العلی کے اعمال
علی اللہ تعالیٰ کی یہ صفت علو سے مشتق ہے۔ اس کا مطلب بلند مرتبہ اور بزرگی کے ہیں ۔ حقیقت میں صرف اللہ ہی ہے جس کی ذات بلند و برتر اور اعلیٰ ترین ہے۔ وہ رہتے اور درجے میں اتنا بلند ہے کہ کوئی دوسرا اس کی انتہاء کو نہیں پہنچ سکتا، ہر چیز اس کے مقام و مرتبے سے پست ہے۔ لہٰذا اللہ تعالی اس لحاظ سے علی ہے اور وہ سب پر غالب اور طاقتور ہے۔ اس کے علاوہ ارتفاع کا مرتبہ صرف اسے ہی حاصل ہے، اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں کتنا بلند ہے وہ انسانی عقل میں اس لیے بھی نہیں آسکتا کہ انسان کی عقل کی ایک انتہا ہے اور وہ انتہا ہے مقام حیرت جہاں حیرت واقعہ ہوتی ہے وہاں انسان کی عقل دم توڑ دیتی ہے ۔ کائنات کی ترکیب اور ترتیب پر غور کیجئے موسموں کے تغیر اور تبدل کو دیکھئے سورج ، چاند، ستاروں کے اعمال کا جائزہ لیجئے بادلوں کے برسنے کو سوچیئے ۔ اس کے بعد اس بات کا اندازہ لگائیے کہ جو ذات کا ئنات کی ان تمام چیزوں کو اُن کے ایک مخصوص طریقے اور اپنے ایک مخصوص نظام سے چلا رہی ہو وہ ذات کتنی بڑی ہوگی۔ انسان اس بات کو سمجھتا تو ہے لیکن اسے بھول جانے کا مرض ہے۔ زمین پر وہ اتر کر چلتا ہے فضاؤں میں وہ فخر سے سفر کرتا ہے اور یقیناً وہ اس بات کو بھول جاتا ہے کہ یہ سب کمال اسے صرف اس لیے حاصل ہیں کہ اللہ تعالیٰ جل شانہ نے اسے اپنی خلافت کے منصب سے نوازا ہوا ہے اور جس ذات کا خلیفہ اس قدر طاقتور ہے کہ فرشتوں نے اس کو سجدہ کیا، جنات نے اس کے ہاتھ پر بیعت کی۔ اس کی عظمت کا اندازہ کسی طرح سے لگایا جا سکتا ہے۔ یہ صفت اتنے بلند مقام کی حامل ہے کہ جو کوئی اللہ تعالیٰ کو اس کے اس صفاتی نام سے پکارتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے بھی بلند و برتر کر دیتا ہے اور اپنی مخلوق میں اسے بے پناہ بڑائی اور بزرگی عطا فرماتا ہے۔ یہ اسم جمالی ہے اس کے مؤکل کا نام علیائیل ہے جو 4 ماتحت لیکن افسر فرشتوں کا حاکم ہے اور ہر ماتحت فرشتے کے پاس 110 صفیں ہیں اور ہرصف میں 110 فرشتے ہیں۔ اس کے اعداد 110 ہیں
اگر کسی کی بیوی یا شوہر آپس میں مطابقت نہ رکھتے ہوں اور ان میں ہمیشہ لڑائی جھگڑا رہتا ہو اور ہر دو فریق میں سے کوئی بھی بات بات پر بے رخی اختیار رکھتا ہو تو متاثرہ فریق کو چاہئے کہ اسم پاک یا علی کو 21 دن تک 1100 مرتبه اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے اور جب 21 دن پورے ہو جائیں تو دو نفل حاجت کے پڑھے اور اس کے بعد اللہ تعالی کے حضور یہ دعا کرے کہ اس کا دوسرا فریق اس کے مطابق ہو جائے۔ اس کے بعد ایک سفید کاغذ لے کر اس کے چار کونوں پر مؤکل کا نام لکھا جائے شروع میں ( بسم اللہ الرحمن الرحیم ) لکھا جائے اور درمیان میں یا علی لکھ کر 11 دن تک پلایا جائے ۔ ان شاء اللہ میاں بیوی کی ناچاقی ہمیشہ کے لیے دور ہو جائے گی
اگر کسی کو شادی کا پیغام نہ آتا ہو تو لڑکا یا لڑکی بذات خود اسم پاک یا علی کو 2970 مرتبه اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 40 دن تک بعد از نماز مغرب پڑھے۔ اگر لڑ کی بوجہ مجبوری کے نہ پڑھ سکتی ہو تو دوسرے بہن بھائی یا والدین میں سے کوئی اس کی نیت کر کے پڑھ سکتا ہے۔ جب اس اسم کی مدت مکمل ہو جائے تو ان شاء اللہ بہتر رشتے کا پیغام آئے گا۔ جب رشتہ دیکھنے جائیں تو دل میں اس اسم پاک کا ذکر کرتے رہیں، اگر رشتہ بہتر ہو گا تو شادی ہوگی وگر نہ نہیں ہوگی ۔
جو شخص چاہے کہ اللہ تعالیٰ جل شانہ اسے خلقت کی نظروں میں معتبر کر دے تو اسے چاہئے کہ بعد از نماز فجر 1100 مرتبہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 40 دن اس اسم کو پڑھے ۔ 40 دن کے بعد روزانہ 11 مرتبہ پڑھ کر گھر سے نکلے۔ ان شاء اللہ تعالی مخلوق خدا کی نظروں میں عزیز ہو جائے گا اور دنیاوی طور پر بھی بلند رتبہ عطا ہو گا
اگر کسی شخص کی ترقی اس کے حکام بالا نے روک لی ہو۔ اس کا حق ہونے کے باوجود اسے ترقی کا پروانہ نہ ملتا ہوتو ایسے شخص کو چاہئے کہ وہ اسم پاک یا علی کو 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود شریف کے ساتھ 40 دن پڑھے۔ 41 ویں دن شیرینی تقسیم کرے اور دو نفل نماز شکرانہ ادا کرے۔ ان شاء اللہ اول تو 40 دنوں کے اندر اندر ہی اس کا کام ہو جائے گا ورنہ 40 دن کے بعد اس کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
یہ وظیفہ ڈاکٹروں اور وکیلوں کے لیے بے حد مفید ہے۔ انھیں چاہئے کہ کام پر جانے سے پہلے باوضو ہو کر اسم پاک یا علی کو 110 مرتبه اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے اور پھر کام پر جائیں ۔ اس کی برکت سے اور اس اسم پاک کو پڑھنے سے ان کی اپنے پیشہ میں شہرت دور دور تک پھیل جائے گی اور ان کے کام میں برکت ہوگی اور اگر حاکم وقت اس اسم پاک کو پڑھے تو اس کی حاکمیت دیر تک قائم رہے گی ۔
اگر کسی کو درد یا ورم ہو تو اسم پاک یا علی کو 300 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھ کر پانی دم کر کے مریض کو پلا دیں ساتھ ہی مریض پر پھونک بھی مار دیں۔ ان شاء اللہ درد فورا ختم ہو جائے گا اور ورم آہستہ آہستہ سات دنوں کے اندر تحلیل ہوجائے گا
اگر کسی شخص کو خونی بواسیر ہو اور اسے آرام نہ آتا ہو تو اس کو چاہئے کہ اسم پاک یا علی کو ایک ہزار مرتبہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئے ۔ 7 روز تک یہ عمل مسلسل جاری رکھیں تو نہ صرف خون آنا بند ہو جائے گا بلکہ اس مرض سے بھی نجات حاصل ہوگی ۔
اگر کوئی آپریشن سے خوفزدہ ہو یا اس کے پاس مادی وسائل کی کمی ہو تو وہ اسم پاک یا علی روزانہ اول و آخر 11 مرتبہ درود شریف کے ساتھ 110 مرتبہ بعد از نماز فجر 40 دن پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئے۔
اگر کسی عورت کو اندرونی تکلیف ہو اور اس کو حیض بہت زیادہ آتے ہوں۔ ڈاکٹر اور حکیم اس کا سبب بچہ دانی میں رسولیاں بتاتے ہوں اور آپریشن تجویز کرتے ہوں اور وہ عورت آپریشن سے خائف ہو تو اسے یہ عمل کرنا چاہئے ۔ بہر حال ہر سسٹم آف میڈیسن اپنی افادیت رکھتا ہے۔ اس کے مطابق عمل کرنے سے بھی انسان کو شفاء ہو جاتی ہے۔ یہاں منشاء ہرگز نہیں کہ کسی بھی سسٹم آف میڈیسن سے استفادہ نہ کیا جائے۔ ہر طریقہ علاج میں شفاء اللہ کے حکم سے ہوتی ہے اور اس اسم پاک کو110 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کر کے روزانہ پیا جائے۔ ) ۔ 40 دن کے بعد روزانہ 11 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنالیں۔ 40 دن کے بعد اپنا الٹراساؤنڈ کرائیں ان شاء اللہ رحم کی رسولیاں تحلیل ہو چکی ہوں گی۔
اگر کسی کے جسم پر رسولی نمودار ہوا اور ڈاکٹر اس کے آپریشن کا مشورہ دے رہے ہوں تو مریض کو چاہئے کہ آپریشن سے پہلے اللہ تعالیٰ کے اسم پاک یا علی سے استفادہ کرے۔ جس جگہ رسولی ہوا سے دائرہ لگا کر اس پر اسم مبارک یا علی کے اعداد 110 دائرہ کے اندر لکھ دیں اور اس اسم پاک کو 313 مرتبہ روزانہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ 40 دن پڑھے روزانہ پڑھنے کے بعد پانی پر دم کریں اور پانی پی لیں اور اس کا تھوڑا سا پانی بچا کر اسے اس رسولی پر لگائیں ۔ 40 دن کا عمل ختم نہیں ہو گا کہ مریض کو شفاء حاصل ہونا شروع ہو جائے گی۔ اگر رسولی جسم کے کسی اندرونی حصے میں ہے تو صرف پانی پڑھ کر پینا ہی کافی ہے۔ ان شاء اللہ شفاء ہوگی اور رسولی غائب ہو جائے گی
جو شخص اپنے اعلیٰ افسران کی بد مزاجی کی وجہ سے تنگ ہو اور اسے ان سے بچنے کی کوئی تدبیر نظر نہ آتی ہو تو اسے چاہئے کہ اسم پاک یا علی کو بعد از نماز عشاء وتروں سے پہلے 777 مرتبہ اول و آخر 21 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 40 دن تک پڑھے اور اپنے افسران بالا کا تصور کرے اور اللہ کے حضور دعا کرے کہ وہ ان کے شر سے محفوظ رہے۔ ان شاء اللہ افسران بالا نہ صرف اسے تنگ کرنا بند کر دیں گے بلکہ اس پر مہربان بھی ہو جائیں گے
اللہ تعالیٰ کی صفت علو سے مشتق ہے اس کا مطلب ہے بلند مرتبہ اور بزرگ اللہ تعالیٰ کی مجھ پر خاص کرم نوازی ہے کہ اس نے مجھے یہ ہمت اور توفیق دی کہ میں خلق خدا کی ہمہ وقت بے لوث خدمت خلق میں مشغول رہوں ۔ اسم یَاعَلِیُّ کا وظیفہ ان شعبوں سے وابستہ لوگوں کیلئے وہ تحفہ نایاب ہے کہ جس کی مداومت ان شعبوں سے وابستہ لوگوں کی ترقی میں انتہائی مفید اور فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
وہ شخص جو اپنی کسی غلطی کی وجہ سے لوگوں کی نظروں میں بے قدر ہو چکا ہو۔ اسے چاہیے کہ اکیس روز تک ہر صبح کی نماز کے بعد روزانہ 500 مرتبہ یا علی کا ورد کرے اور پروردگار سے دعا کرے تو اللہ تعالی اسے دوبارہ باعزت باوقار بنادے گا۔
اسم مبارک یا علی کا عامل بنے کے لیے اس اسم پاک کو 1000 مرتبہ روزانہ اول وآخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 110 دن تک پڑھے۔ دوران وظیفه گوشت، انڈہ مچھلی اور زیادہ گرم خوراک کا استعمال نہ کرے۔ چلہ مکمل ہو جانے کے بعد دو نفل شکرانہ اللہ کے حضور ادا کرے۔ روزانہ 110 مرتبہ اسم مبارک یا علی کو اول و آخر 7 مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھنا اپنا معمول بنالے۔ اس کے بعد جس کو بھی درج بالا جائز کام کے لیے نقش دے یا ورد پڑھنے کے لیے کہے ان شاء اللہ فائدہ ہوگا ۔ غیر مسلموں کو نقش دینے کے لیے اعداد استعمال کرے۔