تقدیر پر ایمان(مشکوۃ)

حدیث نمبر 105

وَعَنْ عَبَّاسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلّٰى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : صِنْفَانِ مِنْ أُمَّتِي لَيْسَ لَهُمَا فِي الْإِسْلَامِ نَصِيبٌ: الْمُرْجِئَةُ وَ الْقَدَرِيَّةُ . رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ وَقَالَ هٰذَا حَدِيثٌ غَرِيبٌ
ترجمه حديث.
روایت ہے حضرت عباس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے میری امت کے دو گروہ ہیں ۱؎ جن کا اسلام میں کوئی حصہ نہیں مرجیہ اور قدریہ ۲؎ اسے ترمذی نے روایت کیا اور فرمایا یہ حدیث غریب ہے۔
شرح حديث.
۱؎ اُمت سے مراد یا تو اُمت دعوت ہے جس میں کافر بھی شامل ہیں یا امت اجابت یعنی کلمہ گو،جنہیں قومی حیثیت سے مسلمان کہا جاتا ہے دیکھو مسلمانوں کے۷۲ناری فرقے قومی مسلمان ہیں،اور ایک فرقہ ناجیہ قومًا بھی مسلمان اور مذہبًابھی،لہذا حدیث پر یہ اعتراض نہیں کہ ان کافرگروہوں کوحضور علیہ الصلوۃ والسلام نے اُمت کیوں فرمایا۔
۲؎ مرجیہ کہتے ہیں کہ جیسے کافرکو کوئی نیکی مفید نہیں ایسے ہی مسلمان کو کوئی گناہ مضرنہیں جو چاہے کرے،اس زمانہ کے دِتہ شاہی فقیر اور بعض روافض ان کی یادگار ہیں جن کا عقیدہ ہے کہ دتّہ شاہ کو مان لیا،یا محرم میں رو پیٹ لیے،پھر جو چاہوکرو،قدریہ کہتے ہیں کہ تقدیرکوئی چیز نہیں ہم اپنے اعمال کے خالق اور مختار ہیں۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ دونوں فرقے بالکل کافر ہیں مگر علماء فرماتے ہیں کہ ان کاکفر لزومی ہے،نہ کہ استلزامی،لہذا انکی تکفیر میں احتیاط چاہیےکیونکہ ثبوت کفر کے لیے دلیل قطعی چاہیے،یہ حدیث قطعی نہیں۔
مأخذ.
کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:105