علم کا بیان, مرآۃ المناجیح شرح مشکوۃ المصابیح

حدیث نمبر 253

وَعَنْ وَاثِلَةَ بْنِ الأَسْقَعِ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ -صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ -: “مَنْ طَلَبَ الْعِلْمَ فَأَدْركَهُ كَانَ لَهُ كِفْلَانِ مِنَ الأَجْرِ، فَإِنْ لَمْ يُدْرِكْهُ كَانَ لَهُ كِفْلٌ مِنَ الأَجْرِ”. رَوَاهُ الدِّارِمِيُّ.
ترجمه حديث.
روایت ہے حضرت واثلہ ابن اسقع سے ۱؎ فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے کہ جو علم طلب کرے پھر پا بھی لے تو اسے ثواب کا دوہرا حصہ ہے ۲؎ لیکن اگر نہ پاسکے تو اسے ثواب کا اکیہرا حصہ ہے۳؎ (دارمی)
شرح حديث.
۱؎ آپ قبیلہ بنی لیث سے ہیں،غزوۂ تبوک کے موقعہ پر اسلام لائے،تین سال حضور کی خدمت کی،اہل صفہ سے تھے،حضور کے بعد اولًا بصرے میں پھر شام کی بستی بلاط میں رہے جو دمشق سے تین کوس دور ہے۔سو سال کی عمر میں بیت المقدس میں وفات پائی،وہیں دفن ہوئے۔رضی اللہ عنہ۔
۲؎ ایک علم طلب کرنے کا،دوسرا پالینے کا کیونکہ یہ دونوں عبادتیں ہیں۔
۳؎ یا تو زمانۂ طالب علمی میں مرجائے تکمیل کا موقعہ نہ ملے یا اس کا ذہن کام نہ کرے مگر وہ لگا رہے تب بھی ثواب پائے گا۔جیسے مجتہداگر صحیح اجتہاد کرے تو دوہرا ثواب اور اگر غلطی کرے تو ایک اجر ۔
مأخذ و مراجع.
کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:253