روحانیات زیارات کے اعمال

دل میں اللہ اور اس کے رسول کی محبت پیدا ہو

اگر کوئی شخص یہ چاہتا ہو کہ اس کے دل میں اللہ اور اس کے رسول کی محبت پیدا ہو جائے تمام دنیا کے لوگ اس کے ساتھ محبت کرنے لگیں۔ شیطان اسے راستے سے بھٹکا نہ سکے گا۔ اور وہ اللہ کے حضور ہمیشہ سرخرور ہے اور یہ مر کر بھی اللہ کے حضور سرخرو ہو کر جائے تو چاہئے کہ اس اسم پاک کو بعد از نماز عشاء اول و آخر 11 مرتبہ درود پاک کے ساتھ (یا قیوم) 7000 مرتبہ پڑھے اس عمل کی معیاد 120 دن ہے 120 دن کے بعد اللہ کے حضور شکرانے کے نوافل ادا کرے اور بھوکے لوگوں کو کھانا کھلائے ۔ اس عمل سے اس میں عجیب و غریب لیکن بہت اچھی تبدیلیاں پیدا ہونا شروع ہو جائیں گی۔ سب سے پہلے تو اس کے دل میں اللہ تعالیٰ جل شانہ اور اس کے حبیب محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت پیدا ہوگی اور پھر اس میں ایک ایسی مقناطیسیت پیدا ہو جائے گی کہ لوگ خود بخود اس کا احترام کرنے لگیں گے۔ اس کے علاوہ اسے مستقبل میں جھانکنے اور جاننے کے بارے میں علم پیدا ہو جائے گا۔ ایک عجیب و غریب قوت جو اس میں پیدا ہوگی وہ یہ کہ اگر وہ دیکھتا ہے کہ مستقبل میں اس کے ساتھ یا اس کے قریبی عزیز کے ساتھ یا اس کے کسی دوست کے ساتھ حادثہ پیش آنے والا ہے تو وہ پہلے سے ہی اس کی پیش بندی کر سکے گا۔ اگر چہ یہ بات ایک طویل بحث مانگتی ہے مگر چند لفظوں میں اس بات کو ختم کرنا مناسب سمجھتا ہوں کہ قضاء دو طرح کی ہوتی ہے ایک قضائے معلق اور دوسری قضائے مبرم اب ان کا تناسب کچھ یوں ہے کہ قضائے مبرم دو یا تین فیصد ہوتی ہے اور باقی قضائے معلق ہوتی ہے قضائے مبرم کو اللہ تعالیٰ جل شانہ کے علاوہ کوئی تبدیل نہیں کر سکتا چاہے وہ نبی ہی کیوں نہ ہو لیکن قضائے معلق کو صدقے اور تدبیر سے ٹالا جاسکتا ہے۔