اعمال اسماء الحسنیٰ

یا بصیر کے اعمال

یا سمیع کے اعمال

سمیع کے لغوی معنی سننے والے کے ہیں جب اسے اللہ تعالیٰ جل شانہ کے صفاتی نام کے مطابق معنی دیئے جائیں تو سمیع وہ ذات جس کے سننے سے کوئی بات نہ رہے حتی کہ وہ چیونٹی کے چلنے کی آہٹ بھی سنتا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کے بارے میں بڑے فخر سے یہ کہا بمطابق قرآن کریم ” اور میرا رب دعا کا بڑا سننے والا ہے۔ جناب حضرت امام علی رضا فرماتے ہیں کہ اس اسم کا پڑھنے والا مستجاب الدعوات ہو جاتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس کی ہر فریاد اور ہر ضرورت کو پورا کرتے ہیں

یہ اسم مبارک مستجاب الدعوات بنےکیلئے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ اس لیےاگر کسی شخص کی خواہش ہو کہ اُسکے کسی ضروری کام لیے دعا اللہ کے حضور لازما قبول ہو تو اس چاہیے کہ گیارہ روز 1250 مرتبہ اس اسم مبارک کو صبح کے وقت پڑھے اس کے بعد گیارھویں روز اللہ کے حضور دعا کرے انشاء اللہ ہر جائز کام کیلئے دعا قبول ہوگی

 اگر کوئی شخص مشکل امور اور مہمات میں پھنس گیا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ مشکل کے وقت 700 بار یَاسَمِیْعُ کا ورد کرے اور پرودگار سے دعا کرے اس کام کا آغاز کرے ان شاء اللہ کامیابی حاصل کرے گا۔

 اس اسم مبارک کی یہ خاصیت ہے کہ اگر کوئی اہل طریقت اس اسم مبارک کو 1250 مرتبہ اول و آخر درود ابراهیمی گیارہ مرتبہ کے ساتھ وقت معینہ اور جگہ مخصوص کے ساتھ چالیس یوم تک پڑھے اس نیت کے ساتھ کہ اللہ تعالی اسے جانوروں کی آواز سننے کی قوت عطاء کرے۔ انشاءاللہ اسے اللہ تعالی سماعت کی ایسی قوت عطاء فرمائے گا کہ جانورں کی آوازوں کو سمجھنے لگے گا۔

 جس مقصد کے لیے اس اسم “یا سمیع” کو 8 دن 468 مرتبہ متواتر بمعہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھا جائے اللہ تعالیٰ جل شانہ کے فضل و کرم سے وہ مقصد حاصل ہو۔ اس عمل کو جمعہ کے مبارک دن بعد از نماز فجر شروع کیا جائے اور پھر روزانہ بعد نماز فجر ہی پڑھا جائے ۔ 

جو شخص قرب الہی کی تمنا رکھتا ہو اسے چاہئے کہ اس اسم پاک “یا سمیع”کو 1800 مرتبہ روزانه بعد از نماز عشاء وتروں سے پہلے اول و آخر 9 مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھے۔ ان شاء اللہ ذاکر کو اللہ تعالیٰ جل شانہ سے قربت ہوگی اور اس قربت الہی کا یہ فیض ہوگا کہ اس کی ہر دعا اللہ تعالی کے فضل و کرم سے قبول ہو جائے گی۔

کوئی اپنی زبان میں تاثیر پیدا کرنا چاہے، چاہے کہ لوگ اس کی بات دھیان سے، غور سے سنے اور اس پر عمل کرے تو اسے چاہئے کہ شرف قمر میں ایک چاندی کی انگوٹھی پر اس اسم پاک”یا سمیع” کو نقش کرے اور کھلے آسمان کے نیچے چاند کی روشنی میں بیٹھ کر اس اسم پاک “یا سمیع”کو 41 دن روزانه 180 مرتبہ جمعہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے تو اس کی زبان میں تاثیر پیدا ہو جائے گی۔ ہر کوئی اس کی بات سنے گا ، مانے گا ، واعظوں اورخطیبوں کے لیے یہ عمل انتہائی موزوں اور فائدہ مند ہے۔

جس شخص کو بواسیر کی تکلیف ہو۔ تو اسے چاہئے کہ اس اسم مبارک “یا سمیع” کو اپنے نام کے اعداد بمعہ والدہ کے نام کے مجموعہ کے مطابق روزانہ 40 دن پڑھے اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک پڑھے اور اس اسم مبارک کو زعفران اور عرق گلاب سے لکھ کر روزانہ نہار منہ پیئے تو ان شاء اللہ چالیس دن کے بعد ہمیشہ کے لیے بواسیر سے نجات حاصل کرے گا۔

