عمل سے متعلقہ کچھ احتیاطیں بھی ضروری ہیں ۔ ان پر اگر عمل نہ ہو سکے تو آپ کی زکوۃ ادا ہو جائے گی ۔ لیکن کوشش یہ ہونی چاہیے کہ ان پر عمل ہو اور ان احتیاطوں کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔
عمل پڑھتے وقت، آپ اپنی پوری توجہ بسم اللہ کے مطلب پر رکھیں یا اللہ عزوجل کے نام کا تصور کر کے بسم اللہ شریف کو پڑھیں ۔ جتنی عمل کے دوران توجہ ہوگی ، عمل میں زیادہ اثر پیدا ہو گا ۔ آپ زکوۃ کے دوران ہی بہت جلد اس کے اثرات محسوس کر لیں گے۔ لیکن اگر آپ نے بے توجہی کے ساتھ عمل پڑھا اور دل اِدھر اُدھر کی فضول باتوں میں لگا رہا تو اثرات دیر سے ظاہر ہونگے ۔ وسواس اور خیالات سے بچنا بہت مشکل کام ہے اور یہ تو نا ممکن ہے کہ آپ کے ذہن میں بسم اللہ کے ترجمہ یااللہ عزوجل کے نام کے تصور کے علاوہ کوئی خیال ہی پیدا نہ ہو۔ ذہن میں مختلف خیالات آئیں گے، دل باتوں میں لگے گا۔ لیکن آپ ان خیالات کو ذہن سے نکالنے اور یکسو رہنے کی کوشش کرتے رہیں۔ جس کا حل یہ ہے کہ عمل کے دنوں میں آپ فضول باتوں اور معاملات سے بچنے کی کوشش کریں ، آپ جتنا مختلف معاملات میں الجھیں گے، اتنا ہی ذہنی سکون سے دور ہوتے جائیں گے اور جب آپ عمل پڑھے بٹھیں گے تو یہ سب کچھ خیالات کی صورت میں آپ کے ذہن میں جمع ہو جائے گا ۔ آپ ذہنی انتشار میں مبتلا اور یکسوئی سے دور ہو جائیں گے۔ لہذا آپ عمل کے دوران ہر طرح کے معاملات سے دور رہیں۔ بلکہ مناسب یہ ہے کہ لوگوں سے ملنا جلنا ، بات چیت کرنا حتی الامکان کم یا ترک کر دیں۔ فارغ وقت میں دینی کتب کا مطالعہ اور درود و سلام کا شغل اپنائیں تو زیادہ بہتر ہے۔ اس طرح سے دل و دماغ کو سکون ملے گا اور یکسوئی حاصل ہوگی۔
جتنی پڑھائی کی تعداد دی گئی ہے اس سے نہ تو زیادہ پڑھیں اور نہ ہی کم اگر پڑھنے میں بھول ہو جائے تو کم کو شمار کر کے تعداد پوری کریں مثلاً اگر یہ الجھن پیدا ہو جائے کہ 365 مرتبہ پڑھا ہے یا 367 مرتبہ تو کم یعنی 365 کو درست خیال کر کے آگے پڑھیں۔
عمل کیلئے الگ لباس مخصوص کر لیں، جو صرف پڑھائی کے وقت پہنیں اور روزانہ عمل کے بعد اتار دیں۔ کچھ دن کے بعد اس کو تبدیل کر کے دوسرا صاف لباس مخصوص کر لیں ۔ الگ لباس کی احتیاط اس لئے ہے کہ بعض اوقات پہنے ہوئے کپڑوں پر ناپاک چھینٹیں پڑ جاتیں ہیں جن کا پتہ نہیں چلتا ۔ الگ لباس ہونے کی صورت میں یہ لباس ہر لحاظ سے پاک ہوگا۔
شروع کرنے سے پہلے حصار بھی کر لیں ۔ حصار کے لئے تین مرتبہ آیہ الکرسی اور تین تین مرتبہ سورہ فلق اور سورۃ الناس اول و آخر سات مرتبہ درود و سلام پڑھ کر اپنی شہادت کی انگلی پر دم کر کے اس انگلی کے ذریعے زمین پر اپنے ارد گرد ایک دائرہ کھینچیں ۔ جس میں آپ با آسانی بیٹھ سکیں اور ضروریات کا سامان بھی رکھ سکیں اگر آپ کسی کامل مرشد سے بیعت ہیں تو روحانی عملیات میں حصار کی خاص ضرورت نہیں ۔ اگر آپ کسی کے مرید نہیں یا آپ کا مرشد کامل نہیں تو حصار لازمی کریں ۔ کامل مرشد کی پہچان یہ ہے کہ شریعت کا سختی سے پابند ہو ، سنت رسول کے مطابق زندگی بسر کرنے والا اور عاشق رسول ہو۔ اگر آپ موکلات یا جنات کی تسخیر کی نیت سے عمل پڑھ رہے ہیں تو حصار ضرور کریں، چاہے آپ کسی کے بیعت ہوں یا نہ ہوں۔