ی۔دینیات, باب الصلوۃ

قصر کیلئے ایک شرط مستقل سفر۔

مسئلہ :ایک مولانا صاحب سلطانپور میں رہتے ہیں اور ریاست خاں چھاونی میں رہتے ہیں جو فیض آباد سے پورب بستی روڈ پر واقع ہے۔ریاست خاں نے مولانا کو اپنے لڑکے کی شادی میں شرکت کی دعوت دی اور تاکید کر دی کہ آپ صبح سویرے پہلے چھاؤنی آئیں دوپہر کاکھانا یہیں کھا کر آرام کریں پھر چھاؤنی سے فیض آباد ہوتے ہوئے علاقہ اکبر پور میں ٹانڈہ روڈ پر یعقوب پور بارات چلنا ہے۔مولانا صاحب سلطانپور سے بوقت صبح شادی اور بارات کی شرکت کی نیت سے براستہ فیض آباد چھاؤنی پہونچے دوپہر کا کھانا کھایا اور دوتین گھنٹے چھاؤنی میں رہے اور آرام کیا۔ پھر بارات کے ساتھ فیض آباد ہوتے ہوئے یعقوب پور گئے دریافت طلب یہ امر ہے کہ اس صورت میں مولانا صاحب شرعی مسافر ہوئے یا نہیں ؟ اور وہ نماز قصر کریں گے یا نہیں؟


الجواب :اللھم ھدایۃالحق والصواب۔ اگر سلطانپور سے چھاؤنی کی مسافت 57, 2/1{ساڑھے 57 }میل یعنی 92 کلومیٹر نہیں ہے اور نہ چھاؤنی سے یعقوب پور 92 کلومیٹر ہے تو اس صورت میں مولانا صاحب شرعی مسافرت نہیں ہوئے قصر نہیں کریں گے اگرچہ سلطانپور سے چھاؤنی اور چھاؤنی سے یعقوب پور کی مجموعی مسافت 92 کلو میٹر سے زیادہ ہو کہ صورت مذکورہ میں سفر دو ٹکڑے ہوگیا کہ ضمنا کہیں راستہ میں رکنے سے سفر کا ٹکڑا نہیں ہوتا اور اس صورت میں مولانا کے لئے چھاونی کا سفر ضمنا نہیں ہوا بلکہ استقلالا ہوا اعلی حضرت امام احمد رضا بریلوی رضی عنہ ربہ القوی تحریر فرماتے ہیں کہ اگر دو سو میل کے ارادے پر چلا مگر ٹکڑے کر کے یعنی بیس میل جا کر یہ کام کروں گا وہاں سے تیس میل جاؤں گا وہاں کے پچیس میل و علی ہذاالقیاس مجموعہ دو سو میل تو وہ مسافر نہ ہوا کہ یک لخت ارادہ57 1/2میل کا نہ ہوا(فتاوی رضویہ جلد سوم ص667) اور اگر سلطانپور سے چھاونی 92 کلومیٹر نہیں ہے مگر چھاؤنی سے یعقوب پور مسافت قصر ہے تو اس صورت میں چھاؤنی تک مسافر نہ رہے لیکن چھاؤنی سے یعقوب پور کے سفر میں شرعی مسافر ہوگئے نماز قصر کریں گے۔ اور اگر سلطانپور سے چھاؤنی 92 کلومیٹر یا اس سے زیادہ ہے تو سلطانپور سے نکلتے ہی مولانا مسافر ہو گئے چھاؤنی اور یعقوب پور کے راستہ میں قصر کریں گے اور ان مقامات پر بھی چار رکعت والی فرض نماز کو دو ہی پڑھیں گے۔

  ھذا ما ظهر لي والعلم بالحق عند الله تعالى ورسوله جل جلاله و صلى الله تعالى عليه وسلم .
بحوالہ: فتاوی فیض الرسول
ص:398 جلد 1 ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *