کیاعورت گھر میں واش روم میں جانے کے لیے مردانہ جوتا پہن سکتی ہے ؟
عموماً گھر کے واش روم میں مردانہ جوتا رکھ دیا جاتا ہے جسے پہن کر مرد و عورت واش روم میں جاتے ہیں,حالانکہ عورت کیلیے مردانہ جوتا پہننا ناجائز و گناہ ہے چاہے گھر سے باہر پہنے یا گھر میں پہنے, ویسے پہنے یا واش روم میں جانے کے لیے پہنے, اور ایسی عورت پر نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت فرمائی ہے ۔
چنانچہ ابن ابو ملیکہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہُ تعالیٰ عنہا سے عرض کی گئی کہ ایک عورت مردانہ جوتا پہنتی ہے تو آپ رضی اللہُ تعالیٰ عنہا نے فرمایا :
“لَعَنَ رسولُ اللہِ صلی اللہ علیہ وسلم الرّجلَۃَ مِنَ النِّسَاءِ ”
یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مردانی وضع کی عورت پر پر لعنت فرمائی ہے ۔
(سنن ابو داؤد کتاب اللباس ,باب فی لباس النساء جلد4 صفحہ 105بیروت)
نوٹ :
اس کا بہتر حل یہ ہے کہ وہ جوتا واش روم میں رکھ دیا جائے جو مرد و عورت دونوں کیلیے یکساں استعمال ہوتا ہے اور ایسے جوتے مارکیٹ سے بآسانی مل جاتے ہیں اور اگر ایسا جوتا نہ ملے تو پھر مرد کیلیے مردانہ اور عورت کے لیے زنانہ جوتا رکھنا ضروری ہوگا ۔
واللہ اعلم بالصواب