حدیث نمبر 229
روایت ہے حضرت سخبرہ ازدی سے ۱؎ فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے جس نے تلاش علم کی تو یہ تلاش اس کےگزشتہ گناہوں کا کفارہ ہوگی ۲؎ اسے ترمذی ودارمی نے روایت کیا اورترمذی نے فرمایا کہ یہ حدیث ضعیف الاسناد ہے ابوداؤد راوی کو ضعیف کہا گیا۳؎
روایت ہے حضرت ابن مسعود سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے کہ الله اس بندے کو ہرا بھرا رکھے جو میرا کلام سنے اسے یاد رکھے خیال رکھے اور پہنچادے ۱؎ کیونکہ بہت سے فقہ اٹھانے والے خود غیر فقیہ ہیں اور بہت لوگ اپنے سے بڑے فقیہ تک فقہ اٹھاتے ہیں ۲؎ مسلمانوں کا دل تین چیزوں پر خیانت نہیں کرتا ۳؎الله کے لیے عمل خالص کرنا۴؎ مسلمانوں کی خیرخواہی اور ان کی جماعت کو لازم پکڑنا ۵؎ کیونکہ ان کی دعا ماسوا کو شامل ہے ۶؎ اسے شافعی اور بیہقی نےمدخل میں روایت کیا۔
احمد،ترمذی،ابوداؤد،ابن ماجہ اور دارمی نے زید ابن ثابت سے روایت کیا مگر ترمذی اور ابوداؤد نے “ثَلٰثُ لَا یَغُلُّ”الخ کا ذکر نہ کیا۔