مسئلہ۱۸ : ازگورکھپور محلہ دھمال مسؤلہ سعید الدین ۹ شوال ۱۳۳۹ھ)
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ان مسئلوں میں کہ:
(۱) امیر محلہ کا لفظ جو بعض کتبِ فقہ میں آیا ہے اور میر محلہ ان دونوں لفظوں میں کچھ شرعاً وعرفاً فرق ہے یا نہیں؟
(۲) ہندوستان میں عام طور پر سید کو میر صاحب کہتے ہیں تو کیا اس کہنے سے فی الواقع وہ امیر محلہ بن سکتے ہیں یا امیر محلہ کے احکام اس پر عائد ہوسکتے ہیں؟ بیّنوا توجروا(بیان فرمایئے ، اجر دیئے جاؤ گے۔ ت)
الجواب :
(۱) امیر اور میر میں کچھ فرق نہیں، میراُسی کا مخفف ہے۔ واﷲ تعالٰی اعلم۔
(۲) فقط میر صاحب ہونے سے میر محلہ نہیں ہوتا میر محلہ وہ ہے جو علم دینی میں سب اہل محلہ سے زائد ہو یا جسے سلطان یا مسلمانوں نے میر محلہ بنایا ہو۔ واﷲتعالٰی اعلم۔