اعمال اسماء الحسنیٰ

یا جامع کے اعمال

الْجَامِعُ

جامع کے لغوی معنی ایسی ہستی کے ہیں جس میں کائنات کی ہر چیز موجود ہو اور کاملیت میں اس جیسا کوئی نہ ہو۔ وہ ذات جس میں ہر صفت، ہر تعریف، ہر شے جو کائنات میں یا کائنات سے آگے لامکاں میں تو موجود ہے اس میں بھی موجود ہو جامع کہلاتی ہے۔ یہ صفت صرف اللہ تعالیٰ جل شانہ ہی کی ہو سکتی ہے کیونکہ جامع کی تعریف پر اللہ کے سوا کوئی پورا نہیں اترتا۔ بعض علماء کے نزدیک جامع کا مطلب ہر چیز کو جمع کرنے والا ہے جو میرے نزدیک درست نہیں کیونکہ اشیاء کو وہ جمع کرتا ہے صفات کو وہ جمع کرتا ہے خزینوں کو وہ جمع کرتا ہے جس کے پاس یہ سب موجود نہ ہوں۔ چونکہ اللہ تعالی کے پاس ابتدائے آفرینش سے ہی ہر چیز موجود ہے اس لیے اسے جمع کرنے والا ہر گز نہیں کہا جا سکتا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ میں ایک چھپا ہوا خزانہ تھا میں نے چاہا کہ میں پہچانا جاؤں تو میں نے دنیا بنا دی ۔ تمام فقرا کے نزدیک اس کے معنی ایک مکمل اور کامل ذات کے ہیں۔ علماء کے نزدیک اس کے معنوں میں اختلاف ہو سکتا ہے کیونکہ ان کی معلومات کا ذریعہ دنیاوی ذرائع ہیں جبکہ فقیر کا ذریعہ علم اللہ تعالی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بالآخر علماء بھی فقرا کی رائے سے متفق ہو جاتے ہیں۔ یہ اسم جلالی ہے اس کے اعداد 114 ہیں ۔ مقرب فرشتے کا نام اجماعیل، جس کے ماتحت 4 افسر فرشتے اور ہر افسر فرشتے کے ماتحت 114 صفیں اور ہر صف میں 114 فرشتے ہیں۔

بعض اوقات یوں ہوتا ہے کہ کوئی شخص کسی وجہ سے اپنے اہل وعیال سے جدا ہو جاتا ہے اور اس کو ڈھونڈنے کی کوششیں بریکار جاتی ہیں۔ جس شخص کے اہل وعیال بچھڑ گئے ہوں اسے چاہئے کہ بعد از نماز فجر مسجد میں بیٹھ کر اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 1100 مرتبہ 7 دن تک پڑھے یا زیادہ سے زیادہ 21 دن تک پڑھے تو ان شاء اللہ وہ افراد جو اس سے بچھڑ گئے ہیں اسے مل جائیں گے۔ اگر وہ اپنے اہل وعیال سے جدا ہے تو اللہ تعالیٰ جل شانہ اپنے خاص فضل و کرم سے ایسے حالات مہیا کر دے گا اور ایسے راستے دکھائے گا کہ وہ اپنے اہل و عیال کے پاس آ جائے گا۔

بعض عورتیں اپنے سسرال والوں سے روٹھ کر اپنے میکے بیٹھ جاتی ہیں اور خواہ مخواہ اپنے خاوند کو پریشان کرتی ہیں یہ بات اس کے برعکس بھی ہو سکتی ہے بعض خاوند بھی اپنے گھر سے کسی نہ کسی وجہ سے اپنی بیوی کو چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔ ایسے میں ہر دو فریقین میں سے متاثرہ فریق کو چاہئے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 777 مرتبه بعد از نماز عشاء 21 دن تک پڑھے۔ اگر ایک بار عمل کرنے سے مقصد حاصل نہ ہو تو دوبارہ عمل کیا جائے۔ یہ سمجھ لیں کہ مسلسل دروازہ کھٹکھٹانے سے دروازہ کھلنے کا امکان بہت قوی ہوتا ہے۔ مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد دو نفل شکرانے کے ادا کرے اور حیثیت کے مطابق غرباء میں کھانا تقسیم کرے۔ ان شاء اللہ انہی دنوں میں بیوی کے دل میں شوہر کی محبت پیدا ہو جائے گی۔ اسے اپنا گھر بسانے کا خیال بہت زیادہ آنے لگے گا اور وہ کوئی ایسی تدبیر ضرور اختیار کرے گی جس سے وہ اپنے شوہر کے پاس جا سکے گی۔ اسی طرح اگر مرد ناراض ہو کر گھر چھوڑ جائے تو بیوی یہ عمل کرے تو شوہر کے دل میں بیوی کی محبت جاگ اٹھے گی اور وہ اپنے تمام معاملات چھوڑ کر اپنے گھر جانے کی تدبیر نکالے گا۔ یوں سمجھیں کہ یہ عمل پچھڑے ہوئے کو ملانے کا ایک اکسیر عمل ہے اور کبھی خطا نہیں ہوتا۔

آج کل اولاد ماں باپ کی قربانیوں کو بھول کر دنیا کی رنگینیوں میں یوں کھو جاتی ہے کہ وہ اپنے ماں باپ کے احسان کو بھول جاتی ہے اور کبھی تو یوں بھی ہوتا ہے۔ کہ ذرای بات پر گھر بار چھوڑ کر اپنے ماں باپ سے علیحدہ ہو جاتے ہیں۔ ایسی اولاد کے لئے ماں باپ کی پریشانی تو فطری ہوتی ہے اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی اولاد گھر واپس آجائے ایسی صورت حال میں اگر والدین میں سے کوئی بھی اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک ساتھ 1140 مرتبہ روزانہ 21 دن تک پڑھے تو لڑکا یا لڑکی جو اپنا گھر چھوڑ گئے ہوں خود بخوداپنے والدین کے پاس واپس آجائیں گے۔

دوسروں کی جائیداد پر قبضہ آج کل عام ہے۔ جس کے ساتھ یہ ظلم ہوتا ہے وہ دوسروں کو طاقتور سمجھ کر عدالت یا قانون کے سہارا لینے کی کوشش کرتا ہے مقدمات میں عمریں گزر جاتی ہیں وجہ اس کی یہ ہے کہ انسان اپنے رب سے غافل ہو گیا ہے۔ میرے نا نا پیر فضل شاہ قادری قلندری المعروف سائیں روڑاں والی سرکار فرماتے ہیں کہ اللہ تعالی کو یہ نہ بتاؤ کہ تمہاری مشکل یا مصیبت کتنی بڑی ہے بلکہ مشکل یا مصیبت کو یہ بتاؤ کہ تمہارا اللہ کتنا بڑا ہے۔ دین سے دوری معاشرے میں بگاڑ کی بنیادی وجہ ہے اور اسی دوری کی وجہ سے انصاف کا حصول انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اگر کوئی شخص اپنے رب کو پکارے اپنے مالک کو پکارے اپنے اللہ کو کسی پاک نام سے پکارے وہ متوجہ ہو کر اس کے مسائل حل کر دیتا ہے۔ وہ لوگ جن کی جائیداد اور زمین پر کسی نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہوا نہیں چاہیے کہ گھر میں سے کسی ایسے بڑے کو یہ عمل کرنے کے لئے کہیں جو مسلسل عمل کر سکتا ہو اور صحت مند ہو اگر گھر کا سربراہ باپ ہے تو باپ کو کہیں اور اگر باپ کا باپ بھی زندہ ہے یعنی دادا تو اپنے دادا کو کہیں کہ وہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 777 مرتبہ بعد از نماز عشاء 40 دن تک پڑھے۔ پڑھنے کے بعد 2 نفل اللہ کے حضور شکرانہ ادا کرے اور سر بسجود ہو کر اللہ سے مدد مانگے ان شاء اللہ انبی دنوں میں کوئی ایسی تدبیر پیدا ہو جائے گی کوئی ایسی صورت نکل آئے گی کہ قابضین خود ہی قبضہ چھوڑ کر اصل مالکان کو ان کی جائیداد واپس کر دیں گے۔ دنیاوی اعتبار سے یہ بات انہونی لگتی ہے۔ کہ جس نے ناجائز قبضہ کیا ہو وہ کسی کو اس کی جائیداد کیونکر واپس کرے گا لیکن یہ بات یاد رکھنا چاہئیے کہ اللہ جل شانہ کو تمام تر قوتوں کا منبع سمجھنا اور اس کی قدرت اور دسترس کو ماننا انتہائی ضروری ہے۔ شیطانی وسوسے انسان کی عقلی دلائل کی صورت میں بتاتے ہیں کہ جس نے قبضہ کیا ہے وہ خوامخوہ قبضہ کیسے چھوڑ دے گا؟ لیکن اللہ تعالیٰ جل شانہ اس بات پر قدرت رکھتا ہے کہ وہ ان ناجائز قابضین کے دلوں میں دہشت ڈال دے یا قانون کا کوئی محافظ ان کے پیچھے ایسا پڑ جائے کہ انہیں جائیداد ہر صورت واپس کرنی پڑے۔ اللہ تعالی کے ناموں کے عمل اتنے پر تاثیر ہیں کہ کبھی خطا نہیں ہوتے۔ شرط یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کو ہر چیز پر محیط سمجھا جائے۔

اگر کسی کی کوئی چیز گم ہو گئی ہو اور تلاش کے باوجود نہ مل رہی ہو تو اسے چاہئے کہ وہ اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 313 مرتبہ 7 دن تک پڑھے۔ ان شاء اللہ آٹھویں دن اسے سراغ مل جائے گا۔ اگر کسی نے چوری کی ہو گی تو اس کے دل میں ایسی ہیبت بیٹھے گی کہ وہ چیز کو واپس رکھ دے گا۔ یہ عمل گمشدہ بچوں کی تلاش کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے۔ راقم نے اسے کبھی خطا ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔

اگر کسی کا ملازم گھر سے بھاگ گیا ہو، اس کی گھر میں بے حد ضرورت ہو تو چاہیے کہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 707 مرتبہ روزانہ پڑھ کر اس کی واپسی کی دعا کرے یہ عمل 11 یا 21 دن کرنے سے بھاگا ہوا ملازم واپس آجائے گا۔

اللہ تعالی کی ذات ہر چیز کو جمع کرنے والی ہے۔ اگر کسی شخص کی کوئی چیز یا متاع گم ہوگئی ہو تو اسے چاہیے کہ وہ یا جامع بکثرت ورد کر کے اللہ سے دعا مانگے تو وہ کھوئی ہوئی شے مل جاتی ہے یا اس کے بارے میں خبر ہو جاتی ہے۔

اگر کوئی عزیز بچھڑ گیا ہو تو اسے ملنے کے لئے اس اسم مبارک کو 114 مرتبہ کھلے آسمان تلے پڑھنا مفید ہے۔ اگر عزیز و اقارب منتشر ہو چکے ہوں تو چاشت کے وقت غسل کرے اور آسمان کی طرف منہ کر کے 10 مرتبہ اس اسم مبارک کو پڑھے اور ایک انگلی بند کرتا جائے ، جب ساری اُنگلیاں بند ہو جا ئیں توآخر میں دونوں ہاتھ منہ پر پھیر لے اور دعا کرے ان شاء اللہ جلد سب جمع ہونگے۔

جو شخص اس اسم پاک کا عامل بننا چاہتا ہو اسے چاہئے کہ تہجد کے نوافل کے بعد اس پاک نام کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 6250 مرتبہ 40 دن پڑھے۔ ان شاء اللہ 40 دن بعد نوافل ادا کر کے شیرینی تقسیم کرے عامل بن جائے گا۔