الف ،آ کی تعبیریں

حضرت آدم علیہ السلام

(1) اگر کسی نے خواب میں حضرت آدم علیہ السلام کو دیکھا تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ خواب دیکھنے والے سے کوئی گناہ سرزد ہوا ہے اسے توبہ کرنی چاہیے۔(۲) بعض مرتبہ خواب میں حضرت آدم علیہ السلام کو دیکھنا بادشاہت یا علم پر دلالت کرتا ہے۔ (۳) خواب میں خود کو حضرت آدم علیہ السلام کو ذبح کرتے دیکھنا بادشاہ کے ساتھ غدر کرنے کی یا استاد یا والدین کی نافرمانی کی دلیل ہے۔(۴) اگر کسی نے آدم علیہ السلام کو خاص ہیئت میں دیکھا اور خواب دیکھنے والا صالح بھی ہے تو تعبیر یہ ہے کہ ولایت کی دولت سے سرفراز ہوگا ۔ (۵) اگر کسی نے دیکھا کہ گویا وہ حضرت آدم علیہ السلام سے کلام کر رہا ہے تو دلیل ہے کہ وہ علم کے زیور سے آراستہ ہوگا ۔(۶) بعض علماء تعبیر نے کہا ہے بعض دفعہ آدم علیہ السلام کو دیکھنا کسی دشمن کے دام فریب میں آنے کے بعد پھر اس سے نجات پانے کی طرف مشیر ہے۔ (۷) اگر کسی نے خواب میں آدم علیہ السلام کو رنگ اور حالت کے متغیر ہونے کی صورت میں دیکھا تو دلیل ہے کہ خواب دیکھنے والا ایک مکان سے دوسرے مکان کی طرف منتقل ہوگا پھر اخیر میں پہلے والے مکان میں دوبارہ منتقل ہو گا۔ (۸) اگر کوئی شخص خواب میں خود کو آدم علیہ السلام بنتا ہو یا آدم علیہ السلام کی ساتھی بنتا ہوا یا آدم علیہ السلام کا صفت سے متصف ہوتا ہوا دیکھے تو اس کی تعبیر یوں ہے کہ صاحب خواب اگر خلافت کا اہل ہے تو خلافت پائے گا اور اگر عالم ہے تو لوگ اس کے علم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے یا اس کو ایسا علم نصیب ہوگا جس کی لوگوں میں کوئی برابری نہیں کر سکے گا۔ (۹) بعض دفعہ خواب میں حضرت آدم علیہ السلام کا دیدار خوابوں کی تعبیر کرنے والے پر دلالت کرتا ہے اس لئے کہ دنیا میں سب سے پہلے خواب دیکھنے والے اور اس کی تعبیر کرنے والے حضرت آدم علیہ السلام ہی ہیں۔(۱۰) بعض مرتبہ دیدار ادم حج اور احباب کے اجتماع کی دلیل ہے۔(11) بعض مرتبہ آدم علیہ السلام کو خواب میں دیکھنا کثرت نسل پر دلالت کرے گا۔(12) بعض مرتبہ ان کو دیکھنے سے نسیان کی طرف اشارہ ہوتا ہے۔(13) بسا اوقات آدم کو دیکھنے کی تعبیر ہیلو مکر سے کی جاتی ہے یا دلی دشمن سے ایسے شخص کے ساتھ زندگی گزارنے سے جو معالج حیات یا زہر ساز یا جنات و شیاطین کو حاضر کرنے اور ان کی زبان بولنے والا ہو۔14) بسا اوقات ادم علیہ السلام کو خواب میں دیکھنا کھردرے لباس اور رونے پر دلالت کرتا ہے۔15) بعض وقت ان کو دیکھنا کھانے کے سبب تکلیف میں مبتلا ہونے کی دلالت کرتا ہے(16) بعض دفعہ اس کی تعبیر مطلق سفر سے اور
اور کبھی اس جانب سفر سے جہاں حضرت آدم علیہ السلام کا نزول ہوا تھا کی جاتی ہے ۔ (17) اور بعض دفعہ دیدار آدم علیہ السلام کی تعبیر اولادنرینہ کی کثرت سے کی جاتی ہے۔ (18) اگر خواب دیکھنے والا مریض ہو تو آدم کا دیدار اس مرض سے شفاء کی دلیل ہے اور بعض دفعہ خدام سے اور بعض مرتبہ بادشاہ کے مطیع ہونے سے بھی تعبیر کی جاتی ہے ۔ (۱۹) اگر کسی نے خواب میں آدم علیہ السلام کو ناقص الحال دیکھا تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ دیکھنے والے کے حال میں نقص پیدا ہو گا یا اس کی صنعت و پیشہ میں تبدیلی آئے گی اور اگر آدم علیہ السلام کو اچھی حالت میں دیکھے تو اس کی حالت بھی اچھی ہوگی ۔