اس اسم پاک کی یہ خاص صفت ہے کہ یہ ان لوگوں کے لیے تیز بہدف نسخہ ہے جس کو سنائی نہیں دیتا جس کی قوت سماعت کسی وجہ سے ختم ہوگئی ہے۔ انھیں چاہئے کہ روغن بادام پر اس اسم پاک “یا سمیع” کو 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھ کر دم کر کے کانوں میں ڈالے اور 40 دن تک اس عمل کی مداومت کریں ان شاء اللہ 40 دن گزرنے کے بعد قوت سماعت بحال ہو جائے گی۔ یہاں پر اہل علم اور طب کا علم جاننے والوں کی طرف سے سوال اٹھا ئیں گے کہ سننے کا کام آٹھواں عصبہ 8th Nerve کے ذریعے ہوتاہے اور اگر ایک مرتبہ یہ عصبہ (Nerve) ختم ہو جائے تو دوبارہ زندہ نہیں ہوسکتا۔ بحیثیت معالج میں بھی اس بات کو سمجھتا ہوں لیکن جس طرح ہر سسٹم آف میڈیسن کا اپنا اپنا پروٹوکول یعنی طریقہ کار ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ کے پاک ناموں کو بھی ایک سسٹم آف میڈیسن مان لیا جائے تو اس کا بھی ایک طریقہ کار ہے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن آلٹرنیٹو سٹم آف میڈیسن میں (Faith Healing) یعنی دم درود کو بھی شامل کیا گیا ہے اور کیا ہی اچھا ہو کہ اگر انسان اپنی عقل کو اس وقت رخصت دے دے جب وہ اللہ تعالی سے مدد مانگ رہا ہے۔ اس لیے کہ وہ ذات ہر چیز پر قدرت اور اختیار رکھتی ہے۔

یہ اسم پاک”یا سمیع” اپنے اندر اس بات کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کہ یہ ذاکر کی ہر جائز دعا کو اللہ کے ہاں قبول کروا دے۔ جو شخص چاہتا ہو کہ اس کی ہر دعا یعنی جائز دعا اللہ کے ہاں قبولیت کا درجہ اختیار کر لے تو اسے چاہیے کہ نو چندی جمعرات کو بعد از نماز عشاء وتروں سے پہلے اس اسم”یا سمیع” کو 707 مرتبہ پڑھے اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک پڑھے اور 40 دن کے بعد اس کی زبان میں وہ تاثیر پیدا ہو جائے گی جو اس کی ہر دعا کو اللہ کے ہاں قبول کروانے کا سبب بن جائے گی۔

جس شخص کے کان میں درد ہو اور وہ تکلیف سے پریشان ہو عموماً بچوں کو کان میں درد کی شکایت ضرور ہو جاتی ہے تو چاہئے کہ اس اسم پاک کو کسی ایک پیر کو 11000 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھ کر روغن بادام پر دم کرے اور محفوظ کر لے جب بھی کسی کو درد ہو تو اس کے کان میں ایک قطرہ ڈالنے سے دردفورا کا فور ہو جائے گا۔

اگر کسی شخص کو بزرگی یعنی عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے کم سنائی دیتا ہو تو اسے چاہئے کہ ہر نماز کے بعد 21 مرتبہ اس اسم پاک کو پڑھے اور اپنی سماعت کے لیے اللہ سے دعا کرے جب تک یہ عمل جاری رکھے گا سماعت کی کمزوری سے اور بہرہ پن سے محفوظ رہے گا اور اگر اس عمل کو تاحیات کرتا رہے تو تاحیات اس کی سماعت بحال رہے اور سننے میں کوئی دقت نہ ہو۔

 اگر کسی کو کوئی حاجت در پیش ہو تو اسے چاہئے کہ جمعے کی شب کو اپنے گھر کے تمام افراد کے ساتھ بیٹھ کر اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 18000 مرتبہ پڑھیں اور اس کے بعد سب مل کر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے مقصد پورے ہونے کی دعا کریں۔ یہ عمل 7 جمعے کی راتوں کو کرنے سے حاجت بلاشبہ پوری ہوگی اور راستے کی تمام رکاوٹیں دور ہوں گی۔

جو شخص یہ چاہے کہ وہ جانوروں کی بولی کو سمجھ سکے تو اسے چاہئے کہ پانچ وقت نماز کی پابندی کرے جھوٹ بولنے سے اجتناب کرے لوگوں کی مدد کرے اور تب جا کر اس عمل کو شروع کرے عمل کچھ اس طرح ہے کہ جو شخص جانوروں کی آواز سمجھنے کی قوت حاصل کرنا چاہتا ہو اسے چاہئے کہ وہ اسم پاک”یا سمیع” کو 40 دن جمعه اول و آخر درود شریف 7 یا 11 مرتبہ 1800 مرتبہ پڑھے۔ اور روزانہ صبح اٹھ کر بعد از نماز فجر کسی کھلی جگہ میں جا کر جانوروں کو دانہ ڈالے ۔ 40 دن یہ عمل کرنے کے بعد اللہ تعالی کے فضل و کرم سےپروردگار اسے وہ سماعت عطا فرمائے گا کہ وہ جانوروں کی بولی کو سمجھنے لگ جائے گا

جو شخص اس اسم پاک کا عامل بننا چاہے تو اسے اس اسم پاک کی زکوۃ ادا کرنا ہوگی اور زکوٰۃ یہ ہے کہ پابندی صوم و صلوۃ کے ساتھ روزانہ 10000 مرتبہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے 40 دن گزرنے پر 7 دن تک کسی میٹھی چیز پر روزانہ ایک تسبیح اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے اور شیرینی چھوٹے بچوں میں تقسیم کر دے اس کے بعد وہ شخص اس اسم کا عامل ہو جائے گا اور اس اسم کا ورد اور نقش درج بالا فوائد کے لیے دوسروں کو دے سکتا ہے۔