اسلام اور عملیات

تعویذات کی ناجائز صورتیں

سوال:-  تعویذ کی کون سی صورتیں نا جائز ہیں؟ ۔

جواب :- امام اہل سنت امام احمد رضاخان  رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ اس سے ملتے جلتے  ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں عملیات و تعویذ اسمائے الہی وکلام الہی سے ضرور جائز ہیں جبکہ ان میں کوئی طریقہ خلاف شرع نہ ہو مثلاً (1) کوئی لفظ غیر معلوم المعنی جیسے حفیظی رمضان کعسلہون ( یہ تینوں مل کر ہوں تو انکا کوئی صیح معنی نہیں بنتا اور دعائے طاعون میں طاسوسا، عاسوسا، ما سوسا ، ایسے الفاظ کی اجازت نہیں جب تک حدیث یا آثار یا اقوال مشائخ معتمدین سے ثابت نہ ہو۔

(2) یونہی دفع صرع وغیرہ کے تعویذ کہ مرغ کے خون سے لکھتے ہیں یہ بھی ناجائز ہے، اس کے عوض مشک سے لکھیں کہ وہ بھی اصل میں خون ہے۔

(3) یونہی حب و تسخیر (محبت اور قابو کرنے ) کے لئے بعض تعویذات دروازہ کی چوکھٹ میں دفن کرتے ہیں کہ آتے جاتے اس پر پاؤں پڑیں یہ بھی ممنوع و خلاف ادب ہے۔

(4) اسی طرح وہ مقصود جس کے لئے وہ تعویذ یا عمل کیا جائے اگر خلاف شرع ہونا جائز ہو جائے گا جیسے عورتیں تسخیر شوہر کے لئے تعویذ کرتی ہیں، یہ حکم شرع کا عکس ہے اللہ عزوجل نے شوہر کو حاکم بنایا ہے اسے محکوم بنانا عورت پر حرام ہے ۔