سوال:۔1
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ روزے کی حالت میں انڈوسکوپی کروانا جائز ہے کیا اس سے روزہ ٹوٹ
جائے گا۔
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ
الجواب يكون المَلِكِ الوَهَّابِ اللَّهُمَّ اجْعَلْ إِلَى النُّورَ وَالصَّوَاب
انڈوسکوپی (Endoscopy) جس میں منہ کی جانب سے کیمرہ ڈال کر پیٹ یا آنتوں، کا معائنہ کیا جاتا ہے جیسا کہ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہےاگر کیمرہ کے ساتھ کوئی میڈیسن لگا کر اسے پیٹ یا معدے کی آنتوں میں داخل کیا جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔ فقہ حنفی کی معتبر کتاب در مختار میں ہے کہ اگر پچھلے مقام میں تر انگلی داخل گئی تو روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ اس کی تری اندر چلی گئی ہے جیسا کہ درمختار میں ہے:
أَوْ أَدْخَلَ أَصْبْعَهُ الْيَابِسَةَ فِيهِ أَيْ دُبُرِهِ وَلَوْ مُبْتَلَةً فَسَدَ” خشک انگلی پاخانہ کے مقام میں رکھی تو روزہ نہ ٹوٹا اور اگر انگلی تر تھی تو روزہ ٹوٹ گیا۔ (الدر المختار، كتاب الصوم، باب ما يفسد الصوم وما لا يفسده، ج ۳، ص ۴۲۳)
لیکن اگر میڈیسن یا کسی لیکیوڈ کو لگائے بغیر صرف کیمرہ کا داخل کیا جائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ فقہ کی کتابوں میں یہ جزیہ موجود ہے کہ اگر کسی نے پاخانے کے مقام سے لکڑی داخل کی مگر اس کا ایک سرا باہر ہے تو روزہ نہیں ٹوٹا اور ایسا ہی کیمرہ داخل کرنے کی صورت میں ہوتا ہے۔در مختار میں ہی ہے:
أَدْخَلَ عُودًا وَنَحْوَهُ فِي مَقْعَدَتِهِ وَطَرَفُهُ خَارِجٌ وَإِنْ غَيَّبَهُ فَسَدَ” اگر کسی نے پاخانے کے مقام کے اندر کوئی لکڑی یا اس جیسی کوئی چیز ڈالی اور اس کا ایک سرا باہر تھا تو روزہ نہیں ٹوٹا اور اگر وہ پوری اندر چلی گئی کہ دوسرا سرا بھی اندر غائب ہو گیا تو روزہ ٹوٹ گیا۔ (الدر المختار، كتاب الصوم، باب ما يفسد الصوم وما لا يفسده، ج ۳، ص ۴۲۳)
(الفتاوى الهندية، كتاب الصوم، الباب الرابع فيما يفسد و ما لا يفسد ، ج 1 ، ص ۲۰۴)
وَاللّٰهُ تَعَالَى أَعْلَمُ وَرَسُولُهُ أَعْلَم عَزَّ وَجَلَّ وَصَلَّى اللّٰهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّم