تقلید, عقائد و کلام, فتاوی رضویہ, متفرق عقائد اہل سنت

متفرق سوالت متعلقہ عقائد

مسئلہ ۱۵۲ تا ۱۵۶ : از قصبہ نظام آباد ضلع اعظم گڈھ مسئولہ سیّدِ علی اصغر ۹ شعبان چہار شنبہ ۱۳۳۹ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین مسائل ذیل میں کہ:
(۱) حنفی کس کو کہتے ہیں، پوری پوری تعریف کیا ہے؟
(۲) زید ایک فارغ التحصیل علومِ عربیہ کا ہے اور اپنے کو حنفی مذہب کا مقلد کہتا ہے، آمین بالجہر ، رفع یدین، قراء ت فاتحہ خلف الامام کا قائل نہیں، تراویح بیس ۲۰ رکعت پڑھتا ہے اور وتر تین رکعت، کتب فقہیہ پر عمل کرتا ہے۔ مسلمانوں کو زید کے پیچھے نماز پڑنا چاہیے یا نہیں؟اور ایسی صورت میں زید کو حنفی کہیں گے یا نہیں؟
(۳) محفلِ میلاد شریف میں قیام کرنا کیسا ہے ؟
(۴) زید محفل میلاد شریف میں شریک ہوتا ہے اور قیام کو مستحب کہتا ہے اور خود کرتا ہے اس کو حنفی کہیں گے یا وہابی؟
(۵) وہابی یا غیر مقلد کس کو کہتے ہیں؟ اور اس کی پہچان کیا ہے ” بَیّنُوا تُوجروا ( بیان فرمائیے اجر دیئے جاؤ گے۔ت)

الجواب

(۱) علماء کی اصطلاح میں حنفی وہ کہ فروع میں مذہب حنفی کا پیرو ہو، پھر اگر اصول میں بھی حق کا متبع ہے تو سُنی حنفی ہے ورنہ گمراہ جیسے معتزلہ، واﷲ تعالٰی اعلم۔
(۲) ان باتوں سےاگر ثابت ہوا تو اتنا کہ زید فروعاً حنفی ہے اور اس قدر سے اس کے پیچھے صحتِ نماز لازم نہیں، پہلے تو معتزلہ تھے اب قطعی مرتد فرقے ایسے ہیں کہ اپنے آپ کو حنفی کہتے اور فروع میں فقہ حنفی پر چلنے کا دعوٰی رکھتے ہیں اُن کی حنفیت انہیں کیا مفید ہوسکتی ہے، امامت کے لیے سُنّی صحیح العقیدہ صحیح الطہارۃ صحیح القراء ۃ جامع شرائط صحت وحلت ہونا چاہیے ، واﷲ تعالٰی اعلم۔
(۳) مستحسنِ علمائے کرام ہے واﷲ تعالٰی اعلم۔

(۴) مجلس میلاد و مبارک و قیام چاروں مذہب کے علماء و عام اہل اسلام کرتے ہیں یہ کچھ حنفیہ سے خاص نہیں اور بعض وہابیہ بھی براہِ تقیہ ان کے عامل ہوتے ہیں جیسا کہ بارہا کا مشاہدہ ہے تقویۃ الایمان کو گمراہی وضلالت اور دیوبندیت کو کفر وردت صراحۃً بلا غرض بکشادہ پیشانی مانے تو اسے وہابی نہ کہا جائے گا اور قلب کا علم عالم الغیب کو۔ واﷲ تعالٰی اعلم،
(۵) اسمعیل دہلوی وتقویۃ الایمان کو ماننے والا یا اس کے مطابق عقائد رکھنے والا اگرچہ زبان سے اس کا ماننا نہ کہے وہابی ہے ، اور یہ ہی اس کی پہچان کو بس ہے، پھر اگر فقہ پر چلنے کا ادعا کرے تو مقلد وہابی ہے، اور اگر اس کے ساتھ فقہ کو بھی نہ مانے تو غیر مقلد وہابی ہے۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