علم و تعلیم, فتاوی رضویہ

جو چیز بدھ کے دن شروع کی جاتی ہے

مسئلہ ۵: از صاحب گنج مسئولہ چراغ علی صاحب ۲۵ ربیع الاول شریف ۱۳۳۱ھ
کسی حدیث یا اقوال مشائخ وغیرہ سے ثابت ہے کہ چہار شنبہ کو عصر کے وقت عربی کتاب جو شروع کرتے ہیں یا نہیں؟ اکثر لوگ چہار شنبہ عصر کے بعد نماز عربی کی کتاب اور جمعہ کے دن کو کسی وقت فارسی کی کتاب شروع کرنے کی عادت رکھتے ہیں یہ کیسا ہے؟

الجواب : حدیث میں نبی کریم فرماتے ہیں: مامن شیئ بدا یوم الاربعاء الاتم ۱؂۔ جو چیز بدھ کے دن شروع کی جاتی ہے وہ اتمام کو پہنچتی ہے۔

(۱؂کشف الخفاء تحت حدیث ۲۱۸۹ دارالکتب العلمیہ بیروت ۲/ ۱۶۳)

مگر بعدنماز عصر کی تخصیص ثابت نہیں بلکہ ظہر و عصر کے درمیان مناسب ہے کہ بدھ کے دن یہ وقت ساعتِ اجابت ہے کما فی حدیث احمد عن جابر بن عبداللہ رضی للہ عنہما (جیسا کہ جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے مروی حدیث احمد میں ہے۔ ت) ابتدائے فارسی کے لیے جمعہ کی تخصیص بے اصل ہے اور نہ اس بارے میں کچھ وارد ، بلکہ صدرِ اوّل میں تو فارسی سے مخالفت تھی کہ وہ اس وقت کفار کی زبان تھی۔

امیر المومنین فارق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ایاکم ورطانۃ الاعاجم فانہ یورث النفاق۲؂ عجمیوں کی زبان سے بچو کہ یہ نفاق پیدا کرتی ہے۔ ت)

( ۲؎السنن الکبرٰی کتاب الجزیۃ باب کراہیۃ الدخول علی اہل الذمۃ الخ دارصادر ہروت ۹/ ۲۳۴)