یا باقی کے لغوی معنی ہیں کہ جو چیز ابتداء میں جس طرح کی بھی ہو جیسی بھی حالت میں ہو جس شکل میں بھی ہو وہ انتہا تک آخر تک اس ہی صورت میں قائم رہے اور یہ صفت صرف اور صرف اللہ تعالیٰ جل شانہ کی ہی ہو سکتی ہے کہ دنیا میں ہر خلوق اپنی خلقت کا ایک سلسلہ مکمل کرتی ہے اور پھر اس کی شکل تخلیق کے وقت کچھ ہوتی ہے جو بن پر کچھ ہوتی ہے اور انجام پر کچھ تقریبا ہر تخلیق اپنی زندگی کے مدارج طے کرتے ہوئے اپنی شکل برقرار نہیں رکھ سکتی۔ دنیا میں جس کو مرضی دیکھ لیں اس کی آپ کو تین حالتیں ملیں گی۔ ایک ابتدائی ایک درمیانی اور ایک انتہائی یا آخری تینوں شکلوں میں زمین و آسمان کا فرق ہوگا بس اللہ ہی ہے جو ابتدا سے لے کر انتہاء تک ایک شکل میں جس میں کوئی تغیر و تبدل نہیں ہو سکتا موجود ہے اور اس ذات کو ہی باقی کہا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ یوں بھی اس صفت میں پورا اترتا ہے کہ وہ موت کا خالق ہے اور اس کی تخلیق یعنی موت اس پر غالب نہیں آسکتی اس کے علاوہ ہر چیز کو فنا ہے۔ مگر جس چیز کو وہ جتنی دیر رکھنا چاہتا ہے وہ باقی رہتی ہے۔ جس طرح انسانوں کے نیک اعمال مرنے کے بعد قیامت تک باقی رہیں گے۔ جنت اور دوزخ کا باقی رہنا بھی اس کی مرہون منت ہے۔ اگر چہ انہیں وہ ختم کرنے پر اختیار رکھتا ہے لیکن یہ اس کی اپنی مرضی ہے اور اختیار ہے کہ جب تک چاہے انہیں باقی رکھے۔ ایک مثال قرآن عظیم الشان میں اللہ تعالیٰ جل شانہ نے اپنی صفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتائی ہے۔ جس کا ترجمہ ہے کہ جو لوگ اللہ اتعالیٰ کے راستے میں مارے جاتے ہیں انھیں مردہ نہ کہو وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے ۔“ اب اللہ تعالیٰ جن کو باقی رکھنا چاہتا ہے وہ اس طرح باقی رکھتا ہے شہدا کے لئے دنیا ہی الگ ہے جسے عالم حیات بعد الموت کہتے ہیں ۔ یہ اسم پاک جلالی ہے اس کے اعداد 113 ہیں ۔ اس کے مقرب فرشتے کا نام عجبا ئیل ہے جو کہ 4 سردار فرشتوں کا حاکم ہے اور ہر سردار فرشتے کے ماتحت 113 صفیں ہیں اور ہر صف میں 113 فرشتے ہیں۔ جو شخص اس کی مداومت کرتا ہے اللہ تعالٰی اپنی صفت باقی کے صدقے میں اسے بقاء عطا فرماتا ہے۔ اس کے فوائد و عملیات درج ذیل ہیں۔
یه اسم اقتدار اور حکومت کو دیر تک باقی رکھنے کے لئے بہت اکسیر ہے ۔ لہذا جو صاحب اقتدار اس اسم پاک کو روزانه بعد از نماز فجر اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھٰ( یا باقی) 113 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنالے گا تو اس کی حیثیت اور مقام تاحیات قائم رہے گا۔ اگر کوئی شخص اس کے نقش کو اپنے پاس رکھے اور روزانہ 11 مرتبہ اسم یا باقی کو پڑھے تو اس کا اقتدار ہمیشہ باقی رہے یہ عملیات اس لئے تحریر ہوتے ہیں اور بزرگان دین اسے کافی امور کے لئے تیر بہدف نسخہ بتاتے ہیں۔ لیکن ساتھ جب وہ یہ کہتے ہیں کہ اس اسم پاک کو فلاں نماز کے بعد اتنی مرتبہ پڑھا جائے تو اس سے مرادان کی یہ ہوتی ہے کہ جو بھی حاکم وقت ہے یا جو بھی صاحب اقتدار ہے وہ اللہ تعالی کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہا ہو۔ وگرنہ فی زمانہ نہ تو اس طرح کا عمل بتایا جا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی حاکم اس اسم کا وظیفہ کرنے کا اہل ہے۔
