اعمال اسماء الحسنیٰ

یا مانع کے اعمال

الْمَانِعُ

مانع کے لغوی معنی روکنے والے کے ہیں۔ جب اس کے مطالب اللہ تعالی کے حوالے سے لیے جاتے ہیں تو اس سے مراد وہ ہستی ہوتی ہے جو کسی بھی برائی کو پوری طرح سے روکنے کی طاقت رکھتی ہو۔ اللہ تعالی کے اس نام میں اس کی بے پناہ قوت، فوقیت اور عظمت چھپی ہوئی ہے یعنی اگر وہ کسی شے کو روکنا چاہتا ہے تو دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں ہے جو اسے ایسا کرنے سے روک سکے۔ اللہ تعالیٰ کی یہ صفت اپنے اندر بہت بڑی وسعت لیے ہوئے ہے کہ وہ اگر چاہے تو کسی کو بھی چاہے وہ کتنی ہی طاقت اور اختیار کیوں نہ رکھتا ہو کسی بھی مقام پر پہنچنے یا کچھ بھی کرنے سے روک سکتا ہے۔ اللہ تعالی ہر تکلیف اور نقصان کو روک سکتا ہے۔ وہ شیطانی قوت جو انسان میں تکبر پیدا کر کے اللہ تعالیٰ کا نافرمان بناتی ہے اس شیطانی قوت کو نیست و نابود کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ جو شخص بھی اللہ تعالیٰ کو اس نام سے پکارتا ہے تو وہ اسے ہر قسم کے نقصان اور تکلیف سے بچا کر اپنی حفاظت میں لے لیتا ہے۔ یہ اسم جلالی ہے اس کے اعداد 161 ہیں۔ اس کے مقرب فرشتے کا نام قطعیا ئیل ہے۔ جس کے ماتحت 4 افسر فرشتے ، ہر افسر فرشتے کے ما تحت 161 صفیں اور ہر صف میں 161 فرشتے ہیں۔ اس کے فوائد درج ذیل ہیں۔

یہ اسم اللہ تعالی کی شان اور قدرت سے تعلق رکھتا ہے دشمن کو وار اور دشمنی سے روکنے کے لئے اس میں بے پناہ تاثیر ہے۔ جو شخص اپنے کسی دشمن کے ضرر سے بچنا چاہتا ہو تو اسے چاہیے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 313 مرتبہ 21 دن پڑھے۔ ان شاء اللہ دشمن تا حیات عامل کو نہ تو نقصان پہنچا سکے گا اور نہ ہی دھوکا اور فریب دینے میں کامیاب ہوگا۔

 اگر کوئی شریر شخص بار بار تنگ کر رہا ہو، ذہنی پریشانی کا باعث ہوا اور کسی طور بھی پیچھا نہ چھوڑ رہا ہو تو اس سے بچنے کے لیے چاہئے کہ تہجد کے نوافل ادا کرنے کے بعد اس اسم پاک کو 707 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 27 دن تک پڑھے۔ عمل پورا ہونے پر اللہ تعالیٰ کے حضور دو نفل شکرانہ ادا کر کے دعا کرے کہ اے اللہ تو نے مجھ پر بڑا کرم کیا کہ مجھے فلاں شخص کی شرارت سے محفوظ کر لیا۔ میرے نانا یہ عمل بتا رہے تھے تو سائیں چراغ نے پوچھا کہ جناب ابھی تو یہ معلوم نہیں کہ وہ شخص جو شرارت کر رہا تھا وہ باز آیا ہے کہ نہیں تو شکرانے کے دو نفل کیوں؟ آپ مسکرا پڑے اور فرمایا سائیں یہ بات اعتبار کی ہے جو شخص مذکورہ عمل کو اللہ تعالیٰ پر کامل یقین اور اعتبار کے ساتھ کرتا ہے تو یہ ناممکن ہے کہ اس کا کام نہ ہو اور اللہ تعالی اس پر مہربانی نہ فرمائے۔ لہذا شکرانے کے دو نفل ادا کیے جاتے ہیں کہ سائل نے اللہ کو جس پاک نام سے پکارا ہے اس کے صدقے اللہ نے اس کی مشکل حل کر دی ہے۔

