اس کے لغوی معنی قوت عطا کرنے والے کے ہیں اس لحاظ سے اللہ تعالیٰ جل شانہ اپنی تمام تر مخلوقات کے لیے مقیت ہے کہ وہ ان کو روزی عطا کر کے ان کے اجسام میں قوت اور توانائی پیدا کرتا ہے جس سے مخلوقات اپنے تمام افعال انجام دیتی ہیں۔ انسانوں کے بارے میں اس اسم کا اثر دو طرح سے ہوتا ہے ایک تو اللہ تعالیٰ جل شانہ انسانوں کو رزق عطا فرماتا ہے جس سے ان کے ابدان میں ایسی قوت پیدا ہوتی ہے جس سے وہ تمام افعال اپنے جسم کے ذریعے کر سکتا ہے اور دوسرا وہ مقیت ذات انسان کو ایک ایسی قوت عطا فرماتی ہے جو صرف روح کی غذا بنتی ہے اور روح اتنی قوی ہو جاتی ہے کہ وہ مشاہدات اور اسرار الہیہ کا مشاہدہ کرتی ہے اور پھر اس کی قوت کے مختلف مدارج ہیں جنھیں جب روح طے کر لیتی ہے تو وہ درجہ بدرجہ روحانی عوامل کو دیکھ سکتی ہے۔ اس میں ہدایت ، زہد و تقویٰ اور علم پیدا ہوتا ہے اور انسان اس قابل ہو جاتا ہے کہ وہ اپنی ذات کوپہچان سکے اور ایک حدیث مبارکہ ہے جس کا مفہوم ہے:جس نے خود کو پہچان لیا اس نے اپنے رب کو پہچان لیا، یعنی روح جب اپنی معراج کو پہنچتی ہے تو وہ اپنے رب کو پہچان لیتی ہے اور یہ صرف اس لیے ہوتا ہے کہ پروردگار عالم روح کو طاقت عطا فر ماتے ہیں اس کے علاوہ وہ جب نباتات اور جمادات کو ان کی بناوٹ اور ساخت کے لحاظ سے قوت دے کر ان کی نشو و نما اس طرح کرتا ہے کہ وہ انسان کے استعمال کے قابل ہو جاتی ہیں۔ جو شخص اس اسم پاک کا ذاکر بنتا ہے اللہ تعالی اسے جسمانی اور روحانی قوتوں سے سرفراز فرماتا ہے۔ یہ اسم جمالی ہے اس کے اعداد 550 میں اس کے سردار فرشتے کا نام نقطائیل ہے جو کہ چار سردار فرشتوں کا حاکم ہے۔ اور ہر حاکم فرشتے کے پاس 550 صفیں ہیں اور ہر صف میں 550 فرشتے ہیں اس کے فوائد درج ذیل ہیں:
یہ اسم پاک بچوں کی ضد کو ختم کرنے کے لیے بہت اکسیر ہے، بچہ ہر وقت روتا رہتا ہو اور ضد سے باز نہ آتا ہو تو چاہئے کہ ایک برتن میں پانی لے کر اس اسم پاک کو اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 550 مرتبہ پڑھے۔ پڑھنے کے بعد بچے کو دم کرے اور بچہ جب بھی پانی مانگے اسے دم والا پانی پلایا جائے یہ عمل بلاناغہ 7 دن کرے تو بچہ ضد چھوڑ دے۔
ایسے لوگ جنہیں بھوک نہ لگتی ہو یا کم لگتی ہو اور جسم نہایت کمزور اور دبلا پتلا ہو۔ یا ایسے بچے جن کو خوراک نہ لگتی ہو اور دیکھنے میں کمزور نظر آتے ہوں ان کے لیے اس اسم مبارک کو 111 مرتبہ پڑھ کر دم کرے اور پانی بھی دم کر کے پلائیں اول و آخر درود شریف پانچ مرتبہ پڑھنا لازم ہے۔ یہ عمل 11 روز کرنالازم ہے۔ ان شاء اللہ جسمانی کمزوری دور ہو جائے گی اور جو خوراک کھائے گا اس سے صالح خون پیدا ہو گا جس سے جسم کی نشو ونما بہتر ہونے لگے گی۔
یہ اسم پاک گیس کے مرض کو دور کرنے کے لیے بہت اکسیر ہے۔ جس شخص کو بھی تبخیر معدہ کا عارضہ لاحق ہو خوراک اچھی طرح ہضم نہ ہوتی ہو اور خوراک کھانے کے بعد گیس بن کر تنگ کرتی ہو اس شخص کو چاہئے کہ کھانا کھانے سے پہلے اول و آخر 3 مرتبہ درود شریف کے ساتھ 31 مرتبہ اس اسم پاک کو پڑھ لے اور تھوڑے سے پانی پر دم کر کے کھانے سے پہلے پی لے۔ لقمے چھوٹے رکھے اور پہلے اور آخری لقمے پر یامقیت پڑھ کر کھائے ۔ کھانے کے بعد اللہ کا شکر ادا کرے اور دعا کرے کہ اے اللہ جو کھانا تو نے میرے جسم میں پہنچایا ہے۔ اسے اپنی صفت معیت کے صدقے میں میرے جسم میں ہضم کر دے اور جسم میں قوت پیدا کر دے ان شاء اللہ 21 دن تک یہ عمل کرنے کے بعد وہ ہمیشہ کے لیے تبخیر معدہ کے مرض سے نجات حاصل کرلے گا
غربت و افلاس کو دور کرنے کیلئے ہر روز نماز فجر کے بعد 170 مرتبہ یہ اسم مبارک پڑھنے سے محتاجی جاتی رہتی ہے اور غربت دور ہو جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے رزق میں فراوانی عطاء فرما دیتا ہے اور اسے کبھی بھی رزق کی کمی کی شکایت نہیں رہتی اس کے گھر میں خوشحالی کا دور دورہ ہو جاتا ہے اس کے تمام جائز کاموں کو احسن طریقے سے پورا کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ بہتر سے بہتر سبب پیدا فرما دیتا ہے۔ اس اسم مبارک کی وجہ سے ہی مجھے زندگی میں کبھی تنگدستی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
جو جانور چارہ نہ کھاتا ہو اور چارہ کھاتے وقت مالک کو تنگ کرتا ہو تو مالک کو چاہئے کہ اس اسم پاک کو 100 مرتبہ پڑھ کر چارہ جانور کے آگے ڈال دے۔ ان شاء اللہ اس اسم پاک کی برکت سے جو جانور مثال بھینس ، گائے ، گھوڑا اور بکر اوغیرہ چارہ نہیں کھاتا ہو گا وہ کھانے لگ جائے گا
اگر کسی شخص کو کسی دشمن سے تکلیف پہنچنے کا احتمال ہو اور اس کا دشمن اس سے بہت زیادہ قوی ہو اور دشمن مقابلہ کیے بغیر ملنے کا نام نہ لیتا ہو تو چاہئے کہ اس اسم مبارک کو بعد ازنماز عشاء 11 مرتبہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ 1100 مرتبہ روزانہ پڑھے اور 11 دن کے بعد دشمن کے سامنے جائے ۔ اول تو دشمن پر ایسی ہیبت طاری ہو گی کہ وہ مقابلے کا خیال دل سے نکال لے گا اور اگر ایسا نہ ہو سکا اور دشمن مقابلے پر آمادہ رہا تو وہ کمزور سے اس اسم پاک کی بدولت شکست کھا جائے گا اور آئندہ راہ راست پر بھی آجائے گا
یہ ایک بہت بڑی حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ جل شانہ نے آج تک کوئی ایسا مرض پیدا نہیں کیا جس کے ساتھ اس کی دوا نہ اتاری ہو۔ لیکن اس کے باوجود کچھ امراض کے بارے میں طبیبوں اور حکیموں کا یہ فرمان ہوتا ہے کہ یہ مرض لا علاج ہے ایسے امراض کی ایک بہت بڑی فہرست ہے۔ اگر کوئی شخص کسی ایسے مرض میں مبتلا ہو گیا ہو جس کے بارے میں اس کے طبیب ، ڈاکٹر یا حکیم اسے امید کی کرن نہ دکھاتے ہوں اور یہ ظاہر کر رہے ہوں جیسے کہ یہ مرض نا قابل علاج ہے تو اس مرحلے پر مریض چونکہ مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے سوچنے سمجھنے صلاحیت نہیں رکھتا اس لیے اس کے کسی خونی رشتے دار کو چاہئے کہ وہ ایک پاؤ کلونجی لے اور اس پر اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 1100 مرتبہ یا مقیت پڑھ کر دم کرے اور روزانہ چائے کے چمچ کا چوتھا حصہ مریض کو چبائے بغیر پانی کے ساتھ نگلنے کے لیے دے دیں اس عمل کی مدت 40 دن ہے۔ جس کلونجی پر پہلے دن پڑھا جائے گا اس پر 40 دن پورے کرنے ہیں 40 دن بعد دو نفل شکرانے کے ادا کرے اور شیرینی بچوں میں تقسیم کرے۔ ان شاء اللہ انہی دنوں میں مریض حیرت انگیز طور پر صحت یاب ہوتا ہوا نظر آ جائے گا اور 40 دن مکمل ہونے پر بستر چھوڑ دے گا آزمودہ ہے۔
کینسر کا موذی مرض بہت عام ہے اور اکثر مریض جب اس مرض میں مبتلا ہوتےتو انھیں کینسر کا درد ہوتا ہے جس سے مریض کی حالت قابل رحم ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹر ، حکیم، طبیب اپنی ساری کوششیں کرتے ہیں مگر درد ختم نہیں ہوتا ایسے مریض کے لئے اس کے لواحقین میں سے کسی کو چاہئے کہ وہ اس اسم پاک کو روزانہ ایک سفید کپڑے پر 1100 مرتبه اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک پڑھ کر دم کرے اور وہ کپڑا جس مقام پر درد ہورہا ہو وہاں رکھ دیا جائے ۔ ساتھ ہی کچھ پانی لے کر اس پر دم کر دیا جائے دم کیا ہوا پانی مریض کو سارا دن پلایا جائے درد ختم ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ لیکن اس عمل کی مدت 40 دن ہے جب دوسری بار یہ عمل کیا جائے گا تو اسی سفید کپڑے کو مریض سے واپس لے کر دوبارہ اس پر اس اسم مبارک کو مقررہ تعداد میں پڑھا جائے گا اور پھر تھوڑا سا پانی جو کہ اس دم کے لیے کافی ہو دم کر کے مریض کے سرہانے رکھ دیا جائے گا اور کپڑا دوبارہ اس جگہ پر رکھ دیا جائے گا جہاں درد ہو رہا ہو۔ پہلے دن سے ہی مریض کو درد میں آفاقہ ہو جائے گا اور 40 دن کے بعد تو درد کا نام و نشان باقی نہ رہے گا ۔ مرض بعض اوقات اس مقام پر پہنچ جاتا ہے جہاں انسان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو جاتا اور صرف انسان کی تکلیف کم کرنے کے لیے دوا دی جاتی ہے۔ کیا ہی اچھا ہو کہ تمام ماڈرن علاج کے ساتھ ساتھ اسم الہیہ کے علم سے بھی ساتھ ساتھ کام لے لیا جائے یا تمام سسٹم آف میڈین کو ایک جگہ پر جمع کر کے مریض کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جائے۔
یہ ذکر صالحین اور اہل وصال کا ہے ۔ وہ اس اسم کا اس حد تک ذکر کرتے ہیں کہ ان پر حال غالب ہو جاتا ہے اور ان کو بھوک محسوس نہیں ہوتی کیونکہ اس اسم کے ذکر سے اللہ تعالی روحوں کو سیر کر دیتا ہے اور دنیاوی لحاظ سے بھی ذاکر جو چاہے وہ حاصل ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالی اس کی ہر جائز مراد پوری کرتا ہے۔
اس کا عامل بننے کے لیے بعد از نماز عشاء اول و آخر 11 مرتبہ درود شریف کے ساتھ 2200 مرتبہ 40 دن تک پڑھے۔ پہلے دن پڑھنے کے بعد پاک کاغذ پر تعویذ لکھے۔ یوں 40 دن میں 40 تعویذ لکھے جائیں گے ۔ 41 ویں دن دو رکعت نماز شکرانہ ادا کر کے شیر ینی تقسیم کرے۔ عامل درج بالا امور کے لیے درد اور نقش دے سکتا ہے۔