مسئلہ ۹۸ تا ۹۹: ازجالندھر چوک امام ناصر الدین صاحب، دکان ملک محمد امین، مرسلہ ملک محمد امین ۲۵ ربیع الاخر۱۳۳۷ کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ۔
(۱) خواب میں شیطان کسی اچھی صورت میں ہو کر فریب دے سکتا ہے یا نہیں کہ میں محمد رسول اﷲ ہوں صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم
(۲) اٹھارہ ہزار عالم سے کیا مراد ہے؟ کلُ اشیاء درخت وغیرہ بھی اس میں شامل ہیں یا نہیں؟
الجواب :
(۱) حضور اقدس علیہ افضل الصلوات والتسلیمات کے ساتھ شیطان تمثل نہیں کرسکتا۔ حدیث میں فرمایا۔ من راٰنی فی المنام فقدرای الحق ان الشیطان لایتمثل بی ۔۱ جس نے مجھے خواب میں دیکھا بے شک اس نے مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میری صورت اختیار نہیں کرسکتا۔(ت)
( ۱ ؎ کنزالعمال حدیث ۴۱۴۸۹ موسسۃ الرسالہ بیروت ۱۵/ ۳۸۴)
ہاں نیک لوگوں کی شکل بن کر دھوکا دے سکتا ہے بلکہ اپنے آ پ کو الٰہ ظاہر کرسکتا ہے۔
(۲) عالم اٹھارہ ہیں اور ہر ایک میں کثرت ِ مخلوقات کے سبب اسے ہزار سے تعبیر کیا۔ تینوں موالید جمادات، نباتات، حیوانات، اور چاروں عناصر، اور سات آسمان، اور فلک ِ ثوابت، فلک اطلس ، کرسی ، عرش ، افادہ الشیخ الاکبر محی الدین ابن عربی قدس سرہ، واﷲ تعالٰی اعلم۔