رحیم وہ ذات ہے جو اپنے بندوں پر بے کسی ، مصیبت ، ناتوانی ، درماندگی اور مظلومی میں رحم کرتی ہے۔ عارفین و کاملین کا کہنا ہے کہ جو شخص ہر نماز کے بعد یا رحیم کا بکثرت ورد کرے تو اس کے قلب سے غفلت کے پردے اٹھ جائیں گے۔

نماز فجر کے بعد روزانہ یارحیم کو 500 مرتبہ پڑھنا عزت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

 اگر کوئی شخص اس اسم مبارک کو چالیس یوم تک روزانہ 1548 مرتبہ سونے سے پہلے پڑھے تو اس کی تمام مشکلات آسان ہو جائیں گی اور جس کسی سے کوئی کام ہوگا وہ فورا کر دے گا۔

 جو شخص یہ چاہتا ہوں کہ جب وہ اس دنیا سے جائے تو با ایمان جائے منکرات ، قبر اور پل صراط کی منزلیں اس پر آسان ہو جائیں تو اسے چاہیے کہ اس مبارک اسم کو 7 مرتبہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ ایک تسبیح روزانہ پڑھنے کا معمول بنالے اور تاحیات اس کو پڑھتار ہے ان شاء اللہ جب وہ اس دنیا سے جائے گا تو صاحب ایمان ہو گا سکرات و قبر اور پل صراط کی منزلیں اس پر آسان ہو جائیں گی۔

 جو شخص یہ چاہتا ہو کہ اللہ تعالی جل شانہ اپنی رحمت بے پایاں کے واسطے سے اور اپنی غفور و رحیمی کے صدقے سے اس کی حاجتیں پوری فرما دیں تو اسے چاہیے کہ روزانہ بعد از نماز عشاء وتروں سے پہلے اس اسم پاک کو اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اللہ کے باقی دو نام یا اللہ اور یا رحمن کے ساتھ ملا کر اس طرح پڑھے یا اللہ یا رحمن یا رحیم اور اسے 313 مرتبہ پڑھ کر اپنی حاجت کے لیے دونوں ہاتھ اٹھا کر اللہ کے حضور دعا کرے جب عمل کر چکے تو دعا کرتے وقت اللہ کے آگے جھولی پھیلا دے اور جو شخص اللہ کے آگے اپنی کسی بھی حاجت کے لیے جھولی پھیلاتا ہے اللہ تعالی جل شانہ اسے کبھی خالی نہیں رہنے دیتا اور اس کی مراد پوری کرتا ہے۔

جو شخص یہ چاہتا ہو کہ اللہ تعالیٰ جل شانہ اس کا انجام بخیر کرے اور وہ صاحب ایمان رہ کر ہی مرے تو ایسے شخص کو چاہیے کہ اول و آخر 11 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ اس اسم پاک کو 28 مرتبہ بعد از نماز عشاء پڑھے ان شاء اللہ اس کا انجام بخیر ہو گا اور مرتے وقت اس دنیا سے ایمان کی حالت میں جائے گا۔ قبر کی سختیاں دور ہوں گی اور قیامت کے روز پل صراط کی منزلیں آسان ہو جائیں گی۔

مزید یہ کہ اگر یہ اسم 500 مرتبہ پڑھا جائے اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ تو قضائے حاجات کے لیے تیر بہدف ثابت ہو گا۔ اور اس اسم مبارک کو ساری عمر پڑھنے والا دنیاوی حزن و ملال سے بچا رہتا ہے۔ معاشی تنگدستی دور ہو جاتی ہے اور اس کو بلا تعداد پڑھنے والا لمرجع خلائق ہو جاتا ہے۔ حوادث زمانہ سے محفوظ رہتا ہے اور تسخیر خلائق کی نعمت اسے حاصل رہتی ہے۔ تمام خلقت اسیر اور مہربان ہو جاتی ہے اور وہ مستجاب الدعوات بن جاتا ہے

اگر کسی شخص کو بخار ہو اور وہ ڈاکٹروں، حکیموں کی دوائیوں سے نہ اترتا تو اس اسم پاک کا تعویذ بنا کر بخار والے شخص کے گلے میں ڈال دیا جائے اور 3 روز تک 11 مرتبہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ 21 مرتبہ پانی پر دم کر کے اسے دن میں 3 مرتبہ پلایا جائے ان شاء اللہ اس کا بخار اتر جائے گا۔

  یہ اسم دینی اور دنیاوی حاجات کے پورا کرنے کے لیے انتہائی مؤثر اور پرتاثیر ہے۔ اور اسے کبھی خطاء ہوتے ہوئے نہیں دیکھا جس شخص کی بھی دینی یا دنیاوی حاجت ہو اسے چاہیے کہ غسل کرنے کے بعد دو نفل حاجت کے پڑھے اس کے بعد قبلہ رخ ہو کر دوزانوں بیٹھ کر اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم مبارک کو 150 مرتبہ پڑھے اس کے بعد کوئی میٹھی چیز بچوں میں تقسیم کر دے ان شاء اللہ اکیسویں دن سے پہلے پہلے حاجت پوری ہو گی مزید یہ کہ اس اسم پاک کا نقش مبارک اپنے پاس رکھنے سے دینی اور دنیاوی مقاصد حاصل ہو جاتے ہیں۔

 جو شخص یہ چاہتا ہو کہ وہ سلوک کی منزل میں آگے ہی آگے بڑھتا جائے اور اسرار الٰہی کا مشاہدہ کرے ہو تو اسے چاہیے کہ تہجد کے نوافل ادا کرنے کے بعد بلا تعداد فجر کی اذان تک اس اسم پاک کو اول و آخر 7 یا 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 21 دن پڑھے۔ ان شاء اللہ پہلے ہی دن سے اس کی روح اس نام کے اسرار الہیہ کا مشاہدہ کرے گی اس کے لیے یہ بھی ضروری کہ جب وہ اسرار الہی سے مستفیض ہو تو اسے اپنے مشاہدات کو عام لوگوں کے درمیان بیان نہیں کرنا چاہیے وگرنہ منزل رک بھی سکتی ہے۔

ہر مسلمان کی شعوری یا لاشعوری طور پر یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے اس دنیا میں سرکار دو جہاں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زیارت ہو جائے جو شخص یہ خواہش رکھتا ہو اسے چاہیے کہ بعد از نماز عشاء اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم مبارک کو 777 مرتبہ پڑھے۔ ان شاء اللہ بہت جلد اس کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت نصیب ہوگی۔ عمل کی مدت کا تعین اس لیے نہیں کیا جا سکتا کہ حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کسی مدت کے پابند نہیں ہیں۔ جب ان کا دل چاہے اور جب ان کو کسی پر رحم آئے تو وہ اسے اپنی زیارت سے مشرف کر سکتے ہیں۔ میری اپنی رائے اور مشاہدہ یہ ہے کہ انسان کو جو کہ یہ عمل کر رہا ہے مہینوں انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ بمطابق طلب حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔

 جو شخص کسی مقدمے میں نا جائز طور پر ملوث کیا گیا ہو اسے چاہیے کہ بروز جمعۃ المبارک بعد از نماز فجر اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم مبارک کو 190 مرتبہ پڑھے اور پھر بعد از نماز جمعہ مسجد میں بیٹھ کر اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 798 مرتبہ پڑھے ان شاء اللہ 19 دن کے اندر اندر مقدمے سے رہائی ہو گی۔ عمل کی مدت 21 دن ہے۔ جب مقدمے سے رہائی ہو جائے تو اللہ کے حضور دو نفل شکرانہ ادا کر کے غریبوں اور محتاجوں میں کھانا تقسیم کرے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کرنے والا ہر شخص یہ عمل کر سکتا ہے۔ آپ فرماتے ہیں کہ انسان یہ چاہتا ہے کہ اللہ تعالی 24 گھنٹے اس کا خیال رکھے تو کیا وہ اللہ کی بارگاہ میں 24 منٹ کی حاضری نہیں دے سکتا۔

 جس شخص کا قلب زنگ آلود ہو کر تاریک ہو گیا ہوا اسے نیکی اور بدی کی تمیز نہ رہی ہو اسے اچھے کام پر خوشی نہ ہو اور برے کام پر شرمندگی نہ ہو تو اس شخص کو چاہیے کہ اگر وہ چاہتا ہے کہ اس کا دل منور ہو جائے اور اللہ کی یاد سے آباد ہو جائے تو بعد نماز فجر اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ بعد بلا تعداد اسم یا رحیم کا ورد کرے یہاں تک کہ سورج نکل آئے ان شاء اللہ اس کا قلب اندھیروں سے نکل آئے گا اور انوار الٹی کی اس پر بارش ہو گی اس کی عبادت میں خشوع و خضوع پیدا ہو گا اور دنیاوی حکمرانوں کی ہیبت اس کے دل سے نکل جائے گی اور اس کے تمام مصائب ختم ہو جائیں گے۔

جو شخص حکام بالا کے زیر عتاب ہو اور اسے ڈر ہو کہ حکام بالا اسے اور اس کے بچوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں تو اسے چاہیے کہ روزانه بعد از نماز عشاء اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 313 مرتبہ 11 دن پڑھے اور پڑھنے کے بعد دو نفل اللہ کے حضور توبہ کے ادا کرے۔ یہ ایسا عمل ہے کہ احقر نے اسے دنوں میں کام کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ 11 دن کے بعد اس اسم پاک کو 7 یا 11 مرتبہ روزانہ اول و آخر 3 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھنا معمول بنالے۔ اس عمل میں یہ خاصیت ہے کہ وہ جابر سے جابر حکمران کے دل میں اس معتوب شخص کے لیے رحم پیدا کر دیتا ہے اور وہ اسے نقصان نہ پہنچا سکے گا بلکہ اس پر مہربان ہوگا

جو شخص اس اسم پاک کا عامل بننا چاہے بعد از نماز عشاء یا بعد از نماز تہجد اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 2580 مرتبہ 40 دن تک پڑھے۔ 40 دن کے بعد دو نفل حاجت کے ادا کرے اور شیرینی تقسیم کرے اس کے بعد وہ اس اسم پاک کا نقش اور در دلوگوں کو مندرجہ بالا مقاصد کے لیے دے سکے گا۔

Shopping cart
Facebook Instagram YouTube Pinterest