Blog
یا رافع کے اعمال
یه اسم سالکانِ طریقت کیلئے سلوک میں بلند درجات کیلئے مفید فائدہ مند ہے۔ اگر کوئی مرید یا شیخ طریقت منزل بقاء پانے کے بعد پڑھے تو اسے روحانی مراتب میں بلندی حاصل ہوگی مگر کثرت سے پڑھنا ضروری ہے۔
چشم خلائق میں معزز و محترم ہونے اور بلند مرتبہ حاصل کرنے کی غرض سے بلا ناغہ چالیس یوم تک باوضو حالت میں 1000 مرتبہ پڑھیں ان شاء اللہ مقصد میں کامیابی نصیب ہوگی۔
اس اسم مبارک کو بکثرت پڑھنے ولا صاحب حیثیت اور مالدار ہو جاتا ہے۔ کاروباری حضرات کیلئے اس اسم پاک کا ورد کرنا انتہائی نافع ہے۔
اس اسم کے عامل میں بہت سی خوبیاں پیدا ہو جاتی ہیں علم و ہنر کا حصول اس کے لیے آسان ہو جاتا ہے اور اس کی زبان سے وہ پرتاثیر بات نکلتی ہیں جس کو سن کر عقلائے زمانہ تعجب کرتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ حق تعالیٰ نے اس شخص کو ذہن کی کتنی فہم عطا فرما دی ہے اگر کوئی شخص اس کا عامل ہو تو اس کے ایک اشارے پر فقیروں کو بادشاہی مل جاتی ہے اور بادشاہوں کے تخت و تاج اس کی ٹھوکر میں ہوتے ہیں حضرت میاں میر کا ایک مرید شاہ جہاں کے زمانے میں حضرت کے پاس حاضر ہوا اور عرض کی کہ حضرت فلاں شہر کا حاکم مجھے جینے نہیں دیتا مجھے اس سے جان و مال اور عزت و آبرو کا خطرہ ہے آپ نے اسی وقت ایک کاغذ پکڑا اور خط بنام شاہ جہاں لکھا جس میں انھوں نے تحریر فرمایا کہ اے شاہ جہاں میرے مرید کو تیرے فلاں شہر کا حاکم تنگ کر رہا ہے۔ اس کو ٹھیک کرلے اور سمجھائے وگرنہ تمہارا تاج و تخت میں کسی اور کو دے دوں گا۔ تاریخ میں رقم ہے کہ شاہ جہاں نے اس حاکم کو اس کے عہدے سے معزول کر دیا۔ یہ واقعہ اس لیے نہیں بتایا کہ میاں میر صاحب یا رافع کے عامل تھے بلکہ اس لیے بتایا کہ فقیر معجون مرکب ہوتا ہے اور اس میں اللہ تعالیٰ کے تمام صفاتی ناموں کو سمجھنے اور اس کو استعمال کرنے کی صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ اور ان کو یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ کون سا اسم کس موقعہ پر پڑھا جاتا ہے بس چونکہ وہ فنافی اللہ ہوتے ہیں اللہ کی جس صفت کو چاہیں استعمال کر سکتے ہیں اور نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر کسی شخص کا جانور اس کے قبضے میں نہ آتا ہو اور سرکشی کرتا ہو تو چاہئے کہ اس “یا رافع “اسم پاک کو 351 مرتبہ پڑھ کر اس جانور پر پھونکے 3 دن یہ عمل کرنے سے حق تعالی اس جانور کو عامل کا تابعدار کر دے گا۔
کہ جو شخص اپنے دشمن کو زیر کرنا چاہتا ہو تو اسے چاہئے کہ وہ تین دن ایسے روزہ رکھے کہ آخری دن جمعہ ہو یعنی بدھ سے روزہ رکھنا شروع کرے افطار کے بعد نماز مغرب ادا کرے اور نماز مغرب کے بعد مصلے پر بیٹھ کر 111 مرتبہ “یا رافع” اس اسم پاک کو پڑھے اور ہاتھ اٹھا کر دعا کرے کہ پروردگار فلاں ظالم مجھ پر ظلم کرنا چاہتا ہے اور تیرے سوا مجھے کوئی نہیں بچا سکتا میں تیری پناہ میں آتا ہوں تو قبول فرما لے۔ تین دن کے بعد عامل کا دشمن ذلیل ہوگا اور آئندہ اسے کسی قسم کا نقصان پہنچانے کی جرات نہ کر سکے گا۔
اگر کسی ملازم کے عہدے کی ترقی رکی ہوئی ہو اور کسی بھی وجہ سے اس کے افسران بالا رکاوٹ ڈال رہے ہوں تو ملازم کو چاہئے کہ پیر کے دن بعد از نماز مغرب 707 مرتبہ اس اسم پاک”یا رافع ” کو پڑھے اور عمل 11 دن جاری رکھے اس کے بعد توقف کرے اور دوبارہ پیر آنے پر یہی عمل کرے پھر توقف کرے اور تیسرے پیر کو بھی یہ عمل کرے اور اس کے بعد اللہ تعالی کے حضور جھولی پھیلا کر اپنی ملازمت میں ترقی کی دعا کرے اس میں کوئی شک نہیں کہ حق تعالی اسے ترقی عطا فرمائے۔ اللہ کے فضل سے مایوسی نہیں ہوگی اگر کام پہلے پیر کو ہو جائے تو عمل کی مدت اتوار کو پورا کرنا لازم ہے ہر عمل کے پہلے اور آخر میں طاق اعداد میں درود پاک پڑھنا انتہائی ضروری ہے وگرنہ عمل رائیگاں بھی جاسکتا ہے۔
