قرآن و سنت کی اہمیت ( مشکوۃ)

حدیث نمبر 191

وَعَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: ” ضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا صِرَاطًا مُسْتَقِيمًا وَعَنْ جَنَبَتَيِ الصِّرَاطِ سُورَانِ فِيْهِا أَبْوَابٌ مُفَتَّحَةٌ وَعَلَى الْأَبْوَابِ سُتُورٌ مُرَخَاةٌ وَعِنْدَ رَأْسِ الصِّرَاطِ دَاعٍ يَقُولُ: اِسْتَقِيْمُوا عَلَى الصِّرَاطِ وَلَا تَعْوَجُّوْا وَفَوْقَ ذٰلِكَ دَاعٍ يَدْعُو كُلَّمَا هَمَّ عَبْدٌ أَنْ يَفْتَحَ شَيْئًا مِنْ تِلْكَ الْأَبْوَابِ قَالَ: وَيْحَكَ لَا تَفْتَحْهُ فَإِنَّكَ إِنْ تَفْتَحْهُ تَلِجْهُ “. ثُمَّ فَسَّرَهُ فَأَخْبَرَ: ” أَنَّ الصِّرَاطَ هُوَ الْإِسْلَامُ وَأَنَّ الْأَبْوَابَ الْمُفَتَّحَةَ مَحَارِمُ اللهِ وَأَنَّ السُّتُورَ الْمُرَخَاةَ حُدُودُ الله وَأَنَّ الدَّاعِيَ عَلٰى رَأْسِ الصِّرَاطِ هُوَ الْقُرْآنُ وَأَنَّ الدَّاعِيَ مِنْ فَوْقِهٖ ھُوَ وَاعِظُ اللهِ فِي قَلْبِ كُلِّ مُؤْمِنٍ)رَوَاهُ رَزِيْنٌ
ترجمه حديث.
روایت ہے حضرت ابن مسعود سے فرمایا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ اللہ نے سیدھے راستہ کی مثال قائم فرمائی ۱؎ اور اس راستہ کے دوطرفہ دو دیواریں ہیں جن میں کھلے ہوئے دروازے ہیں دروازوں پر پردے لٹکے ہیں راستہ کے کنارے پر پکارنے والا کہہ رہا ہے کہ راستہ پر سیدھے چلے جاؤ ٹیڑھے نہ ہونا اس کے اوپر ایک منادی بھی ہے جو پکارتا ہے جب کوئی بندہ ان میں سے کوئی دروازہ کھولنا چاہتا ہے تو داعی کہتا ہے ہائے افسوس اسے نہ کھول اگر کھولے گا تو اس میں گھس جائے گا۲؎ پھر اس کی تفسیر یوں فرمائی کہ راستہ تو اسلام ہے ۳؎ اور کھلے ہوئے دروازےاللہ کے محرمات ہیں
۴؎ اور لٹکے ہوئے پردےاللہ کی حدیں ہیں ۵؎ اور راستے کے کنارے پر پکارنے والا قرآن ہے اور اس کے اوپر بلانے والااللہ کا واعظ ہے جو ہر مؤمن کے دل میں ہوتا ہے ۶؎ اسے رزین نے روایت کیا۔
شرح حديث.
۱؎ یہ حدیث قدسی ہے،کیونکہ یہ مضمون قرآن شریف میں نہیں آیا،حضور پر وحی ہوا جسے حضور نے رب تعالٰی کی نسبت سے اپنے الفاظ میں بیان فرمایا اسی کو حدیث قدسی کہتے ہیں۔سیدھے راستہ سے مراد نبوت کا راستہ ہے رب تک پہچانے والا۔اب وہ قرآنی راستہ ہے کہ کوئی شخص اب دین موسوی یا عیسوی میں رہ کر رب تک نہیں پہنچ سکتا پرانی جنتری گمراہ کرتی ہے۔
۲؎سبحان اللّٰه!کیا پیاری تمثیل ہے۔جس کا خلاصہ یہ ہے کہ دنیا میں سچ اور جھوٹ،نقل و اصل ملے ہوئے ہیں مگر ان میں امتیاز کرنے کے لیئے رب نے بڑے انتظامات فرمادیئے ہیں۔ڈیری فارم کا دودھ اور خالص دودھ دونوں سفید ہیں،ولایتی اور دیسی سونا دونوں پیلے ہیں،اصلی اورنقلی گھی دونوں یکساں ہیں مگر قدرت نے ان میں فرق کرنے کے لیئے کسوٹی اور دوسرے آلے پیدا فرمادیئے ہیں۔ایسے ہی یہاں نقلی نبی بھی ہیں،نقلی دین بھی،نقلی کتابیں بھی،نقلی مولوی،بلکہ نقلی خدا بھی کیونکہ دنیا امتحان گاہ ہے ان میں فرق کے لیئے رب نے وہ انتظامات فرمائے جو آگے آرہے ہیں۔
۳؎ کہ اس کے بغیر خدا رسی ناممکن ہے رب فرماتا ہے:”وَمَنۡ یَّبْتَغِ غَیۡرَ الۡاِسْلٰمِ دِیۡنًا فَلَنۡ یُّقْبَلَ مِنْہ”۔
۴؎جنہیں رب نے جرم قرار دیا جیسے ارتداد،چوری،زنا وغیرہ لہذا یہ کلمہ بدعقیدگی بدعملی سب کو شامل ہے۔
۵؎جس سے آگے بڑھنا جرم ہے ا س سے مراد رب تعالٰی کے احکام اور ممانعتیں ہیں بلکہ بعض جرموں پر سزائیں ہیں جیسے ارتداد پر قتل،زنا پر رجم،چوری پر ہاتھ کاٹنا۔۶؎یعنی رب نے داخلی اور خارجی دو واعظ عطا فرمائے ہیں،خارجی واعظ قرآن ہے اور داخلی واعظ وہ فرشتہ جو مؤمن کے دل میں اچھے خیال اور برائیوں سے نفرت پیدا کرتا رہتا ہے۔
مأخذ و مراجع.
کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:191