مسئلہ ۶: مسئولہ مولوی عبدالحمید صاحب از بنارس محلہ پترکنڈہ متصل تالاب ۱۸ ربیع الاول شریف ۱۳۳۲ھ
ہمارے سُنّی حنفی علماء اکثر ہم اللہ تعالٰی کیا فرماتے ہیں کہ کتابِ مستطاب ” دلائل الخیرات ” مطبوع مطبع نظامی ۱۲۷۹ھ میں حضورصلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے اسمائے شریفہ کے اخیر میں ایک اسم شریف ” کریم المخرج ” بھی لکھا ہے۔
اس کے متعلق حاشیہ پر یہ عبارت لکھی ہے: ” قال الشیخ ھذا زائد لیس بداخل الکتاب لکن جرت العادۃ بقرائہ لانہ موافق للحدیث الخ ” شیخ نے کہا یہ زائد ہے کتاب میں داخل نہیں لیکن اس کے پڑھنے کی عادت جاری ہے کیونکہ یہ حدیث کے موافق ہے۔(الخ ت)
پس وہ حدیث شریف جس کے یہ موافق ہے کون سی ہے اور کس کتاب میں ہے؟ اور اس اسم شریف کا مفصل مطلب کیا ہے؟بیّنوا توجروا ۔
الجواب : یہ نام نامی ”دلائل الخیرات” کی بعض روایت میں داخل ہے او ر اس کا بلفظہ کسی جنس (عہ)
میں آنا معلوم نہیں ۔
عہ : فی الاصل ھکذااظنہ ”حدیث” عبدالمنان اعظمی۔
مطالع المسرات میں اس پر کوئی حدیث نہ لکھی ، مواہب اللدنیہ و سیرت شامی و زرقانی میں اس نام کا ذکر نہیں۔ معنی و اضح ہیں مخرج جائز طور پر کہ نسب و مولد و محل اشتہار و غلبہ یعنی حرمین طییبین کو شامل ہے اور حضور انور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم بہمہ وجوہ کریم ہیں۔ خود کریم ، نسب کریم، مولد کریم، مہاجر کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم۔