الف ،آ کی تعبیریں

اسلام

اسلام
اسلام کی تعبیر استقامت فی الدین سے کی جاتی ہے (۱) اگر مشرک اپنے آپ کو خواب میں مسلمان ہوتے ہوئے دیکھے اور قبلہ رو ہوکر نماز پڑھتا ہوا یا اللہ کا شکر ادا کرتا ہوا دیکھے تو یہ اس کے مسلمان ہونے اور ہدایت یافتہ ہونے کی دلیل ہے۔(۲) کوئی مسلمان خواب میں خود کو دوبارہ مسلمان ہوتے ہوئے دیکھے تو تعبیر ہے کہ تمام آفات سے محفوظ ہوگا۔(۳)اگر صاحب خواب کسی کافر ملک میں ہو اور خواب میں اپنے آپ کو دارالاسلام میں منتقل ہوتا ہوا دیکھے تو دلیل ہے کہ عنقریب اس کا انتقال ہوگا۔(۴) اگر کوئی مشرک خود کو جنت میں دیکھے یا سونے کے کنگن پہنتا ہوا پائے یا دوسرا شخص اس کو اس حالت میں دیکھے تو یہ اس کے مسلمان ہونے کی علامت ہے۔(۵) کوئی مشرک خود کو مرنےبعد دوبارہ زندہ ہوتے ہوئے دیکھے تو یہ بھی اس کے اسلام لانے کی طرف اشارہ ہے۔(۶) کسی کافر کا اپنے سینے کو کشادہ ہوتے ہوئے دیکھنا یا دریا کےاندرکشتی میں دیکھنا اس کے اسلام لانے کی دلیل ہے۔(۷) کسی مسلمان ملک میں رہنے والا کافر خواب میں خود کو کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے دیکھے تو یہ مصیبت سے نجات کی علامت ہے یا گمراہی کے بعد ہدایت کی نشانی ہے اگر بااختیار ہے۔اور اگر محبوس ہے یا مجبور ہے تو مشکل میں پڑنے کی دلیل ہے۔(۸) اگر کوئی مرتد شخص خواب میں شہادتین کا اقرار کرے تو تعبیر ہے کہ یہ اپنے والدین کو چھوڑنے کے بعد دوبارہ ان کی طرف لوٹ جائے گا یا جس مکان سے نکلا ہے دوبارہ اس میں داخل ہوگا۔(۹) اگر مسلمان شخص خواب میں کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے خود کو دیکھے تو صحیح اور درست گواہی دینے کی علامت ہے یا صدق وصفا میں شہرت کی دلیل ہے۔