تقدیر پر ایمان(مشکوۃ)

حدیث نمبر 82

وَعَنْ اِبْنِ مَسْعُوْدٍ قَالَ: حَدَّثَنَا رَسُوْلُ اللهِ صَلّٰى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ الصَّادِقُ الْمَصْدُوْقُ: «إِنَّ خَلْقَ أَحَدِكُمْ يُجْمَعُ فِيْ بَطْنِ أُمِّهٖ أَرْبَعِيْنَ يَوْمًا نُطْفَۃً ثُمَّ يَكُوْنُ عَلَقَةً مِثْلَ ذٰلِكَ ثُمَّ يَكُوْنُ مُضْغَةً مِثْلَ ذٰلِكَ ثُمَّ یَبْعَثَ اللّٰهُ اِلَیْہِ مَلَكاً بِأَرْبَعِ كَلِمَاتٍ فَیَكْتُبُ عَمَلَہٗ وَأَجَلَهٗ وَ رِزْقَهٗ وَشَقِيٌ أَوْ سَعِيْدٌ ثُمَّ یَنْفَخُ فِیْہِ الرُّوْحَ فَوَ الَّذِیْ لَااِلٰہَ غَیْرَہٗ إِنَّ أَحَدَكُمْ لَيَعْمَلُ بِعَمَلِ أَهْلِ الْجَنَّةِ حَتّٰى مَا يَكُونُ بَيْنَهُ وَبَيْنَهَا إِلَّا ذِرَاعٌ فَيَسْبِقُ عَلَيْهِ الْكِتَابُ فَيَعْمَلُ بِعَمَلِ أَهْلِ النَّارِ فَيَدْخُلُهَا وَإِنَّ أَحَدَكُمْ لَيَعْمَلُ بِعَمَلِ أَهْلِ النَّارِ حَتّٰى مَا يَكُونُ بَيْنَهُ وَبَيْنَهَا إِلَّا ذِرَاعٌ فَيَسْبِقُ عَلَيْهِ الْكِتَابُ فَيَعْمَلُ بِعَمَلِ الْجَنَّةِ فَيَدْخُلُهَا» (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ)
ترجمه حديث.
روایت ہےحضرت ابن مسعودسے فرماتےہیں کہ سچے مصدوق نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خبردی ۱؎ کہ تم میں سے ہر ایک کا مادہ پیدائش ماں کے پیٹ میں چالیس دن نطفہ رہتاہے پھراسی قدرخون کی پھٹک پھر اسی قدر لوتھڑا ۲؎ پھر الله تعالٰی ایک فرشتہ چار باتیں بتا کر بھیجتاہے۳؎ تو وہ فرشتہ اس کے کام اس کی موت اس کا رزق اور بدبخت ہےیانیک بخت ہے سب کچھ لکھ لیتا ہے۴؎ پھر اس میں روح پھونکی جاتی ہے تو اس کی قسم جس کے سوا کوئی معبودنہیں کہ تم میں بعض جنتیوں کے کام کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ اس میں اور جنت میں صرف ایک ہاتھ فاصلہ رہ جاتا ہے ۵؎ کہ اچانک نوشتہ تقدیر اس کے سامنے آتا ہے اور دوزخیوں کے کام کرلیتا ہے ۶؎ پھر وہاں ہی پہنچتاہے اورتم میں بعض دوزخیوں کے کام کرتے ہیں یہاں تک کہ اس میں اور دوزخ میں صرف ایک ہاتھ رہ جاتا ہے کہ اس کا نوشتہ سامنے آتا ہے اور جنتیوں کے کام کرتا ہے پھر اس میں داخل ہوجاتا ہے ۷؎ (مسلم،بخاری)
شرح حديث.
