اعمال اسماء الحسنیٰ

یا حفیظ کے اعمال

الحفیظ

اللہ تعالیٰ جل شانہ نے پوری کائنات کو تخلیق کیا اور اس کی تمام تر تخلیقات اپنی مثال آپ ہیں چونکہ وہ ان تمام مخلوقات کا خالق ہے اس لیے ان سب کی حفاظت بھی کرتا ہے اور ہر چیز کو برباد اور تباہ ہونے سے بچانے کی طاقت بھی اس کے پاس ہے دنیا میں یا پوری کائنات میں ہر چیز اسی کی بنائی ہوئی ہے اور اس لیے اپنی بنائی ہوئی ہر چیز کو قائم ودائم رکھنے کا ذمہ بھی اس نے خود لیا ہے وہ ہر اپنی بنائی ہوئی چیز کا محافظ بھی ہے یا پھر یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ وہ اپنی بنائی ہوئی تمام مخلوقات کا حفیظ ہے یعنی حفاظت کرنے والا ہے۔ صوفیاء کرام کے نزدیک حفاظت دو طرح کی ہے ایک ظاہری جسم کی اور دوسری ایمان کی حفاظت۔ انسان اپنے جسم کو بچانے کے لیے طرح طرح کے حفاظتی عمل کرتا ہے لیکن ان تمام حفاظتی اعمال میں اثر صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات بابرکات ہی ڈالتی ہے۔ بیمار ہوجائے تو دوا کھاتا ہے۔ اس دوا میں بھی تاثیر اللہ تعالیٰ ہی ڈالتا ہے کسی مشکل میں پھنس جائے تو اس کی مشکل کشائی بھی وہی ذات کرتی ہے۔ اب رہ گیا ایمان کی حفاظت کا معاملہ یہاں پر یہ بتانا اشد ضروری ہے کہ پروردگار عالم نے ایمان تو اپنی تمام مخلوقات کو عطا کیا مگر حفاظت وہ اس کے ایمان کی کرے گا جو ایمان کو محفوظ رکھنے کی نیت رکھتا ہو۔ اس کے ایمان کی حفاظت اللہ کے ذمے نہیں جو خود اپنے ایمان کو خراب کرتا ہے اور سرکشی کی راہ اختیار کرتا ہے اور ہاں جو انسان خود کو اللہ تعالی کے سپرد کر دے اللہ تعالی اس کے جسم اور ایمان کی حفاظت فرماتا ہے اور یہ نعمت بندے کو اللہ کو یا حفیظ کہہ کر پکارنے سے حاصل ہوتی ہے یہ اسم جمالی ہے اس کے اعداد 998 ہیں اور اس کے مقرب فرشتے کا نام عظمائیل ہے جو کہ چار افسر فرشتوں کا نگران ہے اور ہر افسر فرشتے کے تحت 998 صفیں ہیں اور ہر صف میں 998 فرشتے ہیں۔ اس کے فوائد درج ذیل ہیں

جو شخص دشمن کے حملے سے، شیطان کے بہکاوے سے نفس کی کمزوری سے اور نفس کی الجھنوں سے محفوظ رہنا چاہتا ہو تو اسے چاہئے کہ روزانہ بعد از نماز فجر 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو پڑھے اور رات سونے سے پہلے بھی با وضو ہو کر اس اسم پاک کو 313 مرتبہ اول و آخر درود شریف کے ساتھ پڑھے ان شاء اللہ وہ نفس، شیطان اور دشمنوں کے حملوں سے محفوظ رہے گا۔

اگر کسی مکان یا دکان میں اس اسم کو 1100 مرتبہ پڑھ کر پانی دم کر کے کونوں میں چھڑک دیں تو انشاء اللہ مکان یا دکان ہمیشہ محفوظ رہے گی۔اور کسی قسم کا خوف نہیں رہے گا۔

اگر کوئی شخص سفر میں ہو اور درمیان میں جنگل آجائے تمام نقصان پہنچانے والے اور جان لیوا موذی جانوروں سے خطرہ ہو تو اسے چاہئے کہ وہ اس اسم پاک کو پڑھتا ہوا اس جنگل میں سے گزرتا رہے ان شاء اللہ اس اسم پاک کی برکت سے کوئی بھی جنگلی جانور اسے کسی طرح کا بھی نقصان نہ پہنچا سکے گا بلکہ یہاں تک کہ کوئی جنگلی جانور قریب بھی نہیں آئے گا۔ رینگنے والے جانور جن میں سانپ، بچھو وغیرہ شامل ہیں ہو خود بخود راستہ دیتے جائیں گے اور عامل کو پتہ بھی نہیں چلے گا۔

 

یہ اسم مبارک انسان کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے بہت مؤثر ہے جب بھی کوئی انسان سفر میں ہو تو وہ اس اسم پاک کو بلا تعداد پڑھتا جائے ان شاء اللہ با حفاظت منزل مقصود تک پہنچ جائے گا۔ خاص طور پر ڈرائیور حضرات کو چاہئے کہ ڈرائیونگ کرتے وقت اس اسم پاک کو دوران سفر پڑھتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ انھیں ناگہانی حادثات اور آفات سے بچا کر منزل مقصود تک پہنچا دے گا۔ اگر کسی کا بحری جہاز طوفان میں ٹوٹ پھوٹ جائے اور وہ شخص کسی تختے پر بیٹھا ہو تو اس اسم پاک کو پڑھنے سے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وہ کنارے پر جا لگے گا

اگر کسی بچے یا بچی کو کسی کی نظرلگ گئی ہو جس سے والدین کو بے حد پریشانی لاحق ہو تو اس اسم کو ماں 1000 مرتبہ پڑھ کر پانی دم کر کے بچے کو پلائےتین روز تک اسطرح کریں۔ ان شاء اللہ نظر بد کا اثر ختم ہو جائے گا۔

سوائن فلو ڈینگی بخار، ایڈز اور دیگر موذی امراض دنیا میں پھیلتے رہتے ہیں ۔ اگر کوئی ان و بائی اور موذی امراض سے بچنا چاہتا ہو تو اسے چاہئے کہ بعد نماز عشاء اور وتر ادا کرنے سے پہلے اپنے اور اپنے تمام گھر والوں کی نیت کر کے اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 1100 مرتبہ 21 دن پڑھے۔ روزانہ عمل کے بعد پانی دم کر کے خود بھی پئے اور اہل خانہ کو بھی پلائے ۔ اس کے نقش بنا کر اپنے اور اہل خانہ کے گلے میں ڈال دے۔ ان شاء اللہ وہ اور اس کے اہل خانہ وبائی امراض سے محفوظ رہیں گے۔

کسی شخص کی کوئی شے گم یا گھر کا کوئی فرد غائب ہو گیا ہو تو چاہئے کہ اس اسم کو 786 مرتبه اول و آخر 3 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 7 دن پڑھے۔ ان شاء اللہ 24 گھنٹے میں گمشدہ شے یا غائب شخص کے لوٹنے کے اسباب پیدا ہونا شروع ہو جائیں گے۔ 7 دن کے اندر اندر معاملہ یوں حل ہوگا کہ عقل دنگ رہ جائے گی

اگر کسی شہر میں کوئی وباء پھوٹ پڑے اور یہ خوف ہو کہ وہ کسی وبائی مرض میں مبتلا نہ ہو جائے تو اسے چاہئے کہ روزانہ بعد از نماز فجر 3992 مرتبه اول و آخر 7 مرتبہ درود شریف کے ساتھ اس اسم پاک کو پڑھے اور پانی پر دم کرے۔ پانی خود بھی پئے اور تمام اہل خانہ کو بھی پلائے تو وہ تمام گھرانہ وبائی مرض سے محفوظ رہے گا۔

اگر کوئی شخص کسی سفر میں جارہا ہو اور اس کے ساتھ اس کا بہت سا قیمتی سامان ہو اور اسے ڈر ہو کہ کہیں یہ مال گم نہ ہو جائے تو اسے چاہئے کہ وہ اس اسم مبارک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 998 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کرے اور اپنے تمام مال و اسباب پر اس کو چھڑک دے۔ کچھ پانی بچالے اور اسے وہ خود پی لے تو ان شاء اللہ اس کا مال و اسباب چاہیے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا رہا ہو یا کہیں بھی پڑا ہو بھی تم نہیں ہو گا ہمیشہ محفوظ رہے گا

جو شخص اس کا عامل بننا چاہے وہ ایک مخصوص جگہ کا انتخاب کر کے اپنے چاروں طرف ایک ایک مرتبہ آیتہ الکرسی پڑھ کر دم کرے اس کے بعد اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 6250 مرتبہ اس اسم پاک کو 40 دن پڑھے۔ عمل پورا ہونے پر دو نفل شکرانہ پڑھ کر شیرینی تقسیم کرے۔ اس کے بعد وہ ورد یا نقش دے سکتا ہے۔