاں ہو تو اسے چاہیے کہ اس اسم پاک کو 700 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 49 دن پڑھے اور خصوصاً فجر کی نماز کی صحت کا خیال رکھے یعنی باقی نمازیں تو پڑھے لیکن فجر کبھی قضاء نہ ہو۔ اگر 7 ہفتے پڑھے گا تو چوتھے ہفتے میں ملازمت ملنے کے آثار پیدا ہو جائیں گے اور ساتویں ہفتے کے اندر اندر اس کو نہ صرف باعزت روزگار میسر آئے گا بلکہ اس روزگار کی بدولت اس کے گھر میں کبھی غربت نہ آئے گی۔
پوری دنیا میں معاشی معاملات میں اتار چڑھاؤ اس قدر زیادہ ہے کہ ہر دوسرا شخص معاشی بد حالی کا شکار ہے۔ اس معاشی بدحالی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ لوگ اپنی معاشی معاملات کی اصلاح کے لیے اللہ کی بجائے دنیاوی عاملوں کے چکر میں پڑ جاتے ہیں۔ اگر وہ اللہ کے حضور درخواست کریں تو ان کے معاشی معاملات بہتر ہو سکتے ہیں۔ اگر وہ حضور نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) پر درود و سلام بھیجے اور اللہ کے اس مبارک و مطہر اسم کو پڑھنا معمول بنا لے تو یقیناً اس کی مالی پریشانی کا حل نکل آئے گا انسان جب پریشان ہوتا ہے تو عاملوں یا جوتشیوں کے پاس جا کر اپنے کئی گھنٹے برباد کرتا ہے تو کیا اللہ تعالی کے لیے اس کے پاس وقت نہیں ہے؟ مزید یہ کہ اگر کوئی شخص مالی پریشانی میں مبتلا ہو تو وہ یا رزاق 313 مرتبہ روزانہ پڑھے یاد رہے کہ اس عمل میں اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک پڑھنا اور اس میں 10 منٹ سے زیادہ کا وقت نہیں لگتا اس وظیفے کی مدت انسان کی ضرورت کے مطابق ہے۔ یعنی مالی پریشانی کا حل اسے جلدی چاہیے تو 7 دن یا 11 دن اور اگر وہ کچھ وقت اس پریشانی میں گزار سکتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ 40 دن اس وظیفے کو کرے اور اکتالیسویں دن یا رزاق 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھ کر دو نفل حاجت ادا کرے اور اس کے بعد مالی پریشانی سے نجات کی دعا کرے۔ ان شاء اللہ العزیز وہ مالی پریشانی سے نکل آئے گا۔ بلکہ آئندہ کے لیے بھی وہ اس تکلیف سے محفوظ رہے گا۔
اگر کسی شخص کی ملازمت معطل ہو گئی ہو اور وہ دوبارہ اپنے کام پر بحال ہونا چاہتا ہو تو ہو اس اسم پاک کو روزانہ 1100 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 41 دن پڑھے۔ ان شاء الله 41 دن کے اندر اندر وہ اپنی ملازمت پر بحال ہو جائے گا۔
انسان کی زندگی اتار چڑھاؤ کا نام ہے کبھی خوشی کبھی غم کبھی تو نگی کبھی غربت کبھی دکھ بھی سکھ، نقطہ اس میں یہ ہے کہ جو شخص ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے اور اس سے ڈرتا ہے تو اللہ تعالیٰ نہ صرف اسے تکالیف سے بچالیتا ہے بلکہ اسے رزق کی تنگی بھی نہیں ہونے دیتا۔ سورۃ طلاق میں اللہ تعالیٰ جل شانہ نے فرمایا: ” اور جو شخص اللہ سے ڈر جاتا ہے اللہ اسے مشکلوں سے نکال لیتا ہے اور اسے ایسی جگہ سے رزق پہنچاتا ہے جہاں سے اس کا گمان بھی نہیں ہوتا۔ شکوہ نعمتوں کو ختم کرتا ہے اور شکر سے نعمتوں کی ابتداء ہوتی ہے جو کہ انتہاء تک پہنچ جاتی ہے۔ جو شخص چاہے کہ اس کے مال پر خیر و برکت رہے اس کو مالی پریشانی نہ ہو کسی کا محتاج نہ ہونا پڑے اور اس کی جیب بھی دولت سے خالی نہ ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اس اسم پاک کو 308 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود شریف پڑھنے کا معمول بنا لے تو ان شاء اللہ ساری زندگی اس کے مال میں خیر و برکت رہے گی مالی پریشانی سے محفوظ ہو گا۔ اور ایسا شخص کبھی بھی کسی کا محتاج نہیں ہو گا ما سوائے اللہ کے۔ ان شاءاللہ الکریم