بعض بد خصلت اور برے لوگ نیک اور شریف عورتوں کو زبردستی برائی کے کاموں میں ملوث کرنا چاہتے ہیں یا وہ کسی شریف آدمی کے گھر کو برائی کا اڈا بنا دیتے ہیں، گھر کا مالک اتنی طاقت نہیں رکھتا کہ وہ اس بد کار شخص کو روک سکے اس لیے کہ اس کو اس بدکار شخص سے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی زندگی کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس صورت میں متاثر مرد یا عورت کو چاہئے کہ بعد از نماز عشاء اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس مبارک نام کو 1111 مرتبہ 11 دن تک پڑھے۔ ان شاء اللہ اس کی برکت سے وہ بدکار شخص خود بخود پیچھا چھوڑ دے گا۔

جو شخص بری عادات مثلاً شراب نوشی یا نشے کا عادی ہو اور اسے چھوڑ نا چاہتا ہو مگر چھوڑ نہ سکتا ہو تو اسے چاہیے کہ اپنی عادت بد کو ختم کرنے کے لئے اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 777 مرتبہ 77 دن تک پڑھے۔ عمل مکمل ہو جانے پر اللہ کے حضور دو نفل توبہ کے ادا کرے اور دو نفل شکرانے کے ادا کرے۔ ان شاء اللہ عمل کے دوران ہی اس کی عادت بد ختم ہو جائے گی۔ اگر کسی دوسرے میں کوئی عادت بد موجود ہو اور اس کے گھر والے یا اس کا خیر خواہ اسے اس عادت بد سے نکالنا چاہتا ہو لیکن وہ منع نہ ہوتا ہو تو یہ عمل کر کے اس شخص کا نام لے کر اس کے لیے دعا کرے تو ایسا ہی اثر ہوتا ہے۔ بچوں اور بڑوں کی بری عادات چھڑانے کے لیے اس سے اچھا عمل اور کوئی نہیں ہے۔

اگر کسی کی بیوی یا شوہر بہت نا فرمان ہو اور بے حد تنگ کرنے والا ہو جس کے سبب میاں بیوی میں باہم تکرار رہتی ہو اور بات بات پر ناراضگی ہو جاتی ہو تو ہر دو میں سے جو صحیح ہو اسے چاہیے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 313 مرتبہ 21 دن تک پڑھ کر پانی پر دم کر کے پلائے اور اگر ایسا نہیں کر سکتا تو اس کا تصور کر کے پھونک مارے۔ ان شاء اللہ نا فرمان بیوی یا شوہر تا بعدار ہو جائے گا۔

ایسے ابتدائی مریدین جن کو پڑھائی یا وظائف کے دوران بہت زیادہ خوف آتا ہو تو انہیں چاہیے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 161 مرتبہ 21 دن تک پڑھے ان شاء اللہ خوف ان کے دل سے نکل جائے گا اور خشوع و خضوع پیدا ہوگا۔

شیاطین اور جنات بھی انسانوں کو تنگ کرتے رہتے ہیں اور اگر کسی شخص کو یہ خوف ہو کہ اسے شیاطین یا جنات تنگ کریں گے تو اسے چاہیے کہ وہ اس پاک نام کا حصار اپنے ارد گرد کرلے۔ حصار کرنے کے لئے چاہیے کہ بعد از نماز عشاء آنکھیں بند کر کے تصور کرے کہ اس کے ارد گرد نور کا ایک دائرہ بنا ہوا ہے اس کے بعد آنکھیں بند کر کے تسبیح ہاتھ میں رکھ کر اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پانچ تسبیحاں اس مبارک نام کی کریں۔ 7 دن تک یہ عمل کرنے سے ان کے ارد گرد حصار بن جائے گا جسے شیطانی قوتیں اور جنات توڑ نہ سکیں گے۔ شیاطین اور جنات کا تنگ کرنا احادیث سے ثابت ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس ایک صحابی تشریف لائے اور انہوں نے شکایت کی کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میرے گھر میں جنات ہیں جو ہمیں تنگ کرتے ہیں۔ آپ نے فورا جنات کے نام ایک خط لکھا اور اس صحابی کو کہا کہ اس خط کو گھر میں رکھ دے دوسرے دن وہ صحابی تشریف لائے اور انہوں نے کہا کہ ” اے اللہ کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میرے گھر میں جنات نے تو تنگ نہیں کیا البتہ گھر سے چیخ وپکار کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ جو خط ہم نے آپ کو دیا تھا اسے واپس لے آئیں ہمارا مقصد انہیں شرارت سے روکنا ہے نقصان پہنچانا یا مارنا نہیں ۔ وہ صحابی گھر گئے اور خط لا کر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں پیش کر دیا۔ اس صحابی کے کے گھر چیخ و پکار کی آواز میں بند ہو گئیں۔ یہ حدیث لکھنے کا مطلب یہ ہے کہ جنات یا شیطانی قوتیں – انسان کو تنگ کر سکتی ہیں۔ ان سے بچاؤ کا جو طریقہ ہے وہ لکھ رہا ہوں جو اس پر عمل کرے ۔ گا اسے جنات یا شیاطین تنگ نہیں کر سکیں گے۔ حضور نبی کریم کا یہ مخط ایک کتاب جو حضور کے خطوط پر مشتمل ہے سے تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اس خط کی اور اس عمل کی یقینا تفریق ہے آقا کا لکھا ہوا خط کہاں اور انسان کا عمل کہاں خط میسر آجائے تو اسے استعمال کرنا چاہئے اور اگر نہ میسر آئے تو یہ عمل لا جواب ہے۔

