اسم مبارک "الرحمٰن" کے اعمال

رحمن لغوی اعتبار سے مبالغے کا صیغہ ہے يا رحمن کے بہت سے مطالب بیان کیے گئے ہیں اور یہ لفظ رحمت سے بنا ہے۔ اللہ کی رحمت دو طرح کی ہے ایک عام اور دوسری خاص، اللہ عمومی رحمت ہر ایک کے لئے ہے چاہے کوئی کافر ہو یا مسلمان، یہودی ہو یا نصرانی ہر ایک پر یہ رحمت نازل ہوتی ہے۔ مثلاً جب بارش نازل ہوتی ہے تو وہ امیر غریب نیک و بد کے کھیت پر پڑتی ہے یعنی وہ ہر ایک کیلئے یکساں ہوتی ہے۔ اس طرح ہر ایک پر رحمت کرنے کے اعتبار سے اللہ کو رحمن کہا جاتا ہے تو معلوم ہوا کہیں رحمن کا مطلب بخشنے والا ، کہیں رحمت کرنے والا رحمن کے مطالب سے سوائے اللہ اور رسول صلی علیہ وآلہ وسلم کے کوئی واقف نہیں اس کے معنی انسان کی عقل و خرد سے باہر ہیں۔ انسان اس کو معنی کا جامہ نہیں پہنا سکتا ہے۔ بہت سے علماء نے اس تعریف و توصیف کرتے ہوئے اس کے مطالب بیان کیے ہیں۔ لیکن احقر کی رائے میں یہ اسم اسم اعظم کا حصہ ہے اور اس کے مطالب انسانی فہم سے بالاتر ہیں۔ اسم ذات اللہ کے ساتھ رحمن جڑا ہوا ہے، بسم اللہ الرحمن الرحیم یعنی اللہ کے ساتھ رحمن یوں ساتھ ہے جیسے کہ یہ اسم ذات کا حصہ ہو اور اہم ذات تک پہنچنا نہ صرف مشکل . ہے بلکہ ناممکن بھی ہے۔ عملیات کے باب میں اس کے بہت سے مطالب درج ہیں۔ لیکن کوئی بھی اس اسم پاک کے صحیح معنوں میں مطالب کا احاطہ نہیں کرتا۔ اسم پاک یارحمن میں جلال و جمال کا ایک انتہائی اور متناسب اور حسین امتزاج ہے۔ یہ اسم جمالی ہے اور اسکے اعداد 298 ہیں اور یہ اسم اعظم کا حصہ ہے۔ اس اسم کے مقربین ملائکہ حضرت جبرئیل، حضرت میکائیل، حضرت اسرافیل ، اور حضرت عزرائیل ہیں جو تمام فرشتوں کے سردار ہیں۔ گو کہ یہ اسم مطالب کے اعتبار سے انسانی عقل کے احاطے میں نہیں لیکن جن لوگوں نے محنت اور مشقت سے آزمایا اور مختلف امور کے لیے استعمال کیا ہے، اسے پڑھنے کے چند فوائد درج ذیل ہیں

 یا رحمن کا ورد حصول رحمت کے لیے بے حد مجرب ہے۔ جو شخص اسے روزانہ اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھنے کا معمول بنا لے تو اللہ تعالیٰ جل شانہ اپنی رحمت کے دروازے اس پر کھول دے گا۔ بے شمار ولی اللہ مشائخ طریقت نے اسم مبارک یارحمن کا کثرت سے ذکر کیا ہے اور ان پر اللہ کی رحمت نازل ہوئی۔ اس اسم پاک کے ذکر سے انسان کا دل عبادت اور نیک عمل کی طرف راغب ہوتا ہے

 اگر کسی کو مناسب رشتہ نہ ملتا ہو یعنی اس کے دل کی حاجت پوری نہ ہوتی ہو تو اسے چاہیے کہ اسم یا رحمن کو علیحدہ پاکیزہ جگہ پر بیٹھ کر باوضوروزانہ 3125 مرتبہ اس اسم کا ورد کرے اور ہر روز وظیفہ ختم ہونے پر اللہ کے حضور نیک رشتہ ملنے کی دعا کرے۔ 

 اس اسم مبارک کا ورد شفائے امراض کے حوالے سے بھی اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ کیونکہ بیماری سے شفا اللہ کی رحمت سے حاصل ہوتی ہے اگر کسی مریض کو یہ اسم مبارک پانچ یوم کہ اندر 41000 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کر کے پلا ئیں تو انشاء اللہ صحت کاملہ نصیب ہوگی۔

 جو بچہ پڑھائی سے بھاگتا ہو، وقت ضائع کرتا ہو اور ماں باپ سے سرکشی کرتا ہو اس . کے لیے بعد از نماز عشاء دو نفل حاجت ادا کرنے کے بعد اسم پاک یا رحمن 707 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کریں۔ بچہ گھر میں ہو تو دم کرنے کے بعد اس پر پھونکیں اور اس پانی کو 21 یا 41 دن تک مسلسل بچے کو پلاتے رہیں اور اگر بچہ کسی وجہ سے وہ پانی نہ پیتا ہو تو کسی بھی کھانے پینے کی چیز میں ملا کر اسے یہ پانی دیا جا سکتا ہے۔ ان شاء اللہ مقررہ مدت سے پہلے ہی بچے کی سرکشی دور ہو جائے گی اور وہ تعلیم کی طرف متوجہ ہو جائے گا۔

 اگر کسی کو مناسب یا خواہش کے مطابق رشتہ نہ ملتا تو وہ ایک علیحدہ پاک صاف جگہ کا انتخاب کرے۔ آدھی رات کو تہجد کے نوافل ادا کرے اور اسم پاک یا رحمن کو اول و آخر 11 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 3125 مرتبہ پڑھے عمل کی مدت 40 دن ہے 40 دن کے اندر اندر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اسے رشتے کا پیغام آ جائے گا۔ مزید یہ کہ کہ اگر کوئی شخص شادی کرنا چاہتا ہو اور اسے مناسب رشتہ نہ ملے یا اس کے اسباب پیدا نہ ہو رہے ہوں تو ایک میٹھا پان لے کر اس پر تین مرتبہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ 41 مرتبہ اسم پاک یا رحمن پڑھ کر دم کرے اور سائل کو کھلا دے یا سائل خود کرنا چاہے تو اسی طرح کرے۔ ان شاء اللہ دوسرا پان کھانے کی نوبت نہیں آئے گی۔ 

 جو لوگ دینی اور دنیاوی امور اپنی سستی اور کاہلی کی وجہ سے صحیح طرح انجام نہ دیتےہوں وہ سب سے پہلے پانچ وقت کی نماز قائم کریں اور ہر نماز کے بعد اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اسم پاک یا رحمن 313 مرتبہ پڑھ کر تھوڑے سے پانی پر دم کر یں اور پئیں، ان شاء اللہ 11 یا 21 دن میں ان کی غفلت اور سستی ہمیشہ کے لئے دور ہو جائے گی۔ جب وہ دینی اور دنیاوی امور میں سستی نہیں کرے گا تو دنیا میں کسی کا محتاج نہیں ہو گا۔ جب بھی اس پر مشکل آئے گی تو اللہ کے فضل سے یوں تحلیل ہو گی جیسے کبھی آئی ہی نہیں تھی، دنیا میں عزت پائے گا، زبان میں تاثیر پیدا ہوگی۔

جو شخص تنگ دستی میں مبتلا ہو اور چاہتا ہو کہ اللہ تعالی اس پر کرم اور مہربانی فرمادے اور اس کی تمام مشکلات دور ہو جائیں تو وہ بعد از نماز فجر اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 298 مرتبہ اسم پاک یا رحمن پڑھے اور اس کی مدت 40 دن تک کرے تو اللہ کے فضل و کرم سے اس کی تنگ دستی ، فکر اور پریشانی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ بعد ازاں اسم پاک یا رحمن کو روزانہ 19 مرتبہ پڑھتارہے ۔ ان شاء اللہ اس پر تنگ دستی کبھی غالب نہیں آئے گی۔

جو شخص آشوب چشم میں مبتلا ہو تو اسم پاک کی کرامت ہے کہ آشوب چشم ایک دن میں ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔ راقم نے اسے کئی مرتبہ آزمایا ہے۔ زوال کا وقت شروع ہو تو با وضو قبلہ رو بیٹھ کر اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک پڑھنے کے بعد اسم پاک یا رحمن کو 41 مرتبہ پڑھے اور پانی پر دم کرے۔ اس کے بعد دکھتی آنکھوں میں پانی بذریعہ سلائی لگائے تو اللہ تعالٰی  کے فضل و کرم سے ایک ہی دن میں آشوب چشم سے نجات حاصل ہو جائے گی۔ 

 سلوک کی راہ کے مسافروں کو کبھی فرحت ہوتی ہے اور کبھی ان کے دل پر ایسے حجابات مسلط ہو جاتے ہیں کہ انھیں اپنی عبادات میں مزہ نہیں آتا اور انھیں یہ سمجھ نہیں آتی کہ آیا وہ اپنی منزل کی طرف جارہے ہیں یا نہیں ۔ ایسی صورت میں راہ سلوک کے مسافر کو چاہیے کہ بعد از نماز عشاء وتروں سے پہلے اسم پاک یا رحمن کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 777 مرتبہ 7 دن تک پڑھیں ۔ آٹھویں دن روزہ رکھیں، روزہ کھولنے کے بعد ایک تسبیح یا اللہ یا رحمن کی کریں۔ ان شاء اللہ اس کے حجابات قلبی دور ہوں گے۔ ظلمت اور تاریکی کے بادل چھٹ جائیں گے ، راہ سلوک کی طرف اس کے قدم اٹھنے لگیں گے، تجلیات الٰہی کا مشاہدہ کرے گا ، کشف کا حصول ہوگا اور دل اتنا منور ہو جائے گا کہ اس کی روشنی سے پاتال کی گہرائیوں اور آسمان کی وسعتوں تک دیکھ سکے گا۔

جو اصحاب مرگی کے مرض میں مبتلا ہوں ان کے لیے یہ عمل اکسیر ہے۔ اگر شروع میں یعنی مرض کے ابتدا میں اس عمل کو شروع کر لیا جائے تو 3 سے 5 دن میں مرض ہمیشہ کے لیے دور ہو جاتا ہے لیکن مرض پرانا ہو تو اس کے کسی عزیز کو چاہیے کہ جب مریض سو جائے تو اسم پاک یا رحمن کو اول و آخر 3 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 40 مرتبہ پڑھ کر مریض کے داہنے کان پر پھونک مارے۔ ان شاء اللہ 40 دن میں پرانے سے پرانا مرگی کا مرض دور ہو جاتا ہے۔ کسی کو مرگی کا دورہ پڑ جائے اور اسے ہوش نہ آتا ہو تو یہی عمل کر کے اس کے داہنے کان میں پھونک ماریں تو فوراً ہوش آ جائے گا۔

 اگر کوئی شخص چاہے کہ وہ کینسر کے موذی مرض سے نجات حاصل کرے تو وہ اگر یہ عمل خود کر سکتا ہو تو خود کرے ورنہ اس کا کوئی قریبی یا خونی رشتہ دار یہ عمل کر سکتا ہے۔ کینسر کے علاج کے لیے بعد ازاں نماز فجر مصلے پر بیٹھا ر ہے اور اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ بلا تعداد اسم پاک یا رحمن اس وقت تک پڑھتار ہے جب تک سورج نہ نکل آئے ۔ سورج نکلنے پر عمل ختم کرے اور پانی پر دم کر کے سارا دن وہی پانی مریض کو پلایا جائے ۔ یہ عمل 40 دن تک کرنے سے کینسر کا مرض ہمیشہ کے لیے ختم ہو جاتا ہے۔

 کوئی شخص اگر چاہتا ہو کہ اس کا کوئی کام ایک ہی دن میں انجام ہو جائے تو وہ عصر سے مغرب تک اسم پاک یا رحمن کو 2980 مرتبہ پڑھے۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ بلا تعداد اس وقت تک پڑھتارہے ہے جب تک سورج غروب نہیں ہو جاتا۔ جب اگلے دن سورج طلوع ہو گا تو اس کا مسئلہ چاہے کتنا بھی مشکل ہو یا وہ اسے نا ممکن بھی سمجھتا ہو۔ اس اسم پاک کی برکت سے حل ہو جائے گا۔ یہ عمل پیر فضل شاہ قادری قلندری کا خاص طور پر عطا کردہ ہے۔

یہ عمل جو اب میں پیش کرنے جارہا ہوں یہ ہمارا خاص الخاص خاندانی عمل ہے اور میرے صدری مجربات کے گنجے گراں بہاں سے وہ تحفہ خاص ہے کہ جس کو بجالانے کے نتیجے میں لازماً اللہ تعالٰی کی رحمت و کرم نوازی کا سائباں عامل کو میسر آجائے گا بشرطیکہ وظیفہ پڑھنے میں خلوص ہو ۔ اس وظیفے کی رحمت و برکت کے نتیجے میں تسخیر خلق اور محبوب کو اپنی طرف راغب کرنا من پسند مراد چاہنا جیسی نعمات بشر طیکہ جائز ہو انسان کو میسر آتی ہیں۔ ترکیب وظیفہ یہ ہے 3125 مرتبہ اول و آخر گیارہ مرتبہ درود وقت مخصوص میں ایک ہی جگہ پر روزانہ مسلسل چالیس یوم تک ورد کیا جائے ۔ ذکر یہ ہے۔

 يَا رَحمَن كُلِّ شَيءٍ وَ وَارٍ لَهِ وَ رَاحِمَهُ يَا رَحمَنُ 

Shopping cart
Facebook Instagram YouTube Pinterest