دشمن سے فتح یابی کے اعمال

شریر شخص سے بچنے کا عمل

میرے نانا پیر فضل شاہ قادری قلندری المعروف سائیں روڑاں والی سرکار ہائی کورٹ والے فرماتے ہیں کہ اگر کوئی شریر شخص بار بار تنگ کر رہا ہو، ذہنی پریشانی کا باعث ہوا اور کسی طور بھی پیچھا نہ چھوڑ رہا ہو تو اس سے بچنے کے لیے چاہئے کہ تہجد کے نوافل ادا کرنے کے بعد اس اسم پاک(یا مانع) کو 707 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 27 دن تک پڑھے۔ عمل پورا ہونے پر اللہ تعالیٰ کے حضور دو نفل شکرانہ ادا کر کے دعا کرے کہ اے اللہ تو نے مجھ پر بڑا کرم کیا کہ مجھے فلاں شخص کی شرارت سے محفوظ کر لیا۔ میرے نانا یہ عمل بتا رہے تھے تو سائیں چراغ نے پوچھا کہ جناب ابھی تو یہ معلوم نہیں کہ وہ شخص جو شرارت کر رہا تھا وہ باز آیا ہے کہ نہیں تو شکرانے کے دو نفل کیوں؟ آپ مسکرا پڑے اور فرمایا سائیں یہ بات اعتبار کی ہے جو شخص مذکورہ عمل کو اللہ تعالیٰ پر کامل یقین اور اعتبار کے ساتھ کرتا ہے تو یہ ناممکن ہے کہ اس کا کام نہ ہو اور اللہ تعالی اس پر مہربانی نہ فرمائے۔ لہذا شکرانے کے دو نفل ادا کیے جاتے ہیں کہ سائل نے اللہ کو جس پاک نام سے پکارا ہے اس کے صدقے اللہ نے اس کی مشکل حل کر دی ہے۔