۱؎ صادق وہ جس کے سارے اقوال سچے ہوں،مصدوق وہ جس کے سارے اعمال سچے ہوں یا صادق وہ جوہوش سنبھال کر سچ بولے،اور مصدوق وہ جو پہلے ہی سے سچا ہو،یا صادق وہ جو واقع کے مطابق خبردے اور مصدوق وہ کہ جو وہ اپنی زبان مبارک سے کہہ دے واقعہ اُس کے مطابق ہوجائے حضور میں یہ سارے اوصاف جمع ہیں۔
۲؎ یعنی ماں کے رحم میں منی چالیس دن تک اسی حالت میں سفید رنگ کی رہتی ہے،پھر سُرخ رنگ کا خون بن جاتی ہے،پھر چالیس روز کے بعد جم کر گوشت۔صوفیائے کرام فرماتے ہیں:چونکہ آدم علیہ السلام کا خمیر چالیس سال اورموسیٰ علیہ السلام کا قیام طور پر چالیس دن رہا،اس لیئے نطفہ پر ہرچلہ کے بعد انقلاب آتا ہے،پھر بعد پیدائش نفاس کی مدت چالیس دن ہے،کمال عقل چالیس سال میں ہوتا ہے۔یہ حدیث صوفیاء کے چلوں کی دلیل ہے۔اہلِ سنت میّت کا چالیسواں اسی بنا پرکرتے ہیں کہ چالیس میں انقلاب ہے۔
۳؎ یعنی کاتبِ تقدیر فرشتہ جو رحموں پرمعین ہے ایک ہی فرشتہ جو سارے عالم کی حاملہ عورتوں کا نگران ہے۔معلوم ہوا کہ وہ حاضرو ناظرہے۔
۴؎ کہ یہ کیا کرے گا،کب اور کہاں مرے گا،کیا کیا کھائے گا اور کیا پیئے گا،اس کا خاتمہ کفر پر ہوگا،یا ایمان پر۔ خیال رہے کہ یہ چیزیں وہ علوم خمسہ ہیں جس کے بارے میں فرمایا گیا”وَعِنۡدَہٗ مَفَاتِحُ الْغَیۡبِ“یہ فرشتہ بتعلیم الٰہی سارے انسانوں کی یہ ساری چیزیں جانتا ہے۔مرقاۃ میں ہے کہ یہ باتیں ایک تختی میں لکھ کر بچے کے گلے میں ڈال دیتا ہے رب تعالٰی فرماتا ہے:”وَكُلَّ إِنْسَانٍ أَلْزَمْنَاهُ طَائِرَهُ فِي عُنُقِهِ“غور کرو جب اُس فرشتے کا اس قدر علم ہے تو ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم جواعلم الخلق ہیں ان کا علم تو ہمارے خیالات سے ورا ہے اور یہ تختی پر لکھنا اور گلے میں ڈالنا اسی لیئے ہے کہ حقیقت میں نگاہیں اسے پڑھ سکیں۔خیال رہے کہ تحریر لوح محفوظ میں بھی ہوتی ہے اور شب قدر میں فرشتوں کے صحائف میں بھی ہے اور بچے کی پیشانی یا گلے کی تختی یا ہاتھ میں بھی ہے مگر یہ تحریر مختلف ہیں۔
۵؎ یعنی صرف موت کا کہ مرے اور وہاں پہنچ جائے ایک ہاتھ تشبیہ کے لیئے فرمایا۔
۶؎ یعنی کافر بن جاتا ہے اس میں اشارۃً فرمایا گیا کہ رب بدعملی کے بغیر کسی کو دوزخ میں نہیں بھیجتا لہذا ظاہر یہ ہے کہ کفّار کے بچے جہنمی نہیں۔وﷲ اعلم!۷؎ یعنی ایمان لاکر متقی بن کے مرتا ہے لہذا کوئی بدکار رب تعالٰی سے مایوس نہ ہو اور کوئی نیک کار اپنے تقویٰ پرفخر نہ کرے، الله تعالٰی حسن خاتمہ نصیب کرے۔خیال رہے کہ جنت کسبًا،عطاءً اور وہبًا ملے گی یہاں کسبی جنت کا ذکر ہے ورنہ مسلمان کے بچے جنتی ہیں،رب فرماتاہے:”اَلْحَقْنَا بِہِمْ ذُرِّیَّتَہُمْ“۔
مأخذ.
کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:82