جس شخص کی اولاد تا فرمان ہو اس کے حکم کی تعمیل نہ کرتی ہو برے کاموں میں ملوث ہو اور باپ کے منع کرنے کے باوجود وہ باز نہ آئیں تو چاہئے کہ بعد از نماز عشاء اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 1610 مرتبہ 21 دن پڑھا جائے۔ عمل پورا ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور دو نفل شکرانے کے ادا کرے ہو سکے تو بچوں کو دم کیا ہوا پانی پلا دے اور اگر ممکن نہ ہو تو ان کا نام لے کر اللہ تعالیٰ کے حضور انھیں راہ . راست پر لانے کی دعا کرے ان شاء اللہ اس عمل سے اس کے بگڑے ہوئے بچے راہ . راست پر آجائیں گے اور فی زمانہ تو یہ عمل ہر ماں باپ کو کرنا چاہتے اس لیے کہ ارد گرد . کے ماحول نے بہت سے بچوں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے اور وہ ماں باپ کے نافرمان ہونے کے ساتھ ساتھ الٹے سیدھے کاموں میں بھی ملوث ہوتے ہیں ایسے بچوں کے گلے میں اسم پاک کا نقش ڈالنے سے یہی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

اللہ تعالی کی بڑی خوبی مانع بھی ہے یعنی اللہ تعالی ہر تکلیف اور نقصان کو روک بھی سکتا ہے۔ ایسے روحانی مسافر جن کو پڑھائی وظائف کے دوران بہت زیادہ خوف پیدا ہوتا ہو تو انہیں چاہیے کہ وظیفہ شروع کرنے سے پہلے اس اسم کو 100 مرتبہ پڑھ لیں ان شاء اللہ ہر تم کا خوف ختم ہو جائے گا۔

اس اسم مبارک کو روزانہ بکثرت پڑھنے والا شخص شیطان کے شر سے محفوظ رہتا ہے۔

اگر جائز مقصد کے حصول کی نیت سے اس اسم مبارک کو بکثرت پڑھنے کے بعد آغاز کیا جائے یا صبح شام اس اسم مبارک کا ورد کرے تو ان شاء اللہ مراد حاصل ہوگی۔

اگر دو اشخاص میں لڑائی رکوائی مقصود ہو تو اس اسم مبارک کو 100 مرتبہ پڑھ کر دونوں کے بچ جائے ان شاء اللہ دونوں فریقین اس شخص کی بات مان کر صلح کریں گے

جو شخص اس اسم پاک کا عامل بننا چاہئے اسے چاہئے کہ کسی پاک صاف جگہ کا انتخاب کرے اور رات کے پچھلے پہر دو نفل حاجت کے ادا کرنے کے بعد اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم کو 6250 مرتبہ روزانہ 40 دن پڑھے۔ عمل پورا ہونے کے بعد دو نفل شکرانہ ادا کرے اور شیرینی تقسیم کرے۔ اس کے بعد وہ تمام مندرجہ بالا امور کے لیے اس اسم پاک کو پڑھنے کے لیے اور اس کا باز و یا گلے میں باندھنے کے لیے دے سکتا ہے تمام مندرجہ بالا امور کے لیے اکسیر ہے۔