حضرت بابا پیر فضل شاہ قادری قلندری المعروف سائیں روڑاں والی سرکار ہائی کورٹ والے فرماتے ہیں کہ اگر کسی شخص کا کھیت خراب ہو رہا ہو اور اسے ڈر ہو کہ اس کی ساری محنت بریکار چلی جائے گی بلکہ اس کو نقصان کا بھی اندیشہ ہو اور کھیت میں اس طرح کے آثار دیکھے تو اس کو چاہیے کہ اس اسم مبارک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ( یا باقی) 707 مرتبہ پڑھ کر پانی دم کر کے کسی بڑے برتن میں ڈال کر اپنی پوری فصل پر چھڑکائے۔ آپ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ جو فصل بالکل تباہ ہو رہی ہوتی ہے جب اس پر اس اسم پاک کا پڑھا ہوا پانی چھڑکایا جاتا ہے۔ تو اس کھیت میں اللہ تعالیٰ زندگی پیدا کر دیتا ہے اور وہ کھیت باقی تمام لوگوں کے کھیتوں سے بہتر پیداوار دیتا ہے۔
اگر کسی شخص کا کاروبار چلتے چلتے رک گیا ہو اور اس میں تباہی کے آثار پیدا ہو گئے ہوں تو چاہیے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو اپنی کاروبار کی جگہ پر بیٹھ کر 1100 مرتبہ پڑھے اور اس عمل کو 11 دن تک جاری رکھے تو اللہ تعالی کے فضل سے اور اس اسم پاک کی برکت سے اس کا کاروبار تباہی سے بچ جائے گا۔ 11 دن مکمل ہونے پر دو نفل شکرانے کے ادا کرنا ضروری ہے اور اس کے علاوہ حسب توفیق غریبوں کو کھانا کھلا نا عمل کی خاصیت کو دو چند کر دیتا ہے
حضرت امام علی ہوئی فرماتے ہیں کہ یہ اسم قوت حافظہ کو تیز کرنے اور آخری عمر تک اسے قائم رکھنے کے لئے انتہائی مجرب ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی قوت حافظہ کو مضبوط کرنا چاہے تو اسے چاہیے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ نماز مغرب کے بعد ( یا باقی)113 مرتبہ پڑھے اور اسے پڑھنے کا معمول بنالے۔ ان شاء اللہ اس کی قوت حافظہ عمر کے آخری حصے تک قائم رہے گی۔
آج کا دور جس قدر تیزی اختیار کر گیا ہے اور بچوں پر جس قدر نا مناسب پڑھائی کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے انہیں قوت حافظہ کی سخت ضرورت ہے۔ جس بچے کی قوت حافظہ کمزور ہو تو چاہیے کہ اس کے والدین میں سے کوئی روزانہ اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 33 مرتبہ اس اسم پاک( یا باقی) کو پڑھ کر پانی پر دم کر کے بچے کو 11 دن تک پلائے اور اس کے بعد اس اسم پاک کا نقش بچے کے گلے میں ڈال دے۔ ان شاء اللہ اس کا حافظہ تیز ہو جائے گا میرے خیال میں تو اس اسم پاک کا نقش آج کل کے تمام بچوں کے گلوں میں ڈالنا چاہیے تاکہ ان کی قوت حافظہ تیز رہ سکے اور وہ اس دنیا کی دوڑ میں پیچھے نہ رہیں۔
جس شخص کی صحت اکثر خراب رہتی ہو اور بار بار اس کو کوئی بیماری لاحق ہو جاتی ہو۔ وہ اپنی ان تکالیف سے پریشان ہو اور حکیموں اور ڈاکٹروں کو دکھا کر تنگ آچکا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اللہ شافی اللہ باقی کا درد روزانہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ ( یا باقی)707 مرتبہ 40 دن پڑھے۔ پھر اس وظیفے کو ہر نماز کے بعد 11 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنالے تو اس پر بیماری بہت کم حملہ کرے گی اور مرتے دم تک پڑھنے والا تندرست و توانا رہے گا۔
اگر کسی شخص کو کوئی ایسی بیماری لاحق ہو گئی ہو جس کے بارے میں ڈاکٹر حکیم مایوسی کا اظہار کر رہے ہوں اور اسے لا علاج قرار دے کر اس کے حال پر چھوڑ چکے ہوں تو ایسے شخص کے لئے چاہیے کہ اس شخص کا کوئی خونی رشتے دار یا بیوی بچے اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ بعد از نماز عشاء پانی کی ایک پیالی رکھ کر( یا باقی) 707 مرتبہ پڑھے اور پڑھنے کے بعد اس پانی پر دم کر دیں۔ آدھا پانی اس مریض کو پلا دیا جائے اور دوسرے دن بعد از نماز عشاء پیالی دوبارہ بھر کر اس عمل کو دوبارہ کیا جائے۔ اور آدھا پانی پھر پلا دیا جائے ۔ غرض 40 یوم تک اسی طرح کیا جائے ۔ آخری دن تمام کا تمام پانی مریض کو پلا دیا جائے اور اس کے گلے میں اس اسم پاک کا نقش ڈال دیا جائے اگر اس کی زندگی ہوگی تو ان شاء اللہ وہ اپنی اس لاعلاج بیماری سے نجات حاصل کرے گا۔
