مسئلہ ۲۱۲:ازتھانہ فتح پور چوراسی ضلع اناؤ ۔ مرسلہ علی احمد خان صاحب ہیڈ محرر ۲۳ جمادی الاولٰی ۱۳۳۸ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید کے تیسری لڑکی ہوئی ، اس دن سے زید نہایت پریشان ہے۔ اکثر لوگ کہتے ہیں کہ تیسری لڑکی اچھی نہیں ہوتی تیسرا لڑکا نصیب ور اور اچھا ہوتا ہے۔ زید نے ایک صاحب سے دریافت کیا انہوں نے فرمایا یہ سب باتیں اہل ہنود اور عورتوں کی بنائی ہوئی ہیں اگر تم کو وہم ہو صدقات کردو ایک گائے یا سات بکریاں قربانی کردو اور توشہ شاہنشاہِ بغداد رضی اللہ تعالٰی عنہ کر دو ، حق تعالٰی بتصدق سرکار غوثیت رضی اللہ تعالٰی عنہ ہر طرح کی بلاو نحوست سے محفوظ رکھے گا۔ توشہ دو ہیں۔
ایک خشکہ گیلانی : برنج (۵ ماِ) ، روغن زرد (۵ مِا) ، شکر (۵ ماِ )، میوہ (۵ ماِ) شیر گاؤ (۵ ماِ) زعفران (۵ تولہ) ، گلاب (ایک بوتل ) ، کیوڑا ( ایک بوتل ) الائچی خورد (۵ ماِ)، لونگ (۳ تولہ)۔
اس کو پکا کر نیاز شہنشاہِ بغداد رضی اللہ تعالٰی عنہ کی کرکے مسلمانوں کو تقسیم کردیا جائے دوسرا حلوہ اس طرح کہ : میدہ گندم (۵ ماِ) ، روغن زرد (۵ ماِ ) شکر (۵ ماِ) میوہ (۵ مِار)
حلوہ پکا کر کیوڑا، گلاب، ورق نقرہ لگا کر فاتحہ دے کر تقسیم کردیا جائے۔ پانچ سیر سے کم ہونا اچھا نہیں زیادہ کا اختیار ہے۔ چونکہ زید اور اس کی اہلیہ متبع حضور کے ہیں اس وجہ سے حضور کو تکلیف دی جاتی ہے کہ یہ باتیں صحیح ہیں یا غلط آپ کچھ صدقات تحریر فرمادیجئے تاکہ ان کی تعمیل زید کرسکے کیونکہ ان صدقات میں مبلغ ایک سو روپے صرف ہوں گے اور زید کی تنخواہ صرف عہ روپے ہے یا ان صدقات میں کمی فرمادیں۔
الجواب
یہ محض باطل اور زنانے ادہام اور ہندوانہ خیالات شیطانیہ ہیں ان کی پیروی حرام ہے۔ تصدیق اور توشہ سرکار ابدقرار رضی اللہ تعالٰی عنہ بہت اچھی چیز ہے مگر اس نیت سے کہ اس کی نحوست دفع ہو جائز نہیں کہ اس میں اس کی نحوست مان لینا ہوا اور یہ شیطان کاڈالا ہوا وہم تسلیم کرلینا ہوا والعیاذ باَ تعالٰی، اس قسم کے خطرے وسوسے جب کبھی پیدا ہوں اُن کے واسطے قرآن کریم و حدیث شریف سے چند مختصر و بیشمار نافع دعائیں لکھتا ہوں انہیں ایک ایک بار خواہ زائد آپ اور آپ کے گھر میں پڑھ لیں۔ اگر دل پختہ ہوجائے اور وہ وہم جاتا رہے بہتر ورنہ جب وہ وسوسہ پیدا ہو ایک ایک دفعہ پڑھ لیجئے اور یقین کیجئے کہ اﷲ و رسول کے وعدے سچے ہیں اور شیطان ملعون کا ڈرانا جھوٹا۔ چند بار میں بعونہ تعالٰی وہ وہم بالکل زائل ہوجائے گا اور اصلاً کبھی کسی طرح اس سے کوئی نقصان نہ پہنچے گا۔ وہ دعائیں یہ ہیں :
لن یصیبنا ماکتب اﷲ لنا ھو مولٰینا وعلی اﷲ فلیتوکل المؤمنون ۱ ؎۔ ہمیں نہ پہنچے گی مگر جو ہمارے لیے اﷲ نے لکھ دی وہ ہمارا مولٰی، اور اﷲ ہی پر بھروسا کرنالازم۔
( ۱ ؎القرآن الکریم ۹ /۵۱)
حسبنا اﷲ ونعم الوکیل ۲ ؎۔ ا ﷲ ہمیں کافی ہے اور کیا اچھا بنانے والا۔
( ۲ ؎القرآن الکریم۳ /۱۷۳)
اللھم لایاتی بالحسنات الا انت ولا یذھب السیئات الا انت ولاحول ولاقوۃ الاّ بک ۱ ؎۔ الہٰی ! اچھی باتیں کوئی نہیں لاتا تیرے سوا اور بُری باتیں کوئی دور نہیں کرتا تیرے سوا اور کوئی زور طاقت نہیں مگر تیری طرف سے۔
( ۱ ؎۔ کنزالعمال حدیث ۲۸۵۸۴ موسسۃ الرسالہ بیروت۱۰ /۱۱۶)
اللھم لا طیرا لاطیرک ولا خیر الا خیرک ولا الٰہ غیرک ۲ ؎۔ الہٰی تیری فال فال ہے اور تیری ہی خیر، خیر اور تیری سوا کوئی معبود نہیں۔
( ۲ ؎۔ کنزالعمال حدیث ۲۸۵۸۰موسسۃ الرسالہ بیروت۱۰ /۱۱۵)
یہ توشہ کہ انہوں نے بتایا نہایت مفید چیز ہے اور حاجتیں بر لانے کے لیے مجرب، ہمارے خاندان کے مشائخ میں اس کی ترکیب یوں ہے۔
میدہ گندم (۵ ماِ) ، شکر (۵ ماِ) ، گھی (۵ ماِ) مغز بادام (۱ ماِ) ، پستہ (۱ ماِ) ، کشمکش (۱ ۔ماِ) ناریل (۱ مِا) ۔لوگ ، دار چینی ، چھوٹی الائچی ہر ایک سوا چھٹانک۔
حضور کی نیاز دے کر صالحین کو کھلائے اور اپنے مطلب کی دُعا کرائے۔ اصل وزن یہ ہیں، بقدرِ قدرت ان میں کمی بیشی کا اختیار ہے۔ نصف، چوتھائی ، آٹھواں حصہ یا جتنا مقدور ہو کرے وہی اثر دے گا۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