عقائد و کلام, فتاوی رضویہ

متفرق سوالات پر اما م اہل سنت کے جوابات

مسئلہ۶ تا ۱۰: از پنڈول بزرگ ڈاکخانہ رائے پورضلع مظفرپورمرسلہ نعمت علی صاحب ۱۴ربیع الاول شریف ۱۳۳۷ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین مبین ان مسائل میں کہ :
(۱) جناب باری عزّاسمہٗ کے کتنے نام ہیں اورشہنشاہ جہاں صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے کتنے؟
(۲) سورہ فاتحہ وسورہ اخلاص میں صرف خدا ہی کی تعریف ہے یارسول کی بھی؟
(۳) جو بزرگ عالم حیات میں اپنے معتقدوں کو تعلیم فرماتے ہیں اگر بعدوصال کے خواب میں تعلیم کرے تو اس پر یعنی خواب کی باتوں پر شرع کی روسے چلنا کیساہے؟
(۴) سنا ہے کہ حضرت مولا علی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے لال کافر کو مارا اوروہ بھاگا اورہنوز زندہ ہے ،آیا اس کی کوئی خبر حدیث سے ہے؟اورکب تک زندہ رہے گا؟پھر ایمان لائے گایا نہیں؟
(۵) حنانہ لکڑی جو آپ کے فرق میں نالاں تھی قیامت کے دن اس کا کیا حال ہوگا؟

 

الجواب
(۱) اللہ عزوجل کے ناموں کا شمار نہیں کہ اس کی شانیں غیر محدود ہیں، رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے اسمائے پاک بھی بکثرت ہیں کہ اسما مسمّی سے ناشی ہے ، آٹھ سو سے زائدمواہب وشرح مواہب میں۱؂ ہیں ، اورفقیر نے تقریبًاچودہ سوپائے،اورحصر ناممکن۔

(۱؂شرح الزرقانی علی المواہب اللدنیۃ المقصد الثانی دارالمعرفہ بیروت۳/۱۱۲تا۱۵۱)

(۲) سورہ فاتحہ میں حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کی سریح مدح ہے الصراط المستقیم محمدصلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ہیں اوران کے اصحاب ابوبکروعمررضی اللہ تعالٰی عنہما ، انعمت علیھم چاروں فرقوں کے سردار انبیاء ہیں انبیاء کے سردار مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ۔ شیخ محقق نے اخبارالاخیارمیں بعض اولیاء کی ایک تفسیر بتائی جس میں انہوں نے ہر آیت کو نعت کردیاہے اس میں سورہ اخلاص بھی داخل ہے ۔
(۳) اچھے خواب پر عمل خوب ہے اوراچھا وہ کہ موافق شرع ہو۔
(۴) یہ بے اصل ہے ۔
(۵) وہ (استن حنانہ)جنت کا ایک درخت کیا جائے گا،کمافی حدیث۲؂۔ واللہ تعالٰی اعلم

(۲؂شرح الزرقانی علی المواہب اللدنیۃ المقصد الثانی دارالمعرفہ بیروت۳/۱۱۲تا۱۵۱)