جناب حضرت سلطان باھو نے اپنی کتاب عقل بیدار میں لکھا ہے کہ جو شخص اس اسم پاک کو جمعہ کی رات اول و آخر 5 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 100 مرتبہ پڑھے تو اس کے تمام عمل قبول ہوں اور اگر ہفتے کے دن دشمن کو زیر کرنے کی نیت سے پڑھے تو نہ صرف اس کا دشمن زیر ہوگا بلکہ اس کا مطیع اور فرمانبردار بھی ہو جائے گا۔ میرے نانا پیر فضل شاہ قادری قلندری المعروف سائیں روڑاں والی سرکار ہائی کورٹ والے فرماتے ہیں ۔ کہ دشمن کو مطیع کرنے کا عمل اس سے اچھا بہت کم ہوتا ہے جو شخص اپنے دشمن کو زیر کرنا چاہے اور اسے اپنا تابع فرمان بنانا چاہے اسے چاہئے کہ ہفتے کے روز اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 777 مرتبہ 70 دن تک پڑھے مزید فرمایا کہ بعض لوگ یہ سوچتے ہوں گے کہ ان 70 دنوں میں دشمن نے حملہ کر دیا تو کیا ہوگا ؟ تو ان کے لئے یہ بتانا چاہتا ہوں کہ جس وقت عامل اس عمل کی نیت کرے گا اس وقت سے دشمن اسے نقصان پہنچانے سے باز رہے گا۔ اور اس کے دل میں ایک ڈر بیٹھ جائے گا اس لئے دوران عمل اسے دشمن سے کوئی خطرہ لاحق نہ ہو گا 70 دن کے بعد اسے چاہیے کہ 2 نفل شکرانے کے ادا کرے اور کوئی میٹھی چیز پکا کر یا پکوا کر اپنے اہل علاقہ اور ہمسائیوں میں تقسیم کرے۔ ان شاء اللہ نہ صرف اس کا دشمن زیر ہوگا بلکہ ہمیشہ کے لئے اس کا تابع دار بن کر رہے گا۔ اس عمل میں یہ بات بڑی ضروری ہے کہ عامل کو اس اسم پاک کے ورد کو چھوڑ نا نہیں چاہیے روزانہ( یا باقی) 7 یا 11 مرتبہ ضرور پڑھنا چاہیے۔
یہ بیماری آج کل بہت عام ہے اور بہت ساری اموات اس مرض سے ہو رہی ہیں۔ اس مرض کی وجوہات بے شمار ہیں جو کہ آج سے ساٹھ ستر سال پہلے نہ تھی۔ آج کا دور کیمیکل اور زہروں کا دور ہے پانی اتنا آلودہ ہو چکا ہے کہ گردے اسے صاف کرنے سے قاصر ہیں۔ لہٰذا بعض لوگوں کے گردے فیل ہو جاتے ہیں۔ یہ عمل میرے والد محترم السید محمد رمضان شاہ قادری اور ان کے پیرو مرشد حضرت محمود الحسن شاہ قادری جو کہ حضور پاک کی اولاد تھے کا بتایا ہوا ہے۔ جس مریض کے گردے فیل ہو رہے ہوں اور ڈاکٹر گردوں کی صفائی کے لئے کہ رہے ہوں تو چاہیے کہ اس اسم پاک کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ ( یا باقی)313 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کر کے مریض کو پلایا جائے۔ عمل کی مدت 40 دن ہے۔ لیکن ہر ہفتے مریض کی رپورٹ کروالینی چاہیے اس پر میرا پورا یقین اور ایمان ہے کہ جس شخص کو یہ عمل کر کے دم کیا ہوا پانی پلایا جائے گا اس کے گردے 40 دن بعد اللہ تعالیٰ دوبارہ اصلی حالت میں واپس لے آئیں گے۔ اور وہ صحت یاب ہوگا۔
جو شخص اس اسم پاک کا عامل بننا چاہے اسے چاہیے کہ نصف شب اٹھ کر تہجد کے نوافل ادا کرنے کے بعد اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ اس اسم پاک کو 5000 مرتبہ 40 دن پڑھے۔ عمل پورا ہو جائے تو ساری زندگی کے لئے روزانہ درود پاک کے ساتھ 100 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنا لے اس کے بعد وہ اس پاک نام کا ورد اور نقش مندرجہ بالا مقاصد کے حصول کے لئے دوسروں کو دے سکتا ہے۔