علم کا بیان, مرآۃ المناجیح شرح مشکوۃ المصابیح

حدیث نمبر 228

وَعَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ -صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ -: “نَضَّرَ اللَّهُ عَبْدًا سَمِعَ مَقَالَتِي فَحَفِظَهَا وَوَعَاهَا وَأَدَّاهَا، فَرُبَّ حَامِلِ فِقْهٍ غَيْرِ فَقِيهٍ، وَرُبَّ حَامِلِ فِقْهٍ إِلَى مَنْ هُوَ أَفْقَهُ مِنْهُ. ثَلَاثٌ لَا يَغِلُّ عَلَيهِنَّ قَلْبُ مُسْلِمٍ: إِخْلَاصُ الْعَمَلِ لِلَّهِ، وَالنَّصِيحَةُ لِلْمُسْلِمِينَ، وَلُزُومُ جَمَاعَتِهِمْ، فَإِنَّ دَعْوتَهُمْ تُحِيطُ مَنْ وَرَاءَهُمْ”. رَوَاهُ الشَّافِعِيُّ وَالْبَيْهَقِيُّ فِي “الْمدْخَلِ”
ترجمه حديث.
روایت ہے حضرت ابن مسعود سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے کہ الله اس بندے کو ہرا بھرا رکھے جو میرا کلام سنے اسے یاد رکھے خیال رکھے اور پہنچادے ۱؎ کیونکہ بہت سے فقہ اٹھانے والے خود غیر فقیہ ہیں اور بہت لوگ اپنے سے بڑے فقیہ تک فقہ اٹھاتے ہیں ۲؎ مسلمانوں کا دل تین چیزوں پر خیانت نہیں کرتا ۳؎الله کے لیے عمل خالص کرنا۴؎ مسلمانوں کی خیرخواہی اور ان کی جماعت کو لازم پکڑنا ۵؎ کیونکہ ان کی دعا ماسوا کو شامل ہے ۶؎ اسے شافعی اور بیہقی نےمدخل میں روایت کیا
شرح حديث.
۱؎ یہ حدیث تاقیامت محدثین کو شامل ہے،یعنیﷲ تعالٰی حافظ اورمبلغ حدیث کو دنیا میں پھلا پھولا رکھے اور آخرت میں اس کا چہرہ ترو تازہ رکھے اور اس زمرے میں داخل کرے”وُجُوۡہٌ یَّوْمَئِذٍ نَّاضِرَۃٌ اِلٰی رَبِّہَا نَاظِرَۃٌ “حضور کی یہ دعا قبول ہے خدام حدیث بِفَضْلِہٖ تَعَالٰی دین و دنیا میں شادوآباد ہیں جیساکہ تجربہ بتارہا ہے۔حدیث کا ذکرکرنا حفظ ہے اور یاد رکھنا بھول نہ جانا دعاء،بعض محدثین قرآن کی طرح حدیث بھی یادکرتے ہیں۔
۲؎ اس حدیث میں صراحتًا فرمایا گیا کہ محدث براہ راست حدیث پرعمل نہ کرے ورنہ دھوکاکھائے گا بلکہ مجتہد فقیہ پر پیش کرے اس کی تقلیدکرکے اس کے بتائے ہوئے مطالب پرعمل کرے۔فقیہ روحانی طبیب ہے اور محدث روحانی عطار(پنساری)۔عطّار اپنی دکان کی دوائیں حکیم سے پوچھ کر ہی استعمال کرتا ہے اسی لیئے قریبًا سارے محدثین مقلد ہیں۔اسی حدیث پر عامل ہیں اسی سے ان لوگوں کو عبرت پکڑنی چاہیئے جو چندہ ریشوں کے تراجم پڑھ کرتقلید سے منہ پھیرلیتے ہیں۔قرآن وحدیث کے سمندرمیں خودچھلانگ نہ لگاؤکسی امام کے جہاز میں بیٹھ کر پارکرو۔فقہ سے مراد وہ حدیث ہے جس سے شرعی احکام مستنبط ہوسکیں۔سرکار کا مقصد شریف یہ ہے کہ بہت دفعہ ایسا ہوگا کہ میری حدیث یاد کرنے والے مسائل استنباط نہ کرسکیں گے اورجنہیں حدیث پہنچے گی ان میں استنباط کی قدرت نہ ہوگی،لہذا محدث حدیث کو قید نہ کریں بلکہ فقہاء تک پہنچائیں۔خیال رہے کہ حدیث کا مبداء حضور کی ذات اقدس ہے اور منتہی فقیہ پر پہنچ کر ہی ختم ہوتا ہے۔
۳؎ اس جملہ کی دوتفسیریں ہیں۔ایک یہ کہعَلےٰبمعنی(ب)ہے، یعنی جس دل میں ان تین عملوں میں سے کوئی عمل آجائے تو اس دل میں خیانت،کینہ،حسد نہیں رہتا۔دوسرے یہ کہ عَلےٰاپنے ہی معنے میں ہے یعنی مسلمان کی پہچان یہ ہے کہ ان تین کاموں میں کوتاہی نہیں کرتا۔پہلےمعنی زیادہ قوی ہیں یہ تین چیزیں دلی بیماریوں کی دوائیں ہیں۔
۴؎ کہ نیک اعمال نہ دنیا حاصل کرنے کے لئے کرے نہ جنت پانے اور دوزخ سے بچنے کے لیئے،محض رب کی رضا کے لیئے کرے،جب رب راضی ہوجائے سب کچھ حاصل ہے۔
۵؎ اس طرح کہ بقدر طاقت مسلمانوں کی مددکرے جو اپنے لیئے پسند نہ کرے ان کے لئے بھی پسند نہ کرے۔عقائد اور نیک اعمال میں ان کے ساتھ رہے،خلوت پر جلوت کو ترجیح دے،اسی لیئے اسلام نے جمعہ و عیدین وغیرہ میں جماعت فرض کی۔
۶؎ یعنی جماعت مسلمین کی دعا لوگوں کو گمراہی،شیطان کے فریب سے محفوظ رکھتی ہے،جماعت سے الگ رہنے والا ان کے دعا سےمحروم ہے۔معلوم ہوا کہ مسلمانوں کی دعا حفاظتی قلعہ ہے۔
مأخذ و مراجع.
کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:228