جو شخص حصول عزت کا خواہاں ہو تو جان لے کہ اس اسم پاک میں شہرت اور عزت میں اضافے کے لیے اتنی قوت ہے کہ اسے بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ حصول عزت کے خواہاں کو چاہئے کہ اس اسم پاک”یا رافع ” کو روزانہ ایک تسبیح بعد اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک پڑھے۔ اس کی شہرت اور عزت بڑھے گی دو لوگوں میں برگزیدہ بھی ہو جائے گا اور ہر ملنے والا اسے عزت کی نگاہ سے دیکھے گا جس محفل میں جائے گا لوگ اس کا احترام کریں گے۔
دفاتر اور عدالت میں عموما لوگ حاکموں کے سخت مزاج کی وجہ سے ان کے سامنے جاتے ہوئے ڈرتے ہیں ان کا یہ ڈر “یا رافع “کے پڑھنے سے ختم ہو جاتا ہے۔ جب کبھی ایسی صورت ہو تو حاکم کے پاس جانے سے تین دن قبل اس اسم پاک کو 3000 مرتبہ روزانہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک پڑھے اور افسران بالا اور حاکم کے سامنے جائے تو جتنا مرضی سخت حاکم ہو عامل کے لیے اس کے دل میں نرمی اور رحم دلی پیدا ہوگی اور وہ اسے عزت کی نظر سے دیکھے گا اور اس کا کام سنوارنے کی کوشش کرے گا۔
اسم پاک سالکان طریقت کے لیے در جات میں بلندی کے لیے انتہائی مفید ہے۔ راہ سلوک کے مسافر پر بھی کوئی کیفیت طاری ہوتی ہے تو کبھی کوئی بھی فیض اور کبھی ہیبت ، یادر ہے کہ بستگی کے عالم میں اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک 1100 مرتبہ اس اسم پاک “یا رافع “کو پڑھ کر اللہ کے حضور راہ سلوک میں ترقی کی دعا کی جائے تو روحانی مراتب میں وہ بلندی حاصل ہو کہ سالکین اس پر رشک کریں۔
یہ اسم مبارک امتحانوں اور دیگر مقابلوں میں نمایاں کامیابی کے لیے مجرب ہے۔ مقابلے یا امتحان سے پہلے 11 دن اس اسم پاک “یا رافع “کو 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھا جائے اور امتحان یا مقابلے میں جانے سے پہلے 11 مرتبہ پڑھ کر جایا جائے تو نمایاں کامیابی حاصل ہوگی ( ان شاء اللہ )
اگر چند لوگوں کے درمیان عداوت چل رہی ہو اور خدشہ ہو کہ ہر دو فریق میں سے کسی کا جانی یا مالی نقصان ہو سکتا ہوتو عقمل کو چاہئے “یا رافع ” کو سات دن 1100 بار اول و آخر درود شریف پڑھ کر دونوں فریقین کو اکٹھا کرے اور ان کی صلح کی بات چلائے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے عامل کو گفتگو میں بالا دستی حاصل ہو اور ہر دو فریقین عامل سے متفق ہو کر دشمنی چھوڑ دیں اور صلح کر لی۔
اگر کسی کی شادی میں شرارت سے روڑے اٹکائے جانے کی وجہ سے رکاوٹ آرہی ہو تو چاہئے کہ عامل دو نقش لکھے ان دونوں پر لڑکے اور لڑکی کے والدین کے نام لکھے اور دونوں نقوش کو اکٹھا کر کے موم جامہ کر دے اور کالے دھاگہ سے باندھے اور اسے کسی پاک جگہ پر رکھ دے ان کا تصور کر کے 3 دن روزانہ 313 مرتبہ “یا رافع ” پڑھے اور پھر لڑکی اور لڑکے کے والدین سے بات کرے تو تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں گی اور رشتہ طے پا جائے گا۔ اگر عامل دونوں سے بات نہ بھی کر سکتا ہو تو تین دن کے بعد اللہ تعالی رشتے کے درمیان حائل تمام رکاوٹوں کو دور فرمادے گا۔ ان شاءاللہ الکریم