صاحب مزار سے رابطے کے اعمال روحانی دنیا میں کشف القبور ایک بڑی اہم منزل ہے کشف القبور کا مطلب یہ ہے کہ روحانی سالک جب بھی کسی قبر کے پاس جائے وہ قبر کسی اللہ کے ولی کی ہو یا اس کے کسی عزیز کی اس صاحب قبر سے اس کا رابطہ ہو جائے گا۔ روحانی سالک کا صاحبان مزار سے روحانی فیض لینے کے لئے بڑی تگ و دو کے بعد صاحب مزار سے رابطہ ہوتا ہے۔ یہ ایک بہت بڑی روحانی سعادت ہے ۔ جب صاحب مزار سے روحانی ملاقات ہوتی ہے تو ایسے ہی محسوس ہوتا ہے جیسے آپ اس کی زندگی میں اس سے مل رہے ہوں۔ اپنے روحانی سفر کے آغاز میں ایک مدت تک میرا یہ حال رہا کہ ذکر اذکار اور مسلسل ریاضتوں کے باوجود صاحب مزار سے رابطہ نہ ہو پاتا اس کی وجہ یہ تھی کہ مجھے کوئی راہ بتانے والا نہ تھا اس لیے مجھے اس منزل تک رسائی کیلئے بہت زیادہ تگو دو کرنی پڑی۔ خلق خدا کی خدمت کے مشن کے تحت کیونکہ یہ کتاب ہدیہ قارئین کی جا رہی ہے۔ اس لیے میں نے مناسب سمجھا کہ روحانی سالکوں کی راہنمائی کیلئے وظائف کو بھی درج کر دیا جائے جو صاحبان مزارات سے فیوض برکات کی دولت سمیٹنے کے لئے انتہائی کارگر ہیں۔
اگر کوئی شخص خواب میں کسی صاحب مزار یا اپنے کسی عزیز سے ملاقات کا خواہش مند ہو تو اسے چاہیے کہ یہ آیات مجیدہ 7 دن روزانہ 111 دفعہ پڑھے۔
عمل:
وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ اتَّبَعَتْهُمْ ذُرِّیَّتُهُمْ بِاِیْمَانٍ اَلْحَقْنَا بِهِمْ ذُرِّیَّتَهُمْ وَ مَاۤ اَلَتْنٰهُمْ مِّنْ عَمَلِهِمْ مِّنْ شَیْءٍؕ-كُلُّ امْرِئٍۭ بِمَا كَسَبَ رَهِیْنٌ(21)
(سورۃ طور آیت نمبر (21)