یا خبیر کے اعمال
اس کے لغوی معنی خبر رکھنے والے کے ہیں اور یہ خبر احاطہ کرتی ہے کا ئنات سے متعلق ہر چیز پر کیونکہ خبیر وہی ہستی ہو سکتی ہے جسے ہر وہ بات بھی معلوم ہو جو کوئی جن و انس یا کوئی فرشتہ نہ جانتا ہو اس اسم پاک کی تعریف میں اللہ تعالیٰ ہی خبیر نظر آتا ہے کیونکہ اسے ہر چیز کی خبر ہے اور تمام اشیاء کی اور تمام مخلوق کی تمام تر باریکیاں اس کی نظر میں ہیں اور وہ ہر وقت ہر چھوٹی بڑی چیز کی پوری طرح خبر رکھتا ہے اللہ تعالیٰ جل شانہ تمام عالموں کے حالات سے باخبر ہےاللہ پاک خبیر ہے کیونکہ اسے تمام اشیاء کی باریکیوں کی خبر ہے وہ چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی چیز کو ہر وقت پوری طرح جانتا ہے ۔ اور کسی بھی عالم کی کسی بھی چیز کا علم ہونا اس کے دائرہ اختیار سے باہر نہیں۔ اس لیے اللہ تعالیٰ جل شانہ کو یا خبیر کے اسم پاک سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ اسم پاک جمالی ہے اور اس کے اعداد 812 میں اس کے موکل کا نام سہرائیل ہے جو کہ 4 سردار فرشتوں کا نگران ہے جن میں سے ہر سردار کے پاس 812 صفیں ہیں اور ہر صف میں 812 فرشتے ہیں اس اسم کو ان تمام باتوں سے منسوب کیا جاتا ہے جو باتیں انسانی عقل میں نہ آسکتی ہوں انسانی فطرت اپنے کل کے بارے میں جاننے کے لیے بڑی بے چین ہے اور اس کے لیے وہ طرح طرح کے علوم کا سہارا لیتی ہے جیسا کہ پہلے بھی عرض کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے مبارک ناموں کا صحیح ادراک انسان کو باقی سارے مخفی علوم کی ضرورت سے بے نیاز کر دیتا ہے اور وہ اللہ تعالیٰ جل شانہ کے صفاتی ناموں کی بدولت مستقبل میں بھی جھانک سکتا ہے اور ماضی کو بھی دیکھ سکتا ہے اگر وہ خالصتا اللہ کے مبارک ناموں پر مداومت کرتا تو نہ صرف مستقبل میں آنے والے خطرات سے باخبر ہو جاتا ہے بلکہ ان سے بچنے کا مداوا کرنے کے لیے بھی اسے یہی علم کام میں آئے گا۔ اللہ تعالیٰ کے ناموں کا ادراک اور خوبیاں جاننا ایک وسیع علم ہے اور جواس کا عالم و عامل ہوتا ہے وہ لمحوں میں اللہ تعالٰی کی رحمت اور کرم کا دامن پکڑ سکتا ہے۔
اور اس اسم مبارک کو بکثرت پڑھنے والا خواب و بیداری میں پوشیدہ حالات سے باخبر ہو جاتا ہے۔
اگر نماز تہجد کے بعد کثرت سے یہ اسم پاک پڑھا جائے تو ذاکر کو کشف کا مرتبہ ملتا ہے۔ اللہ تعالٰی کے اسرار و انوار اس پر عیاں ہوتے ہیں
اگر کوئی روحانی سالک نفس امارہ کے ہاتھوں تنگ ہو تو اسے اس اسم مبارک کا روزانہ ورد کرنا چاہیے۔ اس طرح وہ نفس امارہ پر غالب آ سکتا ہے۔ اس اسم پاک کو بکثرت پڑھتے رہنے سے نفس قابو میں رہتا ہے اور ذہن برے تصورات سے محفوظ ہو جاتا ہے ذہن میں پاکیزہ خیالات جنم لیتے ہیں
ہر نماز کے بعد 300 مرتبہ” یا خبیر ” اس اسم مبارک کو پڑھنے سے خیالات پاکیزہ ہو جاتے ہیں۔
اگر کوئی حکیم روزانہ اس ورد کو 812 مرتبہ پڑھنا اپنامعمول بنالے تو انشاء اللہ مریض کو دیکھتے ہی اللہ کی رحمت سے مریض کے صحیح مرض کا پتہ چل جائے گا۔
جو شخص چاہتا ہو کہ اس کی اصلاح ہو اسے اپنی برائیوں کا پتہ چل جائے اور اللہ تعالی اسے توفیق دے کہ وہ ان برائیوں کو اپنے اندر سے ختم کر سکے تو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک” یا خبیر ” میں اپنے نام کے اعداد بمعہ والدہ کے نام کے اعداد شامل کر لے اور اسے دو گنا کر کے 40 دن تک اول و آخر درود شریف کے ساتھ مقررہ تعداد میں پڑھے تو نہ صرف اسے اپنے اندر کی برائیوں کی پہچان ہوگی بلکہ اللہ کی توفیق سے وہ ان کو ختم بھی کر پائے گا۔
آج کل کے زمانے میں انسان نے طرح طرح کے علوم کا سہارا لے کر دوسروں کی بابت جاننے کی کوشش کی جن میں سرفہرست پیرا سائیکالوجی ہے پیرا سائیکالوجی میں طالب کو اس کی ( چھٹی حس ) پیدا کرنے کے لیے مختلف مشتقیں کرائی جاتی ہیں اور جب وہ ان تمام امتحانات میں سے گزر جاتا ہے تو اس کی ( چھٹی حس بیدار ہو جاتی ہے اور وہ دوسروں کے ذہن کو پڑھ سکتا ہے دوسروں کے دل کی بات جان سکتا ہے لیکن اگر کوئی شخص مندرجہ بالا صفات اپنے اندر پیدا کرنا چاہتا ہو تو اسے کسی پیرا سائیکالوجی کے کالج میں جانے کی ضرورت نہیں ہے وہ شخص جو یہ چاہتا ہو کہ وہ دوسروں کو پڑھ لے اور ان کے دل و دماغ میں چھپی ہوئی باتیں اسے معلوم ہو جائیں تو چاہئے کہ وہ اس اسم پاک” یا خبیر ” کو اول و آخر . 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 812 مرتبہ روزانہ 40 دن تک پڑھے چلہ ختم ہو جائے تو دو رکعت نفل نماز شکرانہ ادا کرے اور بڑی عاجزی کے ساتھ اللہ تعالی کے حضور یہ دعا کرے کہ اس کی تیسری آنکھ کھل جائے بس اس کے بعد اس کے اندر یہ صلاحیت پیدا ہو جائے گی کہ وہ اپنے پاس آنے والے ہر انسان کے بارے میں آگاہی حاصل کرے گا یہاں یہ بات بہت ضروری اور سمجھنے کی ہے کہ کسی انسان کی خوبیاں تو دیکھنی چاہئیں لیکن اسے اس کے گناہوں کے سبب برا نہیں جاننا چاہئے اس لیے کہ اسلام برے سے نہیں برائی سے نفرت کرتا ہے۔ اور ویسے بھی کسی کی برائی کو چھپانا اور اس کا عیب ڈھانپنا اللہ تعالیٰ کی صفتوں میں سے ایک ہے اور حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ جس نے اس دنیا میں کسی مسلمان کی پردہ پوشی کی قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔
حکیموں ، ڈاکٹروں کے لیے اس اسم پاک کا ذکر کرنا بہت ہی مفید اور کار آمد ہے تشخیص و علاج میں اللہ تعالی کی مدد حاصل ہوگی اور ایسی بیماری کی تشخیص بھی ہو جائے گی جو نہایت ہی پیچیدہ ہوتی ہے اور اس کی وجہ بھی سمجھ میں نہیں آتی ۔ اس اسم پاک ” یا خبیر “کو پڑھنے سے نه صرف تشخیص بلکہ علاج میں بھی آسانی ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹر یا حکیم اس اسم پاک” یا خبیر ” کو روزانہ بعد از نماز فجر اول و آخر 11 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 300 مرتبہ پڑھے تو ان شاء اللہ پروردگار اسے حکمت کی نعمت سے مالا مال کر دیتا ہے اور وہ جیسے ہی مریض کو دیکھتا ہے اس کے مرض کی تشخیص اور دوا کا انتخاب کر لیتا ہے اور مریض جلد صحت یاب ہو جاتا ہے۔
اگر کسی کو رشتے کا پیغام آیا ہو اور گھر والے جاننا چاہتے ہوں کہ یہ رشتہ ان کے بچے یا بچی کے لیے مناسب ہے یا نہیں تو لڑکے یا لڑکی کے والدین میں سے کوئی بھی فرد اس اسم پاک” یا خبیر ” کو 7 دن تنہائی میں 1100 مرتبہ پڑھے۔ اول و آخر 21 مرتبہ درود پاک بھی پڑھے اور اس کے بعد بات کئے بغیر سو جائے اول تو پہلے دن ہی پتہ چل جاتا ہے لیکن اگر پہلے دن پتہ نہ چلے تو سات دن کے اندر اندر پڑھنے والے کو ہر صورت میں اس رشتے کی بابت اچھا یا برا ہونے کا پتہ چل جائے گا۔
کسی بھی کاروبار کو شروع کرنے سے پہلے اگر یہ معلوم کرنا ہو کہ اس میں فائدہ ہے یا نقصان یا کسی سے شراکت کرنا اچھا ہوگا یا برا تو اس اسم پاک کی برکت سے اور اس کا ذکر کرنے سے انسان اچھے برے انجام کو جاننے میں کامیاب ہو جاتا ہے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے چاہئے کہ اس اسم پاک” یا خبیر ” کو بلا ناغہ 1100 مرتبہ بعد از نماز عشاء اور وتروں سے پہلے اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک 7 دن تک پڑھے۔ ان شاء اللہ اسے جو وہ جاننا چاہتا ہے اس کے بارے میں مکمل علم حاصل ہو گا جس کی روشنی میں وہ اپنے کاروبار کا لائحہ عمل مرتب کر سکتا ہے۔ آج کے دور میں جس کو بھی دیکھو یا تو وہ کاروبار کی وجہ سے پریشان ہے یا اپنے شراکت دار سے مطمئن نہیں ہے بعد میں پچھتانے اور نقصان اٹھانے سے بہتر ہے کہ انسان پہلے ہی اللہ تعالیٰ جل شانہ کے اس اسم پاک کا سہارا لے لے پھر اسے بعد میں پریشانی اور نقصان نہیں ہوگا۔
جو شخص نفس شیطان اور مکار قریب لوگوں سے بچنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت اور پناہ میں آنا چاہے تو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک” یا خبیر ” کو 21 دن 1111 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے اس کے بعد 11 مرتبہ روزانہ پڑھنے کا معمول بنا لے تو ان شاء اللہ نفس پر غالب رہے گا شیطان کے جال میں نہیں آئے گا اور مکار لوگوں کے دھوکے سے بچتارہے گا
درج بالا مقاصد کے لیے دوسروں کی مدد کرنے کے لیے اور نقش دینے کے لیے جو شخص اس اسم پاک کا عامل بنا چاہے تو اسے چاہئے کہ 40 دن تک اول و آخر 11 مرتبہ بنا درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 2222 مرتبہ پڑھے اور 40 دن جب اس کی مداومت کر چکے تو 41 ویں دن دورکعت نماز نفل برائے شکرانہ اللہ کے حضور ادا کرے اور شیرینی بچوں میں تقسیم کرے اس کے بعد دوسروں کو اس اسم کا ورد اور تعویذ بھی دے سکتا ہے اس عمل کو کرنے سے پہلے کسی کامل انسان کی اجازت لینا ضروری ہے جن لوگوں کے گردو نواح میں ایسے لوگ موجود ہوں وہ ان سے اجازت لے سکتے ہیں۔