جمعہ کی فضیلت
جُمُعہ کو والدین کی قَبر پر حاضِری کا ثواب
نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے: جو اپنے ماں باپ دونوں یا ایک کی قَبْر پر ہرجُمُعہ کے دن زِیارت کو حاضِر ہو، اللہ تعالیٰ اُس کے گناہ بخش دے اور ماں باپ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے والا لکھا جائے (اَلْمُعْجَمُ الْاَ وْسَط لِلطّبَرانی ج۴ص۳۲۱حدیث ۶۱۱۴)
والدین کی قبر پر یسین شریف پڑھنے کی فضیلت
نبی اکرم ﷺ نے اِرشاد فرمایا: جو شَخص روزِ جُمُعہ اپنے والِدَین یا ایک کی قَبْر کی زِیارت کرے اور اس کے پاس یٰسٓ پڑھے بخش دیا جائے (اَلْکامِل فِی ضُعَفائِ الرِّجال ج۶ص۲۶۰)
تین ہزارمغفِرتیں
نبی ﷺ کافرمانِ ہے: جو ہر جُمُعہ والِدَین یا ایک کی زِیارتِ قَبْر کر کے وہاں یٰسٓ پڑھے، یٰسٓ ( شریف ) میں جتنے حَرف ہیں ان سب کی گنتی کے برابر یٰسٓ اس کے لئے مغفِرت فرمائے۔ (اِتحافُ السّادَۃج۱۴ص۲۷۲)
نوٹ۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہ یاسین شریف میں 5 ر
کوع83 آیات729 کلمات اور3000حروف ہیں اگراللہ کے ہاں یہ گنتی دُرُست ہے تو اِنْ شَآءَاللہ م تین ہزار مغفِرتوں کا ثواب ملے گا۔
جُمُعہ کویٰسٓ شریف پڑھنے والے کی مغفرت ہو گی
فرمانِ مصطَفٰے ﷺ ہے: جو شبِ جمعہ ( یعنی جمعرات اور جمعہ کی د ر میا نی شب) یٰسٓ پڑھے اس کی مغفرت ہوجا ئے گی (اَلتَّرغِیب وَالتَّرہِیب ج۱ص۲۹۸حدیث۴)
جُمُعہ کے دن روحیں جَمع ہوتی ہیں
لہٰذا اس میں زیارتِ قُبور کرنی چاہئے اور اس روز جہنَّم نہیں بھڑکایا جاتا (دُرِّمُختار ج۳ص۴۹)
مرحوم والِدَین کو ہر جُمُعہ اعمال پیش ہوتے ہیں
نبی کریم ﷺ نے اِرشاد فرمایا: پیر اور جُمعرات کواللّٰہ تعالی کے حضور اعمال پیش ہوتے ہیں اور انبیائے کرام علَیھمُ السَّلام اور ماں باپ کے سامنے ہر جُمُعہ کو ،وہ نیکیوں پر خُوش ہوتے ہیں اور ان کے چہروں کی صفائی و تابِش (یعنی چمک دمک) بڑھ جاتی ہے ،تواللّٰہ سے ڈرو اور اپنے وفات پانے والوں کو اپنے گناہوں سے رنج نہ پہنچاؤ۔ (نَوادِرُ الاصول لِلحَکیم التِرمذِی ج۲ص۲۶۰ )