روزہ کا بیان

روزے کی حالت میں(ان ہیلر)استعمال کرنا کیسا؟

سوال:۔

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ کسی کو دمہ کی بیماری ہو کیا وہ ان ہیلر استعمال کر سکتا ہے؟ روزے کے دوران اس کے استعمال سے روز وٹوٹ جائے گا یا نہیں؟
بسم الله الرحمن الرحيم الجواب بعونِ المَلِكِ الوَهَّابُ اللَّهُمَّ اجْعَلْ لِي النُّوْرَ وَالصَّوَاب ان ہیلر کے ذریعے سے سانس لینے سے روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ یہ بات مشاہدے سے ثابت ہے کہ ان ہیلر (inhaler ) میں موجود دوائی جو مائع کی صورت میں ہوتی ہے وہ گیس کی شکل اختیار کر کے مریض کے پھیپھڑوں میں پہنچتی ہے اور اس کی تالیاں کھول دیتی ہے جس سے مریض آسانی سے سانس لینے لگتا ہے ۔ لہذا ان ہیلر ( inhaler )کی دوائی کے حلق سے نیچے اترنے کی وجہ سے روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ یہ ایک دھویں کی شکل میں اندر جاتی ہے تو یہ مسئلہ قصداً دھواں لینے کی طرح ہے۔ جس طرح قصد ادھواں لینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اسی طرح ان ہیلر کے استعمال سے بھی روزہ ٹوٹ جائے گا ۔ در مختار میں ہے:لو أَد خل حلقه الدخان أَفطر أَى دخان كان ولو عودا أَو عنبرا له ذا كرا لإِمكان التحرز عنه . اگر کسی نے خود قصد ادھواں حلق میں پہنچایا تو روزہ ٹوٹ گیا خواہ وہ کسی چیز کا دھواں ہو اگر چہ عود یا عنبر کا دھواں ہو جبکہ روزے دار ہونا یاد ہو کیونکہ قصداً دھواں اندر لے جانے سے بچا جا سکتا ہے۔ (الدر المختار” و “رد المحتار”، کتاب الصوم ، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ ج 3 ص 420
والله تَعَالَى أَعْلَمُ وَرَسُولُهُ أَعْلَم عَزَّ وَجَلَّ وَصَلَّى اللهُ تَعَالَى عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّم