Blog
یا غفار کے اعمال
وہ غفار ہے یعنی اپنے بندوں کے گناہ معاف کرنے والا ہے۔ غفار کا مطلب ڈھانپنا اور چھپانا ہے جو شخص اس اسم مبارک کو کثرت سے پڑھتا ہے وہ اللہ کا شیدائی بن جاتا ہے۔ میں نے جب بھی اپنے کسی روحانی طالب کو اس اسم مبارک کی کثرت سے مداومت کروائی ہے۔ اس کے نتیجے میں اس کے دل میں ہر وقت تو بہ اور مغفرت کا احساس موجزن رہتا ہے۔ اس عمل کے چند مجربات جو میرے معمولات میں شامل ہیں درج ذیل ہیں۔
جب کس کو تنگدستی ہو روزی کے ذرائع محدود ہوں یا حصول مال میں رکاوٹ کا سامان ہو تو اسےچاہیے کہ رات کے پچھلے پہر اٹھے اور اللہ کے حضور دو، دو رکعت کر کے میں نوافل پڑھے اور ہر رکعت میں الحمد کے بعد قل شریف پڑھ کر 100 مرتبہ یا غَفَّارُ پڑھے 21 یوم تک یہ عمل وقت معینہ کے ساتھ جاری رکھےمیرے پاس ایسے سینکڑوں واقعات (Cases) موجود ہیں کہ جن کو میں نے یہ عمل کروایا تو اس کی بدولت آج وہ مالی آسودگی اور کشائش رزق کی نعمتوں سے بہرہ مند ہیں۔
ایسے لوگ جو غم واندوہ میں گھرے ہوئے ہوں اور کسی بھی طرح ان کا یہ بوجھ ہلکا نہ ہوتا ہو تو ان کیلئے المجرب روحانی تجربہ پیش خدمت ہے کہ ہر نماز کے بعد 41 مرتبہ یہ اسم مبارک کو سینے پر ہاتھ رکھ کر پڑھ لیا کرے انشاء اللہ غم سے چند ہی دنوں میں چھٹکارا مل جائے گا اور روحانی لطافت کا احسان ہونے لگے۔
مقدمے میں راضی نامہ اگر دو فریقوں کے درمیان لڑائی ہو جائے اور وہ ایک دوسرے پر مقدمہ کر جائیں اور ایک فریق یہ چاہتا ہو کہ ان کے درمیان راضی نامہ ہو جائے تو چاہئے کہ اس اسم پاک کو بعد از نماز مغرب 1100 مرتبہ پڑھے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ دونوں فریقین میں راضی نامہ 11 دن میں ہو جائے گا۔
یہ اسم پاک گناہوں سے مغفرت کے لیے اکسیر ہے۔ جو شخص چاہے کہ اللہ تعالی اس کے گناہ معاف کرتا رہے اس کے عیب ڈھانپتا ر ہے اور بعد از مرگ اس کی مغفرت فرمادے تو اسے چاہیے کہ اس اسم پاک کو روزانه بعد از نماز فجر 1281 مرتبه بمعه اول و آخر سات مرتبہ درود پاک پڑھے۔ اس کو اپنی زندگی کا معمول بنالے تو مرنے کے بعد اس کے گناہ آسمان کے ستاروں سے زیادہ ، سمندر کے قطروں سے کئی گنا زیادہ اور صحراء کے ریت کے ذروں سے بہت زیادہ ہوں تب بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کے سارے گناہوں پر محیط ہو کر نہ صرف اس کے تمام گناہ معاف کر دے بلکہ اس پر اپنے خزانوں کے منہ بھی کھول دے۔ گناہ سے مراد یہاں وہ گناہ ہے جس کا تعلق انسان اور اللہ تعالی جل شانہ کے درمیان ہے وہ گناہ جو انسان کے ساتھ کئے ہوں گے ان کی معافی نہیں ہے۔ ہاں اگر کسی انسان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہو وہ اس عامل کو معاف کر دے تو درجات کی بلندی کا اندازہ انسانی عقل سے بعید ہے۔
اگر کوئی شخص بعد از نماز جمعہ اس اسم مبارک کی ایک تسبیح کرے اور اول و آخر 11 مرتبہ درود ابراہیمی یعنی نماز والا درود پڑھے تو ہمیشہ مغفرت خداوندی میں رہے اور اسے گناہوں سے بچنے کی توفیق ملتی ہے۔
جس شخص کی طبیعت نیک کاموں کی طرف مائل نہ ہوتی ہو، برائی کرنے میں لذت آئے جو بعد میں ندامت میں بدل جائے اور وہ چا ہے کہ اللہ تعالیٰ جل شانہ اسے نیک اعمال کی توفیق عطاء کرے تو اسے چاہئے کہ غسل کر کے پاک لباس زیب تن کر کے دو رکعت نماز توبہ پڑھے اس کے بعد 1281 مرتبه اول و آخر گیاره مرتبہ درود شریف کے ساتھ اس اسم کو چالیس دن تک پڑھے تو اللہ تعالیٰ جل شانہ کی رحمت سے اس کے اندر برائیوں سے نفرت پیدا ہو جائے گی اور جو پہلے سے برائیاں اس کا حصہ بن چکی تھیں وہ ختم ہو جائیں گی اور وہ نیک اعمال کی طرف راغب ہو جائے گا۔ اس کے دل میں اللہ تعالی جل شانہ سے مغفرت حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہو جائے گا۔
جب کسی شخص کو رزق کی تنگی ہو اور روزی کے ذرائع محدود ہوتے ہوتے ختم ہونے کے قریب ہوں یا مال کے حصول میں کوئی رکاوٹ ہو یا کاروبار بالکل تباہ ہو گیا ہو تو اسے چاہتے کہ رات کے پچھلے پہر اٹھے دو دو رکعت کر کے 12 نفل ادا کرے اور ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد قل شریف پڑھے۔ اس کے بعد ایک تسبیح یا غفار پڑھے اور اول و آخر سات مرتبہ درود پاک پڑھے۔ عمل 21 دن مسلسل کرے تو اللہ تعالی جل شانہ کی طرف سے اس کی تنگدستی دور ہونے کے آثار پیدا ہو جائیں گے اور اسے ایسی جگہ سے رزق ملے گا جہاں اس کا گمان بھی نہ جاتا ہو۔
جب انسان پر روزی تنگ ہو یا پریشانی دامن گیر ہو یا زیادتی مال و متاع چاہتا ہو تو اسے چاہئے کہ تین اسماء یا غفور یا غفار، یا عفو خلوص دل کے ساتھ پروردگار عالم کا خوف دل میں رکھ کر چا ھے تو جو شے طلب کرے اللہ تعالی جل شانہ اسے عطا کرے گا اور ہر شدت اور سختی دور ہو گی ظالم و موذی کے ایذا اور ظلم سے محفوظ رہے گا۔
ان تین اسماء الحسنٰی یا غفور یا غفار، یا عفو کا ایک اور بہت بڑا اعجاز ہے کہ جس شخص کے ہاں اولاد نہ ہوتی ہو اور وہ تمام دنیاوی کوششیں کر کے تھک چکا ہو تو بعد از نماز عشاء ان تینوں اسماء کو اکٹھا کر کے ایک تسبیح پڑھے یعنی ایک دانے پر اللہ تعالی جل شانہ کے تینوں نام لے۔ اول و آخر پانچ مرتبہ درود شریف پڑھے تو معجزانہ طور پر اللہ تعالی اسے اولاد کی نعمت سے نواز دے گا۔ نقص چاہے بیوی میں ہو یا میاں میں اللہ تعالی جل شانہ کے فضل و کرم سے تمام نقائص دور ہو جائیں گے اور اولاد کی نعمت حاصل ہوگی۔
اس اسم کا عامل بننے کے لیے اس اسم پاک کو 40 دن تک 7686 مرتبہ اول و آخر 11 درود پاک کے ساتھ پڑھنا چاہئے ۔ 40 دن کے بعد دو رکعت نماز نفل شکرانہ ادا کریں۔ نماز کی پابندی شرط